سلاطین کی دوسری کتاب
9 پھر اِلیشع نبی نے نبیوں کے بیٹوں میں سے ایک کو بُلایا اور اُس سے کہا: ”اپنے کپڑے اپنی کمر کے گِرد باندھو اور جلدی سے تیل کی یہ کُپّی لے کر راماتجِلعاد جاؤ۔ 2 جب آپ وہاں پہنچو گے تو یاہُو کے بارے میں پوچھنا جو یہوسفط کے بیٹے اور نِمسی کے پوتے ہیں۔ پھر اندر جانا اور اُنہیں اُن کے بھائیوں کے بیچ سے اُٹھنے کے لیے کہنا اور سب سے اندر والے کمرے میں لے جانا۔ 3 پھر تیل کی کُپّی لے کر اُن کے سر پر تیل ڈالنا اور کہنا: ”یہوواہ نے یہ فرمایا ہے: ”مَیں تمہیں اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح* کرتا ہوں۔““ پھر دروازہ کھول کر فوراً وہاں سے بھاگ جانا۔“
4 تب نبی کا خادم اُٹھ کر راماتجِلعاد کے لیے روانہ ہوا۔ 5 جب وہ وہاں پہنچا تو فوج کے سربراہ وہاں بیٹھے تھے۔ اُس نے کہا: ”سربراہ صاحب! میرے پاس آپ کے لیے ایک پیغام ہے۔“ یاہُو نے پوچھا: ”ہم میں سے کس کے لیے؟“ اُس نے کہا: ”آپ کے لیے، سربراہ صاحب!“ 6 اِس پر یاہُو اُٹھے اور گھر کے اندر گئے۔ خادم نے اُن کے سر پر تیل ڈالا اور اُن سے کہا: ”اِسرائیل کے خدا یہوواہ نے فرمایا ہے: ”مَیں تمہیں یہوواہ کی قوم اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح کرتا ہوں۔ 7 تُم اپنے مالک اخیاب کے گھرانے کو ضرور مٹا دینا اور مَیں اپنے بندوں یعنی نبیوں اور یہوواہ کے اُن سب بندوں کے خون کا بدلہ لوں گا جو اِیزِبل کے ہاتھوں مرے ہیں۔ 8 اخیاب کے پورے گھرانے کا نامونشان مٹ جائے گا اور مَیں اخیاب کے گھرانے کے ہر مرد* کو ہلاک کر دوں گا یہاں تک کہ اِسرائیل کے بےسہارا اور کمزور لوگوں کو بھی۔ 9 مَیں اخیاب کے گھرانے کو نِباط کے بیٹے یرُبعام کے گھرانے اور اخیاہ کے بیٹے بعشا کے گھرانے کی طرح بنا دوں گا۔ 10 اور جہاں تک اِیزِبل کی بات ہے، یزرعیل کی زمین پر کُتے اُس کو کھا جائیں گے اور کوئی اُسے نہیں دفنائے گا۔““ اِس کے ساتھ ہی اُس خادم نے دروازہ کھولا اور بھاگ گیا۔
11 جب یاہُو اپنے مالک کے خادموں کے پاس واپس گئے تو اُنہوں نے پوچھا: ”سب ٹھیک ہے؟ یہ پاگل آدمی آپ سے کیوں ملنے آیا تھا؟“ اُنہوں نے جواب دیا: ”آپ تو اِس طرح کے آدمیوں کو جانتے ہی ہیں کہ یہ کتنی بےتُکی باتیں کرتے ہیں۔“ 12 لیکن اُنہوں نے کہا: ”آپ سچ نہیں بول رہے۔ مہربانی سے ہمیں سچ بتائیں۔“ اِس پر یاہُو نے اُنہیں بتایا کہ اُس آدمی نے کیا کیا کہا تھا۔ اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اُس آدمی نے کہا تھا: ”یہوواہ نے فرمایا ہے: ”مَیں تمہیں اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر مسح کرتا ہوں۔““ 13 تب اُن میں سے ہر ایک نے فوراً اپنے کپڑے لیے اور یاہُو کے آگے سیڑھیوں پر بچھائے اور نرسنگا* بجا کر کہا: ”یاہُو بادشاہ بن گئے ہیں!“ 14 پھر یاہُو نے جو یہوسفط کے بیٹے اور نِمسی کے پوتے تھے، یہورام کے خلاف سازش گھڑی۔
