پیدائش
13 پھر اَبرام مصر سے نکلے اور اپنی بیوی اور وہ سب کچھ لے کر نِجِب گئے جو اُن کے پاس تھا۔ اُن کے ساتھ لُوط بھی تھے۔ 2 اَبرام کے پاس بہت زیادہ مویشی اور سوناچاندی تھا۔ 3 وہ جگہ جگہ پڑاؤ ڈالتے ہوئے نِجِب سے بیتایل کی طرف گئے۔ پھر وہ اُس جگہ پہنچے جہاں اُنہوں نے بیتایل اور عی کے بیچ خیمہ لگایا تھا 4 اور جہاں اُنہوں نے ایک قربانگاہ بنائی تھی۔ وہاں اَبرام نے یہوواہ کا نام لیا۔
5 لُوط کے پاس بھی جو اَبرام کے ساتھ سفر کر رہے تھے، بھیڑیں، گائے بیل اور خیمے تھے۔ 6 مگر وہ جگہ اِتنی بڑی نہیں تھی کہ وہ سب اِکٹھے رہ سکیں کیونکہ اُن کے پاس بہت زیادہ مال مویشی ہو گئے تھے۔ 7 اِس وجہ سے اَبرام کے چرواہوں اور لُوط کے چرواہوں میں جھگڑا ہوا۔ (اُس زمانے میں وہاں کنعانی اور فِرِزّی آباد تھے۔) 8 اِس لیے اَبرام نے لُوط سے کہا: ”دیکھو، ہم دونوں بھائی ہیں۔ اِس لیے مناسب نہیں کہ ہمارے درمیان یا ہمارے چرواہوں کے درمیان کوئی جھگڑا ہو۔ 9 بہتر ہے کہ ہم الگ ہو جائیں۔ آپ اِس ملک کا کوئی بھی حصہ چُن سکتے ہو۔ اگر آپ بائیں طرف جاؤ گے تو مَیں دائیں طرف جاؤں گا اور اگر آپ دائیں طرف جاؤ گے تو مَیں بائیں طرف جاؤں گا۔“ 10 تب لُوط نے چاروں طرف نظر دوڑائی اور اُردن* کے سارے علاقے کو دیکھا جو ضُغر تک پھیلا ہوا تھا۔ اُس علاقے میں یہوواہ کے باغ* اور مصر کی سرزمین کی طرح خوب پانی تھا۔ (تب تک یہوواہ نے سدوم اور عمورہ کو تباہ نہیں کِیا تھا۔) 11 لُوط نے اُردن کے سارے علاقے کو چُنا اور مشرق کی طرف چلے گئے۔ اِس طرح اَبرام اور لُوط ایک دوسرے سے الگ ہو گئے۔ 12 اَبرام ملک کنعان میں رہے جبکہ لُوط اُردن کے شہروں کے پاس رہے اور آخرکار اُنہوں نے سدوم کے نزدیک پڑاؤ ڈالا۔ 13 سدوم کے لوگ بہت بُرے تھے اور یہوواہ کے خلاف سنگین گُناہ کرتے تھے۔
14 لُوط کے الگ ہونے کے بعد یہوواہ نے اَبرام سے کہا: ”جس جگہ تُم موجود ہو وہاں سے ذرا مشرق، مغرب، شمال اور جنوب کی طرف نظر دوڑاؤ 15 کیونکہ یہ سارا ملک جو تُم دیکھ رہے ہو، مَیں تمہیں اور تمہاری نسل کو ہمیشہ کے لیے دوں گا۔ 16 تمہاری نسل خاک کے ذرّوں کی طرح بےشمار ہوگی؛ جیسے خاک کے ذرّوں کو گنا نہیں جا سکتا ویسے ہی تمہاری نسل کو بھی گنا نہیں جا سکے گا۔ 17 اب جاؤ اور پورے ملک کا چکر لگاؤ کیونکہ مَیں یہ ملک تمہیں دوں گا۔“ 18 اِس لیے اَبرام روانہ ہوئے اور خیموں میں ہی رہے۔ بعد میں وہ حِبرون میں ممرے کے بڑے بڑے درختوں کے قریب رہنے لگے اور وہاں اُنہوں نے یہوواہ کے لیے ایک قربانگاہ بنائی۔