1-تیمُتھیُس
1 پولُس کی طرف سے جسے ہمارے نجاتدہندہ خدا اور ہماری اُمید کی بنیاد، مسیح یسوع کے حکم سے مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا ہے، 2 تیمُتھیُس* کے نام جو ایمان کے لحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے:
ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک مسیح یسوع آپ کو عظیم رحمت اور مہربانی اور اِطمینان عطا کریں۔
3 جب مَیں مقدونیہ جانے والا تھا تو مَیں نے آپ کو اِفسس میں رہنے کی نصیحت کی تھی اور اب بھی مَیں آپ کو یہی نصیحت کر رہا ہوں تاکہ آپ بھائیوں کو حکم دیں کہ کوئی اَور تعلیم نہ دیں 4 اور جھوٹی کہانیوں اور سلسلۂنسب پر دھیان نہ دیں کیونکہ ایسی باتوں کا کوئی فائدہ نہیں۔ اِن کا اُن چیزوں سے کوئی تعلق نہیں جو خدا ایمان کو مضبوط کرنے کے لیے دیتا ہے بلکہ اِن سے صرف سوال اُٹھتے ہیں۔ 5 مَیں آپ کو یہ ہدایت* اِس لیے دے رہا ہوں تاکہ ہم خلوصِدل، صاف ضمیر اور بےریا ایمان کے ساتھ ایک دوسرے سے محبت کریں۔ 6 کچھ لوگ اِن باتوں کو چھوڑ کر فضول باتوں میں لگ گئے ہیں۔ 7 وہ شریعت کے اُستاد تو بننا چاہتے ہیں لیکن اُن باتوں کو نہیں سمجھتے جو وہ اپنے مُنہ سے کہتے ہیں اور جن پر وہ بڑے اِعتماد سے اِصرار کرتے ہیں۔
8 ہم جانتے ہیں کہ شریعت اچھی ہے بشرطیکہ اِسے یہ سمجھ کر صحیح طور پر لاگو کِیا جائے کہ 9 شریعت نیک لوگوں کے لیے نہیں بنائی گئی بلکہ اُن لوگوں کے لیے جو بُرے، باغی، نافرمان، گُناہگار اور بےوفا ہیں، جو پاک چیزوں کو حقیر جانتے ہیں اور ماں باپ کے قاتل ہیں، جو خونی، 10 حرامکار،* ہمجنسپرست* اور جھوٹے ہیں، جو دوسروں کو اغوا کرتے ہیں اور جھوٹی قسم کھاتے ہیں اور ہر وہ کام کرتے ہیں جو صحیح* تعلیم کے خلاف ہے۔ 11 اور یہ تعلیم ہمارے خوشدل خدا کی اُس شاندار خوشخبری کے مطابق ہے جو مجھے دی گئی ہے۔
12 مَیں اپنے مالک مسیح یسوع کا جنہوں نے مجھے طاقت بخشی، بہت شکرگزار ہوں کیونکہ اُنہوں نے مجھے قابلِبھروسا سمجھ کر ایک خاص خدمت دی 13 حالانکہ مَیں پہلے کفر بکتا تھا، لوگوں کو اذیت پہنچاتا تھا اور بہت بدتمیز تھا۔ اِس کے باوجود مجھ پر رحم کِیا گیا کیونکہ مَیں نے جو کچھ کِیا، وہ جہالت اور ایمان کی کمی کی وجہ سے کِیا۔ 14 لیکن مجھے مالک کی عظیم رحمت کثرت سے حاصل ہوئی اور اُس کی طرف سے ایمان اور وہ محبت بھی ملی جس کا تعلق مسیح یسوع سے ہے۔ 15 یہ بات سچی اور قابلِبھروسا ہے کہ مسیح یسوع گُناہگاروں کو نجات دِلانے کے لیے دُنیا میں آئے۔ اور مَیں تو سب سے بڑا گُناہگار ہوں۔ 16 اِس کے باوجود مجھ پر رحم کِیا گیا تاکہ مجھ جیسے گُناہگار کے ذریعے مسیح یسوع اپنا صبر ظاہر کریں اور اُن لوگوں کے لیے مثال قائم کریں جو ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کے لیے اُن پر ایمان رکھتے ہیں۔
17 ابدیت کے بادشاہ اور غیرفانی اور اَندیکھے اور واحد خدا کی عزت اور تعظیم ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔
18 بیٹا تیمُتھیُس، مَیں آپ کو یہ ہدایت* اُن پیشگوئیوں کے مطابق دے رہا ہوں جو آپ کے بارے میں کی گئی تھیں تاکہ آپ اچھی جنگ جاری رکھیں 19 اور صاف ضمیر اور ایمان کو تھامے رکھیں۔ کچھ لوگوں نے اِن چیزوں کو رد کر دیا جس کے نتیجے میں اُن کے ایمان کا بیڑا غرق ہو گیا۔ 20 اِن لوگوں میں ہِمنیُس اور سکندر بھی شامل ہیں۔ مَیں نے اُنہیں شیطان کے حوالے کر دیا ہے تاکہ اُنہیں سبق ملے کہ اُنہیں کفر نہیں بکنا چاہیے۔