پیدائش
5 یہ آدم کی تاریخ* ہے۔ جس دن خدا نے آدم کو بنایا، اُس نے اُنہیں اپنی شبیہ پر بنایا۔ 2 اُس نے اِنسانوں کو مرد اور عورت بنایا۔ جس دن اُس نے اُنہیں بنایا، اُس نے اُنہیں برکت دی اور اُنہیں اِنسان* کہا۔
3 جب آدم 130 سال کے تھے تو اُن کا ایک بیٹا پیدا ہوا جو اُن کی شبیہ پر تھا اور اُن کی طرح تھا۔ اور اُنہوں نے اُس کا نام سیت رکھا۔ 4 سیت کی پیدائش کے بعد آدم 800 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 5 آدم کُل 930 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
6 جب سیت 105سال کے تھے تو اُن کے بیٹے انوس پیدا ہوئے۔ 7 انوس کی پیدائش کے بعد سیت 807 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 8 سیت کُل 912 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
9 جب انوس 90 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے قینان پیدا ہوئے۔ 10 قینان کی پیدائش کے بعد انوس 815 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 11 انوس کُل 905 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
12 جب قینان 70 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے مہللایل پیدا ہوئے۔ 13 مہللایل کی پیدائش کے بعد قینان 840 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 14 قینان کُل 910 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
15 جب مہللایل 65 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے یارِد پیدا ہوئے۔ 16 یارِد کی پیدائش کے بعد مہللایل 830 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 17 مہللایل کُل 895 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
18 جب یارِد 162 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے حنوک پیدا ہوئے۔ 19 حنوک کی پیدائش کے بعد یارِد 800 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 20 یارِد کُل 962 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
21 جب حنوک 65 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے متوسلح پیدا ہوئے۔ 22 متوسلح کی پیدائش کے بعد حنوک 300 سال تک سچے خدا* کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 23 حنوک کُل 365 سال زندہ رہے۔ 24 حنوک سچے خدا کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ پھر وہ نہیں رہے کیونکہ خدا نے اُنہیں لے لیا۔
25 جب متوسلح 187 سال کے تھے تو اُن کے بیٹے لمک پیدا ہوئے۔ 26 لمک کی پیدائش کے بعد متوسلح 782 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 27 متوسلح کُل 969 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
28 جب لمک 182 سال کے تھے تو اُن کا ایک بیٹا پیدا ہوا۔ 29 اُنہوں نے یہ کہہ کر اُس کا نام نوح* رکھا: ”یہ لڑکا ہمیں اُس سخت محنت اور کڑی مشقت سے آرام* دِلائے گا جو ہمیں اِس زمین پر کرنی پڑ رہی ہے جس پر یہوواہ نے لعنت کی ہوئی ہے۔“ 30 نوح کی پیدائش کے بعد لمک 595 سال اَور زندہ رہے اور اُن کے اَور بھی بیٹے بیٹیاں ہوئے۔ 31 لمک کُل 777 سال زندہ رہے اور پھر فوت ہو گئے۔
32 جب نوح 500 سال کے ہوئے تو اُس کے بعد اُن کے بیٹے سِم، حام اور یافت پیدا ہوئے۔