یسعیاہ
48 اَے یعقوب کے گھرانے! یہ بات سنو،
ہاں، تُم جو اِسرائیل کے نام سے کہلاتے ہو،
جو یہوداہ کے پانیوں* سے آئے ہو،
جو یہوواہ کا نام لے کر قسم کھاتے ہو
اور اِسرائیل کے خدا کو پکارتے ہو
لیکن سچائی اور نیکی سے نہیں۔
2 وہ خود کو پاک شہر کے لوگ کہتے ہیں
اور اِسرائیل کے خدا سے مدد مانگتے ہیں
جس کا نام فوجوں کا خدا یہوواہ ہے۔
3 ”مَیں نے تجھے گزری* باتوں کے بارے میں بہت پہلے بتا دیا تھا۔
وہ باتیں میرے ہی مُنہ سے نکلی تھیں
اور مَیں نے ہی بتائی تھیں۔
مَیں نے اچانک قدم اُٹھایا اور وہ پوری ہوئیں۔
4 مَیں جانتا تھا کہ تُو کتنا ڈھیٹھ ہے؛
تیری گردن کی نس لوہے کی ہے اور تیرا ماتھا تانبے کا۔
5 اِس لیے مَیں نے وہ باتیں بہت پہلے ہی تجھے بتا دی تھیں۔
مَیں نے اُن کے پورا ہونے سے پہلے ہی تجھے بتا دیا تھا
تاکہ تُو یہ نہ کہہ سکے کہ ”میرے بُت نے یہ کِیا تھا؛
میری تراشی ہوئی مورت اور میرے دھات کے بُت نے یہ حکم دیا تھا۔“
6 تُو نے یہ سب سنا اور دیکھا ہے۔
کیا تُم لوگ اِس کا اِعلان نہیں کرو گے؟
مَیں اب سے تجھے نئی باتیں بتا رہا ہوں،
ہاں، چھپے ہوئے راز جن کے بارے میں تُو نہیں جانتا۔
7 یہ باتیں بہت پہلے نہیں بلکہ ابھی وجود میں آئی ہیں۔
یہ ایسی باتیں ہیں جو تُو نے آج سے پہلے کبھی نہیں سنیں
تاکہ تُو یہ نہ کہہ سکے: ”دیکھو! یہ تو مجھے پہلے سے پتہ تھیں۔“
8 نہیں، تُو نے یہ باتیں نہیں سنیں، تُو اِن کے بارے میں نہیں جانتا؛
پُرانے زمانے میں تُو نے اپنے کان کُھلے نہیں رکھے۔
مَیں جانتا ہوں کہ تُو بہت دھوکےباز ہے
اور تجھے پیدائش سے ہی گُناہگار کہا گیا ہے۔
9 لیکن مَیں اپنے نام کی خاطر اپنے غصے کو روکے رکھوں گا؛
مَیں اپنی بڑائی کی خاطر تیرے خلاف کارروائی کرنے سے باز رہوں گا
اور تجھے ہلاک نہیں کروں گا۔
10 دیکھ! مَیں نے تجھے خالص کِیا ہے لیکن چاندی کی طرح نہیں۔
مَیں نے تجھے مصیبت کی بھٹی میں پرکھا* ہے۔
11 مَیں اپنی خاطر، ہاں، اپنی خاطر کارروائی کروں گا
کیونکہ مَیں اپنی توہین کیسے ہونے دے سکتا ہوں؟
مَیں اپنی شان کسی کو نہیں دوں گا۔*
12 اَے یعقوب اور اَے اِسرائیل جسے مَیں نے بُلایا ہے! میری سُن۔
مَیں وہی ہوں۔ مَیں اوّل ہوں اور مَیں ہی آخر ہوں۔
13 مَیں نے اپنے ہاتھ سے زمین کی بنیاد ڈالی
اور اپنے دائیں ہاتھ سے آسمان کو پھیلایا۔
جب مَیں اُنہیں بُلاتا ہوں تو وہ ایک ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔
14 تُم سب جمع ہو اور سنو۔
اُن میں سے کس نے اِن باتوں کا اِعلان کِیا ہے؟
جس شخص سے یہوواہ پیار کرتا ہے،
وہ بابل کے خلاف اُس کی خواہش پوری کرے گا
اور اُس کا بازو کسدیوں کے خلاف اُٹھے گا۔
15 مَیں نے ہی یہ کہا ہے اور اُسے بُلایا ہے۔
مَیں اُسے لایا ہوں اور وہ کامیاب ہوگا۔
16 میرے قریب آؤ اور سنو۔
مَیں نے شروع سے ہی پوشیدگی میں بات نہیں کی۔
جب ایسا ہوا تو مَیں وہیں تھا۔“
اب حاکمِاعلیٰ یہوواہ نے مجھے اور اپنی روح کو* بھیجا ہے۔
17 تجھے چھڑانے والا* اور اِسرائیل کا پاک خدا یہوواہ فرماتا ہے:
”مَیں ہی تیرا خدا یہوواہ ہوں
جو تیرے فائدے کے لیے تجھے تعلیم دیتا ہوں،
جو اُس راستے پر چلنے میں تیری رہنمائی کرتا ہوں جس پر تجھے چلنا چاہیے۔
18 کاش تُو میرے حکموں پر دھیان دے!
پھر تیرا سکون دریا کی طرح
اور تیری نیکی سمندر کی لہروں کی طرح ہوگی۔
19 تیری نسل ریت کی طرح
اور تیری اولاد اُس کے ذرّوں کی طرح بےشمار ہوگی۔
اُن کا نام میرے سامنے سے کبھی بھی کاٹا یا مٹایا نہیں جائے گا۔“
20 بابل سے نکل جاؤ!
کسدیوں سے دُور بھاگ جاؤ!
خوشی سے اِس کا اِعلان کرو! ہاں، اِس کا اِعلان کرو!
زمین کے کونے کونے تک یہ بات مشہور کرو۔
یہ کہو: ”یہوواہ نے اپنے بندے یعقوب کو چھڑایا* ہے۔
21 جب وہ اُن لوگوں کو ویران جگہوں سے لے جا رہا تھا تو اُنہیں پیاس نہیں لگی۔
اُس نے اُن کے لیے چٹان سے پانی بہایا؛
اُس نے چٹان کو چیر ڈالا اور پانی پھوٹ نکلا۔“
22 یہوواہ فرماتا ہے: ”بُرے لوگوں کے لیے کوئی سکون نہیں۔“