یسعیاہ
20 جس سال میں اسور کے بادشاہ سرجون نے ترتان* کو اشدود بھیجا، وہ اشدود کے خلاف لڑا اور اُس پر قبضہ کر لیا۔ 2 اُس وقت یہوواہ نے آموص کے بیٹے یسعیاہ کے ذریعے یہ فرمایا: ”جاؤ، اپنی کمر سے ٹاٹ اور اپنے پاؤں سے جُوتے اُتارو۔“ یسعیاہ نے ایسا ہی کِیا اور ننگے* اور بغیر جُوتوں کے گھومتے رہے۔
3 پھر یہوواہ نے کہا: ”جیسے میرا بندہ یسعیاہ تین سال تک ننگا اور بغیر جُوتوں کے گھومتا رہا تاکہ مصر اور اِیتھیوپیا کے لیے ایک نشانی اور آگاہی ہو 4 ویسے ہی اسور کا بادشاہ مصر اور اِیتھیوپیا کے لوگوں کو، ہاں، لڑکوں اور بوڑھے آدمیوں کو قیدی بنا کر لے جائے گا۔ وہ ننگے اور بغیر جُوتوں کے ہوں گے اور اُن کے کُولھوں پر کپڑے نہیں ہوں گے، ہاں، مصر کو ننگا* کِیا جائے گا۔ 5 اِیتھیوپیا سے اُمید لگانے والے اور مصر پر فخر کرنے والے* خوفزدہ اور شرمندہ ہوں گے۔ 6 اُس دن اِس ساحلی علاقے پر رہنے والے کہیں گے: ”دیکھو! ہماری اُمید کے ساتھ کیا ہوا جس کے پاس ہم مدد اور اسور کے بادشاہ سے بچنے کے لیے بھاگتے تھے! اب ہم کیسے بچیں گے؟““