تواریخ کی پہلی کتاب
28 اِس کے بعد داؤد نے اِسرائیل کے سب حاکموں کو یروشلم میں اِکٹھا کِیا۔ اُنہوں نے قبیلوں کے حاکموں، بادشاہ کی خدمت کرنے والے گروہوں کے سربراہوں، سو سو اور ہزار ہزار کے دستوں کے سربراہوں، بادشاہ اور اُس کے بیٹوں کے سارے مالودولت اور مویشیوں کی نگرانی کرنے والوں، درباریوں اور سب طاقتور اور لائق آدمیوں کو اِکٹھا کِیا۔ 2 پھر بادشاہ داؤد کھڑے ہوئے اور کہا:
”میرے بھائیو اور میرے لوگو! میری بات سنیں۔ میری دلی خواہش تھی کہ مَیں ایک گھر بناؤں جہاں یہوواہ کے عہد کا صندوق رکھا جا سکے اور جو ہمارے خدا کے پاؤں کی چوکی ہو۔ مَیں نے اُس گھر کو بنانے کے لیے تیاریاں کیں۔ 3 لیکن سچے خدا نے مجھ سے کہا: ”تُم میرے نام کی بڑائی کے لیے گھر نہیں بناؤ گے کیونکہ تُم نے بہت سی جنگیں لڑی ہیں اور خون بہایا ہے۔“ 4 لیکن اِسرائیل کے خدا یہوواہ نے مجھے میرے والد کے سارے گھرانے میں سے چُنا تاکہ مَیں ہمیشہ اِسرائیل کا بادشاہ ہوں کیونکہ اُس نے یہوداہ کو رہنما کے طور پر چُنا اور یہوداہ کے گھرانے میں سے میرے والد کے گھرانے کو چُنا اور میرے والد کے بیٹوں میں سے مجھے پسند فرمایا تاکہ مجھے سارے اِسرائیل کا بادشاہ بنائے۔ 5 یہوواہ نے مجھے بہت سے بیٹے دیے اور میرے سب بیٹوں میں سے میرے بیٹے سلیمان کو چُنا تاکہ وہ یہوواہ کی بادشاہت کے تخت پر بیٹھ کر اِسرائیل پر حکمرانی کرے۔
6 اُس نے مجھ سے کہا: ”تمہارا بیٹا سلیمان میرا گھر اور میرے صحن بنائے گا کیونکہ مَیں نے اُسے اپنے بیٹے کے طور پر چُنا ہے اور مَیں اُس کا باپ بنوں گا۔ 7 اگر وہ ویسے ہی میرے حکموں اور فیصلوں کو ماننے پر ڈٹا رہے گا جیسے وہ ابھی کر رہا ہے تو مَیں اُس کی بادشاہت کو ہمیشہ کے لیے مضبوطی سے قائم کروں گا۔“ 8 اِس لیے مَیں سارے اِسرائیل یعنی یہوواہ کی جماعت کے سامنے اور ہمارے خدا کے حضور کہتا ہوں: اپنے خدا یہوواہ کے سارے حکموں کو اچھی طرح سمجھنے کی کوشش کریں اور اُنہیں مانیں تاکہ آپ اِس اچھے ملک کے مالک بن سکیں اور اِسے اپنے بعد اپنے بیٹوں کو ہمیشہ کے لیے وراثت کے طور پر دے سکیں۔
9 اور آپ میرے بیٹے سلیمان! اپنے باپ کے خدا کو جانو اور پورے* دل اور خوشی بھرے جذبے* سے اُس کی خدمت کرو کیونکہ یہوواہ سب دلوں کو پرکھتا ہے اور ہر خیال اور اِرادے کو بھانپ لیتا ہے۔ اگر آپ اُسے ڈھونڈو گے تو وہ آپ کو مل جائے گا لیکن اگر آپ اُسے چھوڑ دو گے تو وہ آپ کو ہمیشہ کے لیے رد کر دے گا۔ 10 دیکھو! یہوواہ نے آپ کو ایک گھر، ہاں، ایک مُقدس مقام بنانے کے لیے چُنا ہے۔ دلیر بنو اور کام میں لگ جاؤ۔“
