زبور
داؤد کا نغمہ۔
141 اَے یہوواہ! مَیں تجھے پکارتا ہوں۔
میری مدد کے لیے جلدی آ۔
جب مَیں تجھے پکاروں تو توجہ فرما۔
2 میری دُعا تیرے حضور تیار کیے ہوئے بخور کی طرح ہو
اور دُعا میں اُٹھے میرے ہاتھ شام کو پیش کیے جانے والے اناج کے نذرانے کی طرح۔
3 اَے یہوواہ! میرے مُنہ پر پہرےدار بٹھا؛
میرے ہونٹوں کے دروازے پر پہرا لگا۔
4 میرے دل کو کسی بُرائی کی طرف مائل نہ ہونے دے
تاکہ مَیں بُرے لوگوں کے گھٹیا کاموں میں شامل نہ ہوں؛
مَیں کبھی اُن کے عمدہ عمدہ کھانوں کا مزہ نہ لوں۔
5 اگر نیک شخص مجھے مارے تو یہ اُس کی اٹوٹ محبت کا ثبوت ہوگا؛
اگر وہ میری اِصلاح کرے تو یہ میرے سر پر تیل کی طرح ہوگی
جسے میرا سر کبھی نہیں ٹھکرائے گا۔
مَیں اُس کی مصیبتوں کے دوران بھی اُس کے لیے دُعا کرتا رہوں گا۔
6 چاہے لوگوں کے منصف چٹان سے نیچے گِرا دیے جائیں
پھر بھی لوگ میری باتوں پر دھیان دیں گے کیونکہ یہ دل کو بھاتی ہیں۔
7 جیسے کوئی شخص ہل چلا کر مٹی کے ڈھیلے توڑتا ہے
ویسے ہی ہماری ہڈیاں قبر* کے مُنہ پر بکھیری گئی ہیں۔
8 لیکن اَے حاکمِاعلیٰ یہوواہ! میری آنکھیں تجھ پر لگی ہیں۔
مَیں نے تیرے پاس پناہ لی ہے۔
میری جان نہ لے۔
9 بُرے لوگوں نے میرے لیے جو پھندا لگایا ہے، مجھے اُس کے شکنجے سے بچا،
ہاں، مجھے اُن کے جال سے بچا۔
10 سب بُرے لوگ اپنے بچھائے ہوئے جال میں خود ہی پھنس جائیں گے
جبکہ مَیں صحیح سلامت نکل جاؤں گا۔