عبرانیوں
1 بہت عرصہ پہلے خدا نے بہت سے موقعوں پر اور بہت سے طریقوں سے اپنے نبیوں کے ذریعے ہمارے باپدادا سے بات کی۔ 2 لیکن اِس زمانے کے آخر میں اُس نے ایک بیٹے کے ذریعے ہم سے بات کی جسے اُس نے سب چیزوں کا وارث مقرر کِیا اور جس کے ذریعے اُس نے مختلف نظام* بنائے۔ 3 وہ خدا کی شان کا عکس ہے اور ہوبہو اُس کی طرح ہے۔ وہ اپنے طاقتور کلام کے ذریعے سب چیزوں کو قائم رکھتا ہے۔ اُس نے ہمیں گُناہوں سے پاک کِیا اور پھر آسمان پر عظیم خدا کی دائیں طرف جا بیٹھا۔ 4 اُس کو ورثے میں ایک ایسا نام ملا جو فرشتوں کے نام سے اعلیٰ ہے اِس لیے وہ اُن سے بڑا بن گیا۔
5 مثال کے طور پر کیا خدا نے کبھی کسی فرشتے سے کہا کہ ”تُم میرے بیٹے ہو۔ آج سے مَیں تمہارا باپ ہوں“؟ اور یہ بھی کہ ”مَیں اُس کا باپ بنوں گا اور وہ میرا بیٹا بنے گا“؟ 6 اور جب وہ اپنے پہلوٹھے بیٹے کو دوبارہ دُنیا میں بھیجے گا تو وہ کہے گا: ”خدا کے تمام فرشتے جھک کر اُس کی تعظیم کریں۔“
7 اور وہ فرشتوں کے بارے میں کہتا ہے: ”وہ اپنے فرشتوں کو روحیں بناتا ہے اور اپنے خادموں کو آگ کے شعلے۔“ 8 لیکن بیٹے کے بارے میں وہ کہتا ہے: ”خدا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تمہارا تخت ہے اور تمہاری بادشاہت کا عصا راستی* کا عصا ہے۔ 9 تمہیں نیکی سے محبت تھی اور بُرائی سے نفرت۔ اِسی لیے خدا، ہاں، تمہارے خدا نے تمہیں تیل سے مسح* کِیا اور تمہیں اپنے ساتھیوں سے زیادہ خوشی بخشی۔“ 10 اور یہ بھی لکھا ہے کہ ”اَے مالک، تُو نے شروع میں زمین کی بنیاد ڈالی اور آسمان تیری کاریگری ہے۔ 11 وہ تو ختم ہو جائیں گے لیکن تُو ہمیشہ قائم رہے گا۔ وہ سب ایک کپڑے کی طرح گھس جائیں گے۔ 12 تُو اُن کو ایک کپڑے بلکہ ایک چادر کی طرح تہہ کرے گا اور وہ تبدیل کیے جائیں گے۔ لیکن تُو لاتبدیل ہے اور تیری زندگی کبھی ختم نہیں ہوگی۔“
13 مگر کیا خدا نے کبھی کسی فرشتے کے بارے میں کہا: ”میری دائیں طرف بیٹھو جب تک کہ مَیں تمہارے دُشمنوں کو تمہارے پاؤں کی چوکی کی طرح نہ کر دوں“؟ 14 کیا وہ سب مُقدس خدمت کرنے والی روحیں نہیں جن کو اُن لوگوں کی خدمت کے لیے بھیجا گیا ہے جو ورثے میں نجات پائیں گے؟