یسعیاہ
55 سب پیاسے لوگو! آؤ، پانی کے پاس آؤ!
جن کے پاس پیسے نہیں ہیں، وہ آئیں، خریدیں اور کھائیں!
ہاں، وہ آئیں اور بغیر پیسوں اور بغیر قیمت کے مے اور دودھ خریدیں۔
2 تُم ایک ایسی چیز کے لیے پیسے کیوں دے رہے ہو جو روٹی نہیں ہے؟
اور ایک ایسی چیز کے لیے اپنی کمائی* کیوں خرچ کر رہے ہو جو سیر نہیں کرتی؟
میری بات دھیان سے سنو اور جو چیز اچھی ہے، وہ کھاؤ۔
پھر تمہیں عمدہ کھانے سے* بڑی خوشی ملے گی۔
3 میری بات پر کان لگاؤ اور میرے پاس آؤ۔
میری سنو اور تُم* زندہ رہو گے۔
مَیں ضرور تُم سے ایک ابدی عہد باندھوں گا
جس کا تعلق اُس قابلِبھروسا وعدے سے ہے
جو مَیں نے اٹوٹ محبت ظاہر کرنے کے حوالے سے داؤد سے کِیا تھا۔
4 دیکھو! مَیں نے اُسے قوموں کے لیے ایک گواہ بنایا ہے،
ہاں، قوموں کے لیے ایک رہنما اور حکمران۔
5 دیکھو! تُم ایک قوم کو بُلاؤ گے جسے تُم نہیں جانتے
اور ایک قوم کے لوگ جو تمہیں نہیں جانتے، بھاگ کر تمہارے پاس آئیں گے۔
وہ تمہارے خدا یہوواہ، ہاں، اِسرائیل کے پاک خدا کی وجہ سے آئیں گے
کیونکہ وہ تمہاری شان بڑھائے گا۔
6 جب تک یہوواہ مل سکتا ہے، اُس کی تلاش کرو۔
جب تک وہ قریب ہے، اُسے پکارو۔
7 بُرا شخص اپنی بُری راہ کو چھوڑ دے
اور دوسروں کو نقصان پہنچانے والا اپنے بُرے خیالوں کو؛
وہ یہوواہ کے پاس لوٹ آئے جو اُس پر رحم کرے گا،
ہاں، ہمارے خدا کے پاس کیونکہ وہ دل کھول کر معاف کرے گا۔
8 یہوواہ فرماتا ہے: ”میرے خیال تمہارے خیالوں جیسے نہیں ہیں
اور تمہاری راہیں میری راہوں جیسی نہیں ہیں
9 کیونکہ جس طرح آسمان زمین سے بلند ہے
اُسی طرح میری راہیں تمہاری راہوں سے بلند ہیں
اور میرے خیال تمہارے خیالوں سے۔
10 جیسے آسمان سے بارش ہوتی اور برف پڑتی ہے
اور تب تک واپس نہیں جاتی جب تک زمین کو سیراب نہ کر لے اور اِس پر پودے نہ اُگا لے اور بڑھا نہ لے
تاکہ بونے والے کو بیج اور کھانے والے کو روٹی ملے
11 ویسے ہی میرا کلام ہوگا* جو میرے مُنہ سے نکلتا ہے۔
وہ بغیر نتیجے کے میرے پاس واپس نہیں آئے گا
بلکہ میری جو بھی خواہش* ہوگی، وہ اُسے ضرور پورا کرے گا
اور اُس مقصد میں ضرور کامیاب ہوگا جس کے لیے مَیں نے اُسے بھیجا ہے۔
12 تُم خوشی خوشی باہر نکلو گے
اور تمہیں سلامتی سے واپس لایا جائے گا۔
تمہارے سامنے پہاڑ اور ٹیلے باغ باغ ہوں گے اور خوشی سے للکاریں گے
اور میدان کے سب درخت تالیاں بجائیں گے۔
13 کانٹےدار جھاڑیوں کی بجائے صنوبر کے درخت اُگیں گے
اور بچھوبُوٹی کی بجائے مہندی کے درخت۔
اِس سے یہوواہ کا نام روشن ہوگا
اور یہ ایک ابدی نشانی ہوگی جو کبھی نہیں مٹے گی۔“