زبور
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔
41 وہ شخص خوش رہتا ہے جو ادنیٰ لوگوں کا خیال رکھتا ہے؛
یہوواہ مصیبت کے دن اُسے بچائے گا۔
2 یہوواہ اُس کی حفاظت کرے گا اور اُسے زندہ رکھے گا۔
اُسے زمین پر خوشباش اِنسان مانا جائے گا؛
تُو کبھی اُسے اُس کے دُشمنوں کی مرضی* پر نہیں چھوڑے گا۔
3 جب وہ اپنے بستر پر بیمار پڑا ہوگا تو یہوواہ اُسے سنبھالے گا؛
تُو اُس کی بیماری کے دوران اُس کا خیال رکھے گا*
4 کیونکہ مَیں نے کہا تھا: ”اَے یہوواہ! مجھ پر مہربانی کر۔
مجھے* شفا دے کیونکہ مَیں نے تیرے خلاف گُناہ کِیا ہے۔“
5 لیکن میرے دُشمن میرے بارے میں بُری باتیں کرتے ہیں اور کہتے ہیں:
”یہ کب مرے گا؟ اِس کا نام کب مٹے گا؟“
6 جب اُن میں سے کوئی مجھ سے ملنے آتا ہے تو اُس کا دل جھوٹ بولتا ہے۔
وہ میرے خلاف کوئی نہ کوئی نقصاندہ بات ڈھونڈ لیتا ہے
اور پھر باہر جا کر اُس بات کو پھیلاتا ہے۔
7 مجھ سے نفرت کرنے والے سب لوگ آپس میں کُھسرپُھسر کرتے ہیں؛
وہ میرے خلاف سازش گھڑتے ہیں اور کہتے ہیں:
8 ”اِس پر ایک خطرناک آفت ٹوٹ پڑی ہے؛
اب یہ گِر گیا ہے اور دوبارہ نہیں اُٹھے گا۔“
9 یہاں تک کہ میرا قریبی دوست بھی میرے خلاف ہو گیا ہے*
جس پر مَیں بھروسا کرتا تھا اور جو میری روٹی کھا رہا تھا۔
10 لیکن تُو اَے یہوواہ! مجھ پر مہربانی کر اور مجھے اُٹھا
تاکہ مَیں اُنہیں اُن کے کیے کا بدلہ دے سکوں۔
11 جب میرے دُشمن مجھے ہرا کر جیت کے نعرے نہیں مار پائیں گے
تب مَیں جان جاؤں گا کہ تُو مجھ سے خوش ہے۔
12 تُو میری وفاداری کی وجہ سے مجھے سرفراز کرے گا؛
تُو مجھے ہمیشہ اپنی حضوری میں رکھے گا۔
آمین ثم آمین۔