کہانی نمبر ۹۱
پہاڑ پر اچھیاچھی باتیں
کیا آپ کو پتہ ہے کہ یسوع مسیح تصویر میں کیا کر رہے ہیں؟ وہ گلیل میں ایک پہاڑ پر بیٹھے ہیں اور لوگوں کو اچھیاچھی باتیں سکھا رہے ہیں۔ جو آدمی یسوع مسیح کے نزدیک بیٹھے ہیں، وہ اُن کے شاگرد ہیں۔ یسوع مسیح کے ۱۲ خاص شاگرد تھے۔ پاک کلام میں اِن کو رسول کہا گیا ہے۔ کیا آپ کو اِن کے نام آتے ہیں؟
بارہ رسول یہ تھے: شمعون پطرس اور اُن کے بھائی اندریاس۔ یعقوب اور اُن کے بھائی یوحنا۔ ایک اَور رسول کا نام بھی یعقوب تھا اور ایک اَور کا نام بھی شمعون تھا۔ دو رسولوں کے نام یہوداہ تھے۔ اُن میں سے ایک کو یہوداہ اسکریوتی بھی کہتے ہیں اور دوسرے کو تدی بھی کہتے ہیں۔ باقی چار رسول متی، توما، فلپس اور نتنایل تھے۔ نتنایل کو برتلمائی بھی کہتے ہیں۔
جب یسوع مسیح سامریہ سے گلیل آئے تو اُنہوں نے لوگوں کو یہ بتانا شروع کیا کہ ”آسمان کی بادشاہت نزدیک آ گئی ہے۔“ کیا آپ کو پتہ ہے کہ یہ بادشاہت کیا ہے؟ یہ خدا کی حکومت ہے۔ یسوع مسیح اِس حکومت کے بادشاہ ہیں۔ وہ آسمان سے حکومت کریں گے۔ خدا کی بادشاہت ساری زمین کو فردوس بنا دے گی۔ اُس وقت سب لوگوں میں صلح ہوگی۔
جب یسوع مسیح پہاڑ پر تھے تو اُنہوں نے لوگوں کو خدا کی بادشاہت کے بارے میں بتایا۔ اُنہوں نے دُعا کرنا بھی سکھائی۔ یسوع مسیح نے کہا: ”اِس طرح دُعا کِیا کرو: اَے ہمارے باپ! تیرے نام کی بڑائی ہو، تیری بادشاہت آئے، جیسے تیری مرضی آسمان پر پوری ہو رہی ہے ویسے ہی زمین پر بھی پوری ہو۔“ لوگ اِس دُعا کو دُعائےربانی کہتے ہیں۔ اِس دُعا میں یسوع مسیح نے اَور بھی باتیں بتائی تھیں۔ کیا آپ کو یہ پوری دُعا آتی ہے؟
پہاڑ پر یسوع مسیح نے لوگوں کو ایک اَور اہم بات بھی سکھائی۔ اُنہوں نے کہا: ”جو کچھ تُم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں، وہی تُم بھی اُن کے ساتھ کرو۔“ اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا چاہئے۔ جب لوگ آپ کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں تو آپ خوش ہوتے ہیں، ہےنا؟ فردوس میں سب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کریں گے۔ تب کتنا مزہ آئے گا!
متی ۵-۷ باب؛ متی ۱۰:۱-۴۔