پیدائش
15 اِس کے بعد یہوواہ نے ایک رُویا میں اَبرام سے کہا: ”ڈرو مت اَبرام۔ مَیں تمہاری ڈھال ہوں۔ تمہیں بہت بڑا اجر ملے گا۔“ 2 اَبرام نے جواب میں کہا: ”حاکمِاعلیٰ یہوواہ! مجھے اِس اجر سے کیا فائدہ ہوگا کیونکہ مَیں بےاولاد ہوں اور میری وراثت کا مالک اِلیعزر ہوگا جو دمشق سے ہے؟“ 3 اَبرام نے یہ بھی کہا: ”تُو نے مجھے کوئی اولاد* نہیں دی اور میرے گھرانے کا ایک فرد* میرا وارث ہوگا۔“ 4 اِس پر یہوواہ نے اَبرام سے کہا: ”وہ تمہارا وارث نہیں ہوگا بلکہ تمہارا اپنا بیٹا* تمہارا وارث ہوگا۔“
5 پھر خدا اُنہیں باہر لایا اور اُن سے کہا: ”ذرا اپنی آنکھیں اُٹھا کر آسمان کی طرف دیکھو اور اگر گن سکتے ہو تو ستاروں کو گنو۔“ پھر اُس نے کہا: ”تمہاری نسل بھی اِسی طرح بےشمار ہوگی۔“ 6 اور اَبرام نے یہوواہ پر ایمان رکھا اور اُس نے اَبرام کو نیک قرار دیا۔ 7 پھر خدا نے کہا: ”مَیں یہوواہ ہوں جو تمہیں کسدیوں کے شہر اُور سے یہاں لایا تاکہ تمہیں یہ ملک دوں اور یہ تمہاری ملکیت ہو۔“ 8 اِس پر اَبرام نے کہا: ”حاکمِاعلیٰ یہوواہ! اِس بات کا کیا ثبوت ہے کہ یہ ملک میری ملکیت ہوگا؟“ 9 خدا نے جواب میں کہا: ”تین سال کی ایک بچھیا، تین سال کی ایک بکری، تین سال کا ایک مینڈھا، ایک فاختہ اور کبوتر کا ایک بچہ لو۔“ 10 اُنہوں نے اِن سب کو لے کر دو ٹکڑوں میں کاٹا اور ہر ٹکڑے کو دوسرے ٹکڑے کے سامنے رکھا۔ مگر اُنہوں نے پرندوں کو نہیں کاٹا۔ 11 تب شکاری پرندے اُن ٹکڑوں پر جھپٹنے لگے لیکن اَبرام اُنہیں دُور بھگاتے رہے۔
12 جب سورج غروب ہونے والا تھا تو اَبرام پر گہری نیند طاری ہو گئی اور اُن پر گھپ اور بھیانک اندھیرا چھا گیا۔ 13 پھر خدا نے اَبرام سے کہا: ”یقینی طور پر جان لو کہ تمہاری نسل کے لوگ ایک غیرملک میں پردیسی ہوں گے اور اُس ملک کے لوگ اُنہیں غلام بنائیں گے اور 400 سال تک اُنہیں اذیت دیں گے۔ 14 لیکن مَیں اُس قوم کو سزا دوں گا جو اُنہیں غلام بنائے گی اور اِس کے بعد وہ بہت سا مال لے کر اُس ملک سے نکلیں گے۔ 15 جہاں تک تمہاری بات ہے، تُم لمبی عمر پاؤ گے اور پھر سکون سے فوت ہو جاؤ گے اور تمہیں تمہارے باپدادا کے ساتھ دفنا دیا جائے گا۔ 16 مگر تمہاری نسل کی چوتھی پُشت یہاں واپس آئے گی کیونکہ ابھی تک اموریوں کے گُناہ اپنی اِنتہا کو نہیں پہنچے۔“
17 جب سورج غروب ہو گیا اور گھپ اندھیرا چھا گیا تو ایک بھٹی جس میں سے دُھواں نکل رہا تھا اور ایک جلتی ہوئی مشعل ظاہر ہوئی اور جانوروں کے ٹکڑوں کے بیچ سے گزری۔ 18 اُس دن یہوواہ نے اَبرام سے یہ کہتے ہوئے عہد باندھا: ”مَیں تمہاری نسل کو یہ ملک دوں گا جو مصر کے دریا سے بڑے دریا یعنی دریائےفرات تک پھیلا ہے 19 اور قینیوں، قنِزّیوں اور قدمونیوں کی سرزمین ہے اور 20 حِتّیوں، فِرِزّیوں، رِفائیمیوں، 21 اموریوں، کنعانیوں، جِرجاسیوں اور یبوسیوں کی بھی۔“