11 پھر داؤد نے سلیمان کو ڈیوڑھی، اُس کے کمروں، اُس کے گوداموں، اُس کے چھت والے کمروں، اُس کے اندر والے کمروں اور کفارے کے کمرے* کا نقشہ دیا۔ 12 اُنہوں نے سلیمان کو ہر چیز کا نقشہ دیا جو اُنہیں خدا کے اِلہام* سے یہوواہ کے گھر کے صحنوں، اِس کے اِردگِرد کے سب کھانے کے کمروں، سچے خدا کے گھر کے خزانہگھروں اور پاک* کی گئی چیزوں کے خزانہگھروں کے حوالے سے ملا تھا۔ 13 اُنہوں نے کاہنوں اور لاویوں کے گروہوں، یہوواہ کے گھر میں خدمت کے حوالے سے ساری ذمےداریوں اور یہوواہ کے گھر میں خدمت کے لیے اِستعمال ہونے والی ساری چیزوں کے بارے میں بھی ہدایتیں دیں۔ 14 اُنہوں نے سونے کا وزن بھی بتایا یعنی یہ کہ فرق فرق کاموں کے لیے اِستعمال ہونے والی ساری چیزوں میں کتنا سونا لگے گا۔ اُنہوں نے چاندی کی ساری چیزوں کا وزن بھی بتایا اور فرق فرق کاموں کے لیے اِستعمال ہونے والی سب چیزوں کے بارے میں بھی بتایا۔ 15 اُنہوں نے سونے کے شمعدانوں اور اُن کے سونے کے چراغوں یعنی فرق فرق شمعدانوں اور اُن کے چراغوں کے وزن کے حوالے سے بھی ہدایتیں دیں۔ اُنہوں نے چاندی کے شمعدانوں یعنی ہر شمعدان اور اُس کے چراغوں کے اِستعمال کے حساب سے اُن کا وزن بتایا۔ 16 اُنہوں نے تہہدرتہہ رکھی روٹیوں* کے لیے میزوں یعنی ہر میز کے لیے سونے کا وزن بھی بتایا اور یہ بھی کہ چاندی کی میزوں میں کتنی چاندی لگے گی۔ 17 اُنہوں نے خالص سونے کے کانٹوں، کٹوروں، صراحیوں اور سونے کی کٹوریوں یعنی ہر کٹوری کے وزن کے حوالے سے بھی ہدایتیں دیں اور چاندی کی کٹوریوں یعنی ہر کٹوری کا وزن بھی بتایا۔ 18 اُنہوں نے بخور کی قربانگاہ اور رتھ کی نمائندگی کرنے والے سونے کے کروبیوں کے حوالے سے خالص سونے کا وزن بھی بتایا جن کے پَر پھیلے ہوئے تھے اور جنہوں نے یہوواہ کے عہد کے صندوق کو ڈھکا ہوا تھا۔ 19 داؤد نے کہا: ”یہوواہ کا ہاتھ مجھ پر تھا اور اُس نے مجھے گہری سمجھ دی تاکہ مَیں نقشے کی ساری تفصیل لکھ سکوں۔“
20 پھر داؤد نے اپنے بیٹے سلیمان سے کہا: ”دلیر اور مضبوط بنو اور کام میں لگ جاؤ۔ ڈرو نہیں، خوفزدہ نہیں ہو کیونکہ میرا خدا یہوواہ آپ کے ساتھ ہے۔ وہ آپ کو ترک نہیں کرے گا اور نہ ہی آپ کو چھوڑے گا بلکہ وہ آپ کا ساتھ دے گا جب تک کہ یہوواہ کے گھر کی تعمیر کا سارا کام ختم نہیں ہو جاتا۔ 21 کاہنوں اور لاویوں کے گروہ سچے خدا کے گھر میں ساری خدمات انجام دینے کے لیے حاضر ہیں۔ آپ کے پاس ہر طرح کی خدمت کے لیے ماہر کاریگر ہیں جو خوشی خوشی کام کریں گے۔ آپ کے پاس حاکم اور دوسرے سب لوگ بھی ہیں جو آپ کی ساری ہدایتوں پر عمل کریں گے۔“