سبق نمبر 08
آپ یہوواہ خدا کے دوست بن سکتے ہیں
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ آپ اُسے اَور اچھی طرح جانیں۔ وہ ایسا کیوں چاہتا ہے؟ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ جب آ پ اُس کی ذات کو اَور اچھی طرح سمجھیں گے اور یہ سیکھیں گے کہ وہ اِنسانوں کے ساتھ کیسے پیش آتا ہے اور اُن کے سلسلے میں کