واعظ
11 اپنی روٹی پانی میں پھینک* دو کیونکہ بہت دنوں بعد وہ آپ کو دوبارہ مل جائے گی۔ 2 جو کچھ آپ کے پاس ہے، اُس میں سے سات بلکہ آٹھ لوگوں کو حصہ دو کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ زمین پر کون سی مصیبت آئے گی۔
3 اگر بادل پانی سے بھرے ہوں تو وہ زمین پر برستے ہیں۔ اگر ایک درخت جنوب کی یا شمال کی طرف گِرے تو وہ وہیں پڑا رہتا ہے جہاں وہ گِرتا ہے۔
4 جو شخص ہوا کا رُخ دیکھتا ہے، وہ بیج نہیں بوتا اور جو شخص بادلوں کو دیکھتا ہے، وہ فصل نہیں کاٹتا۔
5 جس طرح آپ نہیں جانتے کہ ایک حاملہ عورت کے پیٹ میں موجود بچے کی ہڈیوں میں زندہ رہنے کی قوت* کیسے کام کرتی ہے اُسی طرح آپ سچے خدا کے کاموں کو نہیں جانتے جو سب کچھ کرتا ہے۔
6 صبح میں اپنا بیج بوؤ اور شام تک اپنا ہاتھ نہ روکو کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ کون سا بیج اُگے گا، یہ والا یا وہ والا یا پھر دونوں۔
7 روشنی اچھی ہے اور سورج کی روشنی دیکھنا آنکھوں کے لیے اچھا ہے۔ 8 اگر ایک شخص کافی سال زندہ رہے تو اُسے زندگی کے ہر دن کا مزہ لینا چاہیے۔ لیکن اُسے یاد رکھنا چاہیے کہ تاریکی کے دن بہت سے ہو سکتے ہیں اور جو کچھ آنے والا ہے، وہ سب فضول ہے۔
9 جوانو! اپنی جوانی میں خوشی مناؤ اور جوانی کے دنوں میں آپ کا دل خوش رہے۔ اپنے دل کے بتائے راستوں پر چلو اور اُس جگہ جاؤ جہاں آپ کی آنکھیں آپ کو لے جائیں۔ لیکن یاد رکھو کہ سچا خدا آپ سے اِن سب چیزوں کا حساب لے گا۔ 10 لہٰذا اپنے دل سے تکلیفدہ باتیں نکال دو اور اپنے جسم سے نقصاندہ چیزیں دُور کر دو کیونکہ نوعمری اور جوانی فضول ہیں۔