زبور
داؤد کی دُعا۔
17 اَے یہوواہ! میری دُہائی سُن اور اِنصاف کر؛
مدد کے لیے میری فریاد پر توجہ فرما؛
میری دُعا سُن جو مَیں سچے دل سے کر رہا ہوں۔
2 میرے حق میں صحیح فیصلہ کر؛
تیری آنکھیں دیکھیں کہ مَیں صحیح ہوں۔
3 تُو نے میرے دل کو پرکھا ہے؛ تُو نے رات کو مجھے جانچا ہے؛
تُو نے مجھے پاک کِیا ہے؛
تُو دیکھے گا کہ مَیں نے کوئی سازش نہیں گھڑی
اور میرے مُنہ سے کوئی غلط بات نہیں نکلی۔
4 دوسرے چاہے جو بھی کریں؛
مَیں تیرے کلام کے مطابق لُٹیروں کی راہ سے دُور رہتا ہوں۔
5 میری مدد کر کہ مَیں تیری راہوں پر چلتا رہوں
تاکہ میرے قدم نہ لڑکھڑائیں۔
6 اَے خدا! مَیں تجھے پکارتا ہوں کیونکہ تُو میری ضرور سنے گا؛
میری اِلتجا پر توجہ فرما؛* میری عرض سُن۔
7 تُو اُن سب کا نجاتدہندہ ہے
جو تیرے خلاف بغاوت کرنے والوں سے بچنے کے لیے تیرے دائیں ہاتھ کے نیچے پناہ لیتے ہیں۔
لاجواب طریقے سے اپنی اٹوٹ محبت ظاہر کر۔
8 اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح میری حفاظت کر؛
مجھے اپنے پَروں کے سائے میں چھپا لے۔
9 مجھے اُن بُرے لوگوں سے بچا جو مجھ پر حملہ کرتے ہیں؛
میرے اُن جانی دُشمنوں سے میری حفاظت کر جو مجھے گھیر لیتے ہیں۔
10 وہ بےحس ہو گئے ہیں؛*
وہ اپنے مُنہ سے بڑے بڑے بول بولتے ہیں۔
11 اُنہوں نے ہمیں گھیر لیا ہے؛
وہ ہمیں زمین پر پٹخنے کا موقع ڈھونڈ رہے ہیں۔
12 اُن میں سے ہر ایک اُس شیر کی طرح ہے جو اپنے شکار کو پھاڑ کھانے کے لیے بےتاب ہو؛
اُس جوان شیر کی طرح جو گھات میں بیٹھا ہو۔
13 اَے یہوواہ! اُٹھ! اُن کا مقابلہ کر اور اُنہیں ہرا دے؛
مجھے* اپنی تلوار کے ذریعے بُرے لوگوں سے بچا۔
14 اَے یہوواہ! مجھے اپنے ہاتھ سے اِس دُنیا* کے لوگوں سے بچا؛
اُن لوگوں سے جو صرف آج کے لیے جیتے ہیں،*
جنہیں تُو عمدہ عمدہ چیزیں کثرت سے دیتا ہے
اور جو اپنے بہت سے بیٹوں کے لیے وراثت چھوڑ جاتے ہیں۔