مسیح کی آمد کیا سرانجام دے گی؟
برازیل کے رسالے ویجا نے مئی ۲۰۰۶ میں جرائمپیشہ گروہوں میں چار دن تک ہونے والی لڑائی کی بابت بیان کرتے ہوئے لکھا: ”ساؤ پولو میں دہشتگردی۔“ اِن لڑائیوں نے اس ملک کے سب سے بڑے اور امیرترین شہر کو ”شدید نقصان“ پہنچایا۔ ”دہشتگردی کے ۱۰۰ سے زیادہ گھنٹوں“ کے دوران تقریباً ۱۵۰ لوگ ہلاک ہوئے جن میں پولیس افسر، مجرم اور عام شہری شامل تھے۔
پوری دُنیا میں اخبارات ظلموتشدد کے واقعات سے بھرے پڑے ہیں۔ انسانی حکمران اسے روکنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ہماری زمین رہنے کے لئے ایک خطرناک جگہ بنتی جا رہی ہے۔ ہر طرف سے ملنے والی بُری خبروں سے شاید آپ پریشان ہو جاتے ہوں۔ تاہم، بہت جلد ایک تبدیلی آنے والی ہے۔
یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو خدا کی بادشاہت کے آنے اور اُس کی مرضی ”جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر“ بھی ہونے کے لئے دُعا کرنا سکھایا تھا۔ (متی ۶:۹، ۱۰) یہ بادشاہت ایک حکومت ہے جس کا بادشاہ خدا نے یسوع مسیح کو مقرر کِیا ہے۔ یہ انسانوں کے تمام مسائل کو حل کرے گی۔ تاہم، خدا کی بادشاہت کے زمین پر تبدیلی لانے کے لئے یسوع مسیح کا انسانی حکمرانوں کی جگہ لینا ضروری ہے۔ جیہاں، مسیح کی آمد یہ سب کچھ انجام دے گی۔
ایک پُراَمن دَور
کیا تمام قومیں مسیح کی حکومت کو پُراَمن طریقے سے تسلیم کر لیں گی؟ یوحنا رسول کو ایک رویا دی گئی جو اس سوال کا جواب فراہم کرتی ہے۔ یوحنا رسول بیان کرتا ہے: ”مَیں نے اُس حیوان [دُنیا کے سیاسی نظام] اور زمین کے بادشاہوں اور اُن کی فوجوں کو اُس گھوڑے کے سوار [یسوع] اور اُس کی فوج سے جنگ کرنے کے لئے اکٹھے دیکھا۔“ (مکاشفہ ۱۹:۱۹) اِس جنگ کے دوران زمین کے بادشاہوں کے ساتھ کیا ہوگا؟ یہوواہ خدا کا ممسوح بادشاہ یسوع مسیح ’اُن کو لوہے کے عصا سے توڑے گا اور کمہار کے برتن کی طرح اُن کو چکناچُور کر ڈالے گا۔‘ (زبور ۲:۹) سیاسی نظام مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ خدا کی بادشاہت ”تمام [انسانی] مملکتوں کو ٹکڑے ٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔“—دانیایل ۲:۴۴۔
خدا کی بادشاہت کی مخالفت کرنے والے لوگوں کے ساتھ کیا ہوگا؟ بائبل بیان کرتی ہے کہ ”خداوند یسوؔع اپنے قوی فرشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہوئی آگ میں آسمان سے ظاہر ہوگا۔ اور جو خدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خداوند یسوؔع کی خوشخبری کو نہیں مانتے اُن سے بدلہ لے گا۔“ (۲-تھسلنیکیوں ۱:۷، ۸) امثال ۲:۲۲ بیان کرتی ہے: ”شریر زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے اور دغاباز اُس سے اُکھاڑ پھینکے جائیں گے۔“
مسیح کی آمد کے بارے میں بائبل بیان کرتی ہے: ”دیکھو وہ بادلوں کے ساتھ آنے والا ہے اور ہر ایک آنکھ اُسے دیکھے گی۔“ (مکاشفہ ۱:۷) لوگ اُسے اپنی حقیقی آنکھوں سے نہیں دیکھیں گے۔ اِسلئےکہ آسمان پر جانے کے بعد سے یسوع مسیح ایک روحانی مخلوق ہے اور ”وہ اُس نور میں رہتا ہے جس تک کسی کی رسائی نہیں ہو سکتی۔ نہ اُسے کسی انسان نے دیکھا اور نہ دیکھ سکتا ہے۔“—۱-تیمتھیس ۶:۱۶۔
یسوع مسیح کو اب انسانی بدن اختیار کرنے کی ضرورت نہیں کہ لوگ اُسے ”دیکھ“ سکیں۔ بالکل اُسی طرح جیسے یہوواہ خدا کو موسیٰ کے زمانے میں مصریوں پر دس آفتیں لاتے وقت نظر آنے کی ضرورت نہیں تھی۔ اسلئےکہ لوگوں کو یقین تھا کہ یہ آفتیں یہوواہ خدا کی طرف سے ہیں جو ایک طاقتور اور بااختیار ہستی ہے۔ (خروج ۱۲:۳۱) اسی طرح جب یسوع مسیح خدا کی طرف سے سزا دینے والے کے طور پر کارروائی کرے گا تو شریر اُسے ’دیکھنے‘ اور یہ تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائیں گے کہ خدا اُن کی عدالت کرنے کے لئے یسوع مسیح کو استعمال کر رہا ہے۔ اسلئےکہ انسانوں کو پہلے ہی سے آگاہی دی جا چکی ہوگی۔ جیہاں، ”ہر ایک آنکھ [یسوع کو] دیکھے گی اور . . . زمین پر کے سب قبیلے اُس کے سبب سے چھاتی پیٹیں گے۔“—مکاشفہ ۱:۷۔
زمین پر حقیقی اَمن اور خوشحالی لانے سے پہلے شریر لوگوں اور اُن کی حکمرانی کا خاتمہ ضروری ہے۔ یسوع مسیح یہ سب کچھ کرے گا۔ وہ زمین کے تمام معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لے گا اور اس کے بعد اہم تبدیلیاں رُونما ہوں گی۔
تبدیلیاں جو برکات کا باعث بنتی ہیں
پطرس رسول نے اُن ’سب چیزوں کے بحال کئے جانے‘ کی بابت بیان کِیا ”جن کا ذکر خدا نے اپنے پاک نبیوں کی زبانی کِیا ہے۔“ (اعمال ۳:۲۱) اس بحالی میں مسیح کی حکومت کے دوران زمین پر ہونے والی تبدیلی شامل ہے۔ آٹھویں صدی قبلازمسیح میں خدا کی طرف سے زمین پر سب چیزوں کے ”بحال“ کئے جانے کا ذکر کرنے والے نبیوں میں سے ایک یسعیاہ نبی تھا۔ اُس نے پیشینگوئی کی کہ ”سلامتی کا شاہزادہ“ یسوع مسیح زمین پر اَمن لائے گا۔ مسیح کی حکومت کے بارے میں یسعیاہ کی پیشینگوئی بیان کرتی ہے: ”اُس کی سلطنت کے اِقبال اور سلامتی کی کچھ اِنتہا نہ ہوگی۔“ (یسعیاہ ۹:۶، ۷) یسوع زمین کے باشندوں کو اَمن کی راہوں پر چلنے کی تعلیم دے گا۔ لہٰذا زمین پر رہنے والے لوگ ”سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔“—زبور ۳۷:۱۱۔
مسیح کی حکمرانی میں غربت اور بھوک کا کیا ہوگا؟ یسعیاہ نبی نے بیان کِیا: ”ربُالافواج اِس پہاڑ پر سب قوموں کے لئے فربہ چیزوں سے ایک ضیافت تیار کرے گا بلکہ ایک ضیافت تلچھٹ پر سے نتھری ہوئی مے سے۔ ہاں فربہ چیزوں سے جو پُرمغز ہوں اور مے سے جو تلچھٹ پر سے خوب نتھری ہوئی ہو۔“ (یسعیاہ ۲۵:۶) زبورنویس نے یہ گیت گایا کہ ”زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔“ (زبور ۷۲:۱۶) اس کے علاوہ، زمین پر رہنے والے لوگوں کی بابت بائبل بیان کرتی ہے: ”وہ گھر بنائیں گے اور اُن میں بسیں گے۔ وہ تاکستان لگائیں گے اور اُن کے میوے کھائیں گے۔ نہ کہ وہ بنائیں اور دوسرا بسے۔ وہ لگائیں اور دوسرا کھائے کیونکہ میرے بندوں کے ایّام درخت کے ایّام کی مانند ہوں گے اور میرے برگزیدے اپنے ہاتھوں کے کام سے مدتوں تک فائدہ اُٹھائیں گے۔“—یسعیاہ ۶۵:۲۱، ۲۲۔
یسعیاہ نبی نے بیماری اور موت کے خاتمے کی بابت بھی پیشینگوئی کی۔ خدا نے یسعیاہ نبی کی معرفت فرمایا: ”اُس وقت اندھوں کی آنکھیں وا کی جائیں گی اور بہروں کے کان کھولے جائیں گے۔ تب لنگڑے ہرن کی مانند چوکڑیاں بھریں گے اور گونگے کی زبان گائے گی۔“ (یسعیاہ ۳۵:۵، ۶) ”وہاں کے باشندوں میں بھی کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔“ (یسعیاہ ۳۳:۲۴) خدا ”موت کو ہمیشہ کے لئے نابود کرے گا اور [یہوواہ] خدا سب کے چہروں سے آنسو پونچھ ڈالے گا۔“—یسعیاہ ۲۵:۸۔
مُردوں کے لئے کیا اُمید ہے؟ یسعیاہ نبی نے پیشینگوئی کی: ”تیرے مُردے جی اُٹھیں گے۔ . . . لاشیں اُٹھ کھڑی ہوں گی۔“ (یسعیاہ ۲۶:۱۹) جیہاں، موت کی نیند سو جانے والے لوگ زندہ کئے جائیں گے!
’یہوواہ خدا اُسے تخت دے گا‘
مسیح کی آمد زمین کی حالتوں کو مکمل طور پر تبدیل کر دے گی۔ زمین فردوس بن جائے گی اور انسان متحد ہوکر سچے خدا کی پرستش کریں گے۔ کیا ہم یقین رکھ سکتے ہیں کہ یسوع مسیح زمین پر سے تمام بُرائی کو ختم کرے گا اور راست حالتیں لائے گا؟
آئیے ذرا یسوع مسیح کو طاقت اور اختیار دینے والی ہستی پر غور کریں۔ بائبل بیان کرتی ہے: ’یہوواہ خدا اُسے تخت دے گا۔‘ (لوقا ۱:۳۲) تخت سے مُراد یہوواہ خدا کی طرف سے یسوع مسیح کو دیا جانے والا اختیار یا مرتبہ ہے۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا ہی اس تخت کا دینے والا ہے۔ اس لئے یسوع مسیح کے لئے کسی بھی طرح کے مسائل کو حل کرنا مشکل نہیں ہوگا۔
یسوع مسیح نے جی اُٹھنے کے بعد اپنے شاگردوں کو بتایا: ”آسمان اور زمین کا کُل اِختیار مجھے دیا گیا ہے۔“ (متی ۲۸:۱۸) پہلا پطرس ۳:۲۲ بیان کرتی ہے: ”فرشتے اور اختیارات اور قدرتیں اُس کے تابع کی گئی ہیں۔“ یسوع مسیح کے خلاف کوئی بھی طاقت یا اختیار کامیاب نہیں ہوگا۔ کوئی بھی چیز اُسے انسانوں کو دائمی فوائد پہنچانے سے روک نہیں سکتی۔
انسانوں پر مسیح کی آمد کے اثرات
پولس رسول نے تھسلنیکیوں کے نام اپنے خط میں لکھا: ”اپنے خدا اور باپ کے حضور تمہارے ایمان کے کام اور محبت کی محنت اور اُس اُمید کے صبر کو بِلاناغہ یاد کرتے ہیں جو ہمارے خداوند یسوؔع مسیح کی بابت ہے۔“ (۱-تھسلنیکیوں ۱:۳) پولس رسول نے تھسلنیکے کے مسیحیوں کی بااَجر محنت اور صبر کرنے کو یسوع مسیح کی بابت اُمید سے منسوب کِیا۔ اس اُمید میں مسیح کی آمد اور اُن تبدیلیوں پر ایمان رکھنا شامل ہے جن کے لئے یہ راہ تیار کرتی ہے۔ ایسی اُمید سچے مسیحیوں کو ایمان پر قائم رہنے اور مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
برازیل کے شہر ساؤ پولو میں رہنے والے کارلوس کی مثال پر غور کریں۔ اگست ۲۰۰۳ میں، کارلوس کو پتہ چلا کہ اُسے کینسر ہے۔ اُس وقت سے اُس کے آٹھ آپریشن ہو چکے ہیں، جن کے باعث اُسے سخت تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود، وہ دوسروں کے لئے حوصلہافزائی کا باعث رہا۔ ایک دن جب وہ ایک بڑے ہسپتال کے سامنے والی گلی میں منادی کر رہا تھا تو اُس کی ملاقات ایک گواہ بہن سے ہوئی جس کا شوہر کیموتھراپی (دواؤں کے ذریعے کینسر کا علاج) کروا رہا تھا۔ کارلوس خود بھی کینسر کے تباہکُن اثرات کا تجربہ کر رہا تھا، اس لئے وہ اُن دونوں میاں بیوی کو تسلی دینے اور حوصلہافزائی کرنے کے قابل تھا۔ بعدازاں، اُنہوں نے بیان کِیا کہ یہ باتچیت اُن کے لئے بہت زیادہ حوصلہافزائی کا باعث تھی۔ اس طرح کارلوس نے پولس رسول کے ان الفاظ کی صداقت کا تجربہ کِیا: ”[خدا] ہماری سب مصیبتوں میں ہم کو تسلی دیتا ہے تاکہ ہم اُس تسلی کے سبب سے جو خدا ہمیں بخشتا ہے اُن کو بھی تسلی دے سکیں جو کسی طرح کی مصیبت میں ہیں۔“—۲-کرنتھیوں ۱:۴۔
کس چیز نے کارلوس کو خود بیمار ہونے کے باوجود دوسروں کی حوصلہافزائی کرنے میں مدد دی تھی؟ مسیح کی آمد اور جوکچھ یہ سرانجام دے گی اس پر اُمید کارلوس کو ”نیک کام“ کرنے کی تحریک دیتی ہے۔—گلتیوں ۶:۹۔
ایک دوسرے شخص سموئیل کی مثال پر غور کریں۔ اس کے بھائی کو ان کے باپ کے گھر سے صرف ۵۰ میٹر [۱۵۰ فٹ] دُور دس گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کے تفتیش میں مصروف ہونے کی وجہ سے اس کی لاش آٹھ گھنٹے تک سڑک پر پڑی رہی۔ اس دن جوکچھ واقع ہوا سموئیل اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ تاہم، اس اُمید نے اُسے تسلی بخشی ہے کہ مسیح زمین پر سے تمام بُرائی کو ختم کرکے ایک راست حکومت قائم کرے گا جو انسانوں کے لئے برکات لائے گی۔ سموئیل اکثر اس بات کا تصور کرتا ہے کہ جب اُس کا بھائی زمین پر فردوس میں زندہ ہوگا تو وہ اُسے پھر سے گلے لگانے کے قابل ہوگا۔—اعمال ۲۴:۱۵۔
آپ کو کیا کرنا چاہئے؟
آپ مسیح کی آمد اور اس دوران ہونے والی تبدیلیوں پر اُمید رکھنے سے تسلی پا سکتے ہیں۔ یسوع مسیح انسانوں کے تمام مسائل کے اسباب اور اُن کے چاروں طرف پھیلی ہوئی بُرائی کو جڑ سے ختم کر دے گا۔
مسیح کی حکمرانی کے تحت آنے والی برکات سے لطفاندوز ہونے کے لئے آپ کو کیا کرنا چاہئے؟ اس کے لئے آپ کو احتیاط کے ساتھ خدا کے کلام بائبل کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ اپنے باپ سے دُعا کرتے وقت یسوع نے کہا: ”ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھ خدایِواحد اور برحق کو اور یسوؔع مسیح کو جِسے تُو نے بھیجا ہے جانیں۔“ (یوحنا ۱۷:۳) بائبل کی تعلیمات کا جائزہ لینے کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں۔ یہوواہ کے گواہ اس سلسلے میں آپ کی مدد کرکے خوش ہوں گے۔ ہم آپ کو اپنے علاقے میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کرنے یا اس رسالے کے ناشرین کو لکھنے کی پُرتپاک دعوت دیتے ہیں۔
[صفحہ ۷ پر تصویریں]
مسیح کی آمد زمین کی حالتوں کو مکمل طور پر تبدیل کر دے گی
[تصویر کا حوالہ]
:Inset, background only
Rhino and Lion Park, Gauteng, South Africa