زبور
118 یہوواہ کا شکر کرو کیونکہ وہ اچھا ہے؛
اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔
2 اب اِسرائیل کہے:
”اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“
3 اب ہارون کا گھرانہ کہے:
”اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“
4 اب یہوواہ کا خوف رکھنے والے کہیں:
”اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“
5 مَیں نے پریشانی کے عالم میں یاہ* کو پکارا؛
یاہ نے مجھے جواب دیا اور مجھے ایک محفوظ* جگہ لے گیا۔
6 یہوواہ میری طرف ہے؛ مَیں نہیں ڈروں گا۔
اِنسان میرا کیا بگاڑ سکتا ہے؟
7 یہوواہ میری طرف ہے اور میرا مددگار ہے؛*
جو لوگ مجھ سے نفرت کرتے ہیں، مَیں اُن کی ہار دیکھ کر خوش ہوں گا۔
8 اِنسانوں پر بھروسا کرنے سے بہتر ہے
کہ یہوواہ کے پاس پناہ لی جائے۔
9 حاکموں پر بھروسا کرنے سے بہتر ہے
کہ یہوواہ کے پاس پناہ لی جائے۔
10 سب قوموں نے مجھے گھیر لیا
لیکن مَیں نے یہوواہ کا نام لے کر اُنہیں بھگا دیا۔
11 اُنہوں نے مجھے گھیر لیا، ہاں، پوری طرح سے گھیر لیا
لیکن مَیں نے یہوواہ کا نام لے کر اُنہیں بھگا دیا۔
12 اُنہوں نے مجھے شہد کی مکھیوں کی طرح گھیر لیا
مگر وہ جلد ہی فنا ہو گئے جیسے کانٹےدار جھاڑیاں آگ لگنے پر فنا ہو جاتی ہیں۔
مَیں نے یہوواہ کا نام لے کر اُنہیں بھگا دیا۔
13 مجھے گِرانے کے لیے زور سے دھکا دیا گیا*
لیکن یہوواہ نے میری مدد کی۔
14 یاہ میری پناہگاہ اور میری طاقت ہے؛
وہ میرا نجاتدہندہ بن گیا ہے۔
15 نیک لوگوں کو نجات* ملی ہے
اِس لیے اُن کے خیموں سے خوشی کی للکار سنائی دے رہی ہے۔
یہوواہ کا دایاں ہاتھ اپنی طاقت دِکھا رہا ہے۔
16 یہوواہ کا دایاں ہاتھ اُونچا اُٹھا ہے؛
یہوواہ کا دایاں ہاتھ اپنی طاقت دِکھا رہا ہے۔
17 مَیں نہیں مروں گا بلکہ زندہ رہوں گا
تاکہ یاہ کے کاموں کا اِعلان کروں۔
18 یاہ نے سختی سے میری اِصلاح کی
لیکن مجھے موت کے حوالے نہیں کِیا۔
19 میرے لیے نیکی کے دروازے کھول دو؛
مَیں اُن سے داخل ہو کر یاہ کی بڑائی کروں گا۔
20 یہ یہوواہ کا دروازہ ہے۔
اِس سے نیک لوگ داخل ہوں گے۔
21 مَیں تیری بڑائی کروں گا کیونکہ تُو نے مجھے جواب دیا
اور تُو میرا نجاتدہندہ بن گیا۔
23 یہ پتھر یہوواہ کی طرف سے آیا
اور ہماری نظر میں شاندار ہے۔
24 یہ یہوواہ کا ٹھہرایا ہوا دن ہے؛
ہم اِس دن خوشی منائیں گے اور باغ باغ ہوں گے۔
25 اَے یہوواہ! ہم تجھ سے مِنت کرتے ہیں، مہربانی سے ہمیں بچا!
اَے یہوواہ! مہربانی سے ہمیں جیت دِلا!
26 اُس شخص کو بڑی برکتیں حاصل ہیں جو یہوواہ کے نام سے آتا ہے؛
ہم یہوواہ کے گھر سے تمہیں دُعا دیتے ہیں۔
27 یہوواہ ہی خدا ہے؛
وہ ہمیں روشنی دیتا ہے۔
ہاتھوں میں ڈالیاں لے کر عید کے جلوس میں شامل ہو جاؤ
اور قربانگاہ کے سینگوں تک چلو۔
28 تُو میرا خدا ہے، مَیں تیری بڑائی کروں گا؛
اَے میرے خدا! مَیں تیری تعظیم کروں گا۔
29 یہوواہ کا شکر کرو کیونکہ وہ اچھا ہے؛
اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