زبور
پہلی کتاب
(زبور 1-41)
1 وہ شخص خوش رہتا ہے جو بُرے لوگوں کے مشورے پر نہیں چلتا
اور گُناہگاروں کے راستے پر قدم نہیں رکھتا
اور اچھی باتوں کا مذاق اُڑانے والوں کے ساتھ نہیں بیٹھتا
2 بلکہ اُسے یہوواہ کے قوانین سے خوشی ملتی ہے
اور وہ دن رات اُس کے قوانین کو دھیمی آواز میں پڑھتا ہے۔*
3 وہ ایک ایسے درخت کی طرح ہوتا ہے جو پانی کی ندیوں کے پاس لگایا گیا ہو،
ہاں، ایک ایسے درخت کی طرح جو اپنے موسم میں پھل دیتا ہے
اور جس کے پتّے نہیں مُرجھاتے۔
وہ شخص اپنے ہر کام میں کامیاب ہوگا۔
4 لیکن بُرے لوگ ایسے نہیں ہوتے؛
وہ بھوسے کی طرح ہوتے ہیں جسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے۔
5 اِس لیے بُرے لوگ سزا سے بچ نہیں پائیں گے
اور گُناہگار نیک لوگوں کے بیچ کھڑے نہیں رہ پائیں گے
6 کیونکہ یہوواہ نیک لوگوں کی راہ سے واقف ہے
جبکہ بُرے لوگوں کی راہ مٹ جائے گی۔