زبور
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔ ایک گیت۔
65 اَے خدا! صِیّون میں تیری بڑائی ہوگی؛
ہم اپنی وہ منتیں پوری کریں گے جو ہم نے تیرے حضور مانی ہیں۔
2 اَے دُعا کے سننے والے! ہر طرح کے لوگ تیرے پاس آئیں گے۔
3 مَیں اپنی غلطیوں کے بوجھ تلے دب گیا ہوں
لیکن تُو ہمارے گُناہ معاف کر دیتا ہے۔*
4 وہ شخص خوش رہتا ہے جسے تُو چُنتا ہے اور اپنے قریب لاتا ہے
تاکہ وہ تیرے گھر کے صحنوں میں بسے۔
ہم تیرے گھر کی، ہاں، تیری مُقدس ہیکل* کی اچھی چیزوں سے خوش ہوں گے۔
5 ہمیں نجات دِلانے والے خدا! تُو ہماری دُعاؤں کے جواب میں نیک اور حیرتانگیز کام کرے گا؛
زمین کے کونے کونے میں رہنے والے لوگ تجھ پر بھروسا کرتے ہیں
اور وہ بھی جو دُور سمندر پار رہتے ہیں۔
6 تُو نے اپنی طاقت کے ذریعے پہاڑوں کو مضبوطی سے قائم کِیا ہے؛
تُو نے قوت کا لباس پہنا ہوا ہے۔
7 تُو طوفانی سمندروں کو اور ٹھاٹھیں مارتی موجوں کو پُرسکون کرتا ہے
اور قوموں میں مچی ہلچل کو بھی۔
8 دُوردراز علاقوں کے باشندے تیرے حیرتانگیز کام دیکھ کر دنگ رہ جائیں گے؛
مشرق سے مغرب تک رہنے والے لوگ تیری وجہ سے خوشی سے للکاریں گے۔
9 تُو زمین کی دیکھبھال کرتا ہے؛
تُو اِسے خوب پھلدار اور نہایت زرخیز بناتا ہے۔
تُو ندیوں کو پانی سے بھر دیتا ہے؛
تُو نے زمین کو اِس طرح تیار کِیا ہے
کہ اِنسانوں کو اناج دے سکے۔
10 تُو اِس کی کیاریوں میں پانی بھرتا ہے اور جُتی ہوئی زمین* کو ہموار کرتا ہے؛
تُو بارش برسا کر مٹی کو نرم کرتا ہے اور اِس کی پیداوار میں برکت ڈالتا ہے۔
12 ویرانے کی چراگاہوں میں خوب ہریالی ہے؛
پہاڑیوں نے خوشی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے۔
13 چراگاہوں میں ہر طرف بھیڑبکریاں پھیلی ہوئی ہیں؛
وادیوں میں لہلہاتی فصلوں کا قالین بچھا ہوا ہے۔
وہ جیت کے نعرے مارتے ہیں، ہاں، گیت گاتے ہیں۔