پیدائش
17 جب اَبرام 99 سال کے تھے تو یہوواہ اُن پر ظاہر ہوا اور اُن سے کہا: ”مَیں وہ خدا ہوں جو لامحدود قدرت کا مالک ہے۔ میری راہ پر چلتے رہو اور خود کو بےعیب* ثابت کرو۔ 2 مَیں اُس عہد کو نافذ کروں گا جو میرے اور تمہارے بیچ ہے اور مَیں تمہاری نسل کو بہت بہت زیادہ بڑھاؤں گا۔“
3 اِس پر اَبرام مُنہ کے بل گِر گئے اور خدا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اُن سے کہا: 4 ”جہاں تک میری بات ہے، دیکھو! مَیں نے تُم سے عہد باندھا ہے اور تُم ضرور بہت سی قوموں کے باپ بنو گے۔ 5 اب سے تمہارا نام اَبرام* نہیں بلکہ اَبراہام* ہوگا کیونکہ مَیں تمہیں بہت سی قوموں کا باپ بناؤں گا۔ 6 مَیں تمہیں نہایت کثرت سے اولاد بخشوں گا اور تُم سے قومیں بنیں گی اور بادشاہ آئیں گے۔
7 مَیں اُس عہد کو قائم رکھوں گا جو مَیں نے تُم سے باندھا ہے۔ یہ عہد تمہارے بعد تمہاری نسل سے بھی پُشت در پُشت قائم رہے گا۔ یہ ایک ابدی عہد ہے جس کے مطابق مَیں تمہارا اور تمہارے بعد تمہاری نسل کا خدا ہوں گا۔ 8 مَیں تمہیں اور تمہارے بعد تمہاری نسل کو وہ ملک ہمیشہ کے لیے دوں گا جس میں تُم پردیسی کے طور پر رہے ہو یعنی کنعان کا پورا ملک۔ اور مَیں اُن کا خدا ہوں گا۔“
9 خدا نے اَبراہام سے یہ بھی کہا: ”جہاں تک تمہاری بات ہے، تمہیں اور تمہارے بعد تمہاری نسل کو پُشت در پُشت اِس عہد پر قائم رہنا ہوگا۔ 10 میرے اور تمہارے درمیان جو عہد ہے اور جس پر تمہیں اور تمہارے بعد تمہاری نسل کو قائم رہنا ہوگا، وہ یہ ہے: تُم میں سے ہر مرد کا ختنہ کِیا جائے۔ 11 تُم ختنہ ضرور کرانا* اور یہ میرے اور تمہارے بیچ باندھے گئے عہد کی نشانی ہوگا۔ 12 تمہارے گھر میں پیدا ہونے والے ہر مرد کا پیدائش کے آٹھویں دن ختنہ کِیا جائے اور ہر اُس مرد کا بھی جو تمہاری نسل سے نہیں ہے بلکہ کسی پردیسی سے خریدا گیا ہے۔ تُم پُشت در پُشت اِس دستور پر چلتے رہنا۔ 13 ہر اُس مرد کا ختنہ کِیا جائے جو تمہارے گھر میں پیدا ہو یا جسے تُم خریدو۔ تمہارے جسم پر یہ نشان اِس بات کا ثبوت ہوگا کہ مَیں نے تُم سے ابدی عہد باندھا ہے۔ 14 اگر کوئی مرد اپنا ختنہ نہ کرائے تو اُسے* اُس کی قوم میں سے کاٹ* ڈالا جائے کیونکہ اُس نے میرا عہد توڑا۔“
15 پھر خدا نے اَبراہام سے کہا: ”جہاں تک تمہاری بیوی ساری* کی بات ہے، اب سے تُم اُسے ساری نہیں کہو گے کیونکہ اُس کا نام سارہ* ہوگا۔ 16 مَیں اُسے برکت دوں گا اور اُس سے تمہارا ایک بیٹا بھی ہوگا۔ ہاں، مَیں اُسے برکت دوں گا اور اُس سے قومیں بنیں گی اور قوموں کے بادشاہ آئیں گے۔“ 17 یہ سُن کر اَبراہام مُنہ کے بل گِر گئے اور ہنستے ہوئے دل میں کہنے لگے: ”کیا 100 سال کے بڈھے کا بچہ ہو سکتا ہے اور کیا سارہ 90 سال کی عمر میں بچہ پیدا کر سکتی ہے؟“
18 پھر اَبراہام نے سچے خدا سے کہا: ”میری درخواست ہے کہ تُو اِسماعیل کو ہی برکت دے۔“ 19 اِس پر خدا نے کہا: ”تمہاری بیوی سارہ سے تمہارا ایک بیٹا ضرور ہوگا اور تُم اُس کا نام اِضحاق* رکھنا۔ مَیں اُس سے عہد باندھوں گا، ایک ابدی عہد جو اُس کے بعد اُس کی نسل سے بھی قائم رہے گا۔ 20 رہی اِسماعیل کی بات تو مَیں نے تمہاری درخواست سُن لی ہے۔ دیکھو! مَیں اُسے برکت دوں گا، اُسے کثرت سے اولاد بخشوں گا اور اُس کی نسل کو بہت بہت زیادہ بڑھاؤں گا۔ اُس سے 12 سردار پیدا ہوں گے اور مَیں اُسے ایک بڑی قوم بناؤں گا۔ 21 لیکن مَیں اپنا عہد اِضحاق کے ساتھ قائم کروں گا جسے سارہ ٹھیک ایک سال بعد جنم دے گی۔“
22 جب خدا نے اَبراہام سے بات کر لی تو وہ وہاں سے چلا گیا۔ 23 پھر اَبراہام نے اُسی دن اپنے گھرانے کے ہر مرد کا یعنی اِسماعیل کا، اپنے گھر میں پیدا ہونے والے سب مردوں کا اور اُن سب مردوں کا ختنہ کِیا جنہیں اُنہوں نے پیسوں سے خریدا تھا۔ اِس طرح اَبراہام نے خدا کے حکم پر عمل کِیا۔ 24 اَبراہام کا ختنہ 99 سال کی عمر میں ہوا 25 اور اُن کے بیٹے اِسماعیل کا ختنہ 13 سال کی عمر میں ہوا۔ 26 اَبراہام اور اُن کے بیٹے اِسماعیل کا ختنہ ٹھیک اُسی دن ہوا۔ 27 اَبراہام کے ساتھ ساتھ اُن کے گھرانے کے سب مردوں یعنی اُن کے گھر میں پیدا ہونے والے سب مردوں اور پردیسیوں سے خریدے گئے سب مردوں کا بھی ختنہ ہوا۔