یہورام پوری اِسرائیلی فوج کے ساتھ راماتجِلعاد گیا ہوا تھا تاکہ سُوریہ کے بادشاہ حزائیل کے حملوں سے اِسرائیل کی حفاظت کر سکے۔ 15 بعد میں یہورام یزرعیل واپس آ گیا تاکہ اُس کے وہ زخم بھر سکیں جو سُوریانیوں نے اُسے اُس وقت لگائے تھے جب وہ سُوریہ کے بادشاہ حزائیل سے جنگ لڑ رہا تھا۔
یاہُو نے کہا: ”اگر آپ لوگ* میرے ساتھ ہیں تو کسی کو بھی شہر سے باہر جانے نہ دینا تاکہ یہ خبر یزرعیل تک نہ پہنچے۔“ 16 پھر یاہُو اپنے رتھ پر سوار ہو کر یزرعیل گئے کیونکہ یہورام وہاں زخمی پڑا ہوا تھا اور یہوداہ کا بادشاہ اخزیاہ یہورام سے ملنے آیا ہوا تھا۔ 17 جیسے ہی یزرعیل کے بُرج پر کھڑے پہرےدار نے یاہُو کے آدمیوں کے گروہ کو آتے دیکھا، اُس نے فوراً کہا: ”مجھے آدمیوں کا ایک گروہ نظر آ رہا ہے۔“ یہورام نے کہا: ”ایک گُھڑسوار کو اُن سے ملنے اور یہ پوچھنے بھیجو: ”کیا آپ امن کے اِرادے سے آئے ہیں؟““ 18 تب ایک گُھڑسوار اُن سے ملنے گیا اور کہا: ”بادشاہ نے پوچھا ہے: ”کیا آپ امن کے اِرادے سے آئے ہیں؟““ لیکن یاہُو نے کہا: ”تمہارا امن سے کیا لینا دینا؟ میرے پیچھے چلو!“
پھر پہرےدار نے یہ خبر دی: ”قاصد اُن تک پہنچ گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا۔“ 19 پھر بادشاہ نے ایک اَور گُھڑسوار کو بھیجا جس نے اُن کے پاس جا کر کہا: ”بادشاہ نے پوچھا ہے: ”کیا آپ امن کے اِرادے سے آئے ہیں؟““ لیکن یاہُو نے کہا: ”تمہارا امن سے کیا لینا دینا؟ میرے پیچھے چلو!“
20 پھر پہرےدار نے یہ خبر دی: ”قاصد اُن تک پہنچ گیا تھا لیکن واپس نہیں آیا اور جس طرح سے رتھ چل رہا ہے، اُسے دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اُسے نِمسی کے پوتے* یاہُو چلا رہے ہیں کیونکہ وہ پاگلوں کی طرح رتھ چلاتے ہیں۔“ 21 یہورام نے کہا: ”میرا رتھ تیار کرو!“ تب اُس کا جنگی رتھ تیار کِیا گیا اور اِسرائیل کا بادشاہ یہورام اور یہوداہ کا بادشاہ اخزیاہ اپنے اپنے جنگی رتھ میں یاہُو سے ملنے گئے۔ یاہُو سے اُن کا آمنا سامنا نبوت یزرعیلی کی زمین پر ہوا۔
22 جیسے ہی یہورام نے یاہُو کو دیکھا، اُس نے کہا: ”یاہُو! کیا تُم امن کے اِرادے سے آئے ہو؟“ لیکن یاہُو نے کہا: ”جب تک تمہاری ماں اِیزِبل حرامکاری اور جادوٹونا پھیلائے رکھے گی تب تک کیسا امن؟“ 23 یہورام نے فوراً بھاگنے کے لیے اپنا رتھ موڑا اور اخزیاہ سے کہا: ”اخزیاہ! ہمارے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔“ 24 تب یاہُو نے اپنے ہاتھ میں کمان لی اور یہورام کے کندھوں کے بیچ تیر چلایا۔ وہ تیر اُس کے دل کے آر پار ہو گیا اور وہ اپنے جنگی رتھ میں گِر گیا۔ 25 پھر یاہُو نے اپنے فوجی افسر بِدقر سے کہا: ”اِسے اُٹھا کر نبوت یزرعیلی کے کھیت میں پھینک دو۔ یاد ہے کہ جب مَیں اور آپ اِس کے باپ اخیاب کے پیچھے پیچھے رتھ چلا رہے تھے تو یہوواہ نے اُس کے خلاف یہ سزا سنائی تھی: 26 ”یہوواہ فرماتا ہے: ”مَیں نے دیکھا کہ کل نبوت اور اُس کے بیٹوں کا خون بہایا گیا۔“ یہوواہ فرماتا ہے: ”یقین مانو کہ مَیں اِسی زمین پر تُم سے اُس کے خون کا بدلہ لوں گا۔““ اِس لیے اِسے اُٹھا کر نبوت کی زمین میں پھینک دو تاکہ یہوواہ کی بات پوری ہو۔“
27 جب یہوداہ کے بادشاہ اخزیاہ نے یہ سب دیکھا تو وہ باغ میں موجود گھر کے راستے سے بھاگ گیا۔ ( بعد میں یاہُو نے اُس کا پیچھا کِیا اور کہا: ”اِسے بھی مار ڈالو!“ اِس لیے جب اخزیاہ اُوپر جُور کی طرف جا رہا تھا جو اِبلیعام کے پاس ہے تو اُنہوں نے اُس کے رتھ میں اُس پر وار کِیا۔ مگر وہ بھاگتے بھاگتے مجِدّو تک گیا اور وہاں مر گیا۔ 28 پھر اُس کے خادم ایک رتھ میں اُسے یروشلم لے گئے اور اُسے داؤد کے شہر میں اُس کے باپدادا کے ساتھ اُس کی قبر میں دفنایا۔ 29 اخزیاہ اخیاب کے بیٹے یہورام کی حکمرانی کے 11ویں سال میں یہوداہ کا بادشاہ بنا تھا۔)
30 جب یاہُو یزرعیل پہنچے تو اِیزِبل کو اِس کی خبر ملی۔ اِس لیے اُس نے اپنی آنکھوں کو کالے رنگ سے سجایا، اپنے بال سنوارے اور کھڑکی سے نیچے دیکھنے لگی۔ 31 جب یاہُو دروازے سے اندر آئے تو اِیزِبل نے کہا: ”یاد ہے، زِمری کا کیا حشر ہوا تھا جس نے اپنے مالک کو قتل کِیا تھا؟“ 32 یاہُو نے اُوپر کھڑکی کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: ”کون ہے میری طرف؟ کون ہے؟“ تب دو تین درباریوں نے فوراً اُن کی طرف نیچے دیکھا۔ 33 یاہُو نے اُن سے کہا: ”اِس عورت کو نیچے پھینک دو!“ اِس پر اُنہوں نے اُسے نیچے پھینک دیا۔ اُس کے خون کی چھینٹیں دیوار اور گھوڑوں پر پڑیں اور یاہُو نے اُسے کچل دیا۔ 34 اِس کے بعد یاہُو اندر گئے اور کھایا پیا۔ پھر اُنہوں نے کہا: ”مہربانی سے جا کر اُس لعنتی عورت کو دفنا دو۔ آخر وہ ایک بادشاہ کی بیٹی ہے۔“ 35 لیکن جب وہ اُسے دفنانے گئے تو اُنہیں اُس کی کھوپڑی اور پیروں اور ہتھیلیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ 36 جب اُنہوں نے واپس آ کر یاہُو کو اِس بارے میں بتایا تو اُنہوں نے کہا: ”آج یہوواہ کی یہ بات پوری ہوئی ہے جو اُس نے اپنے بندے ایلیاہ تِشبی کے ذریعے کہی تھی: ”یزرعیل کی زمین پر کُتے اِیزِبل کا گوشت کھائیں گے۔ 37 اور اِیزِبل کی لاش یزرعیل کی زمین پر کھیت میں کھاد بن جائے گی تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے: ”یہ اِیزِبل ہے۔“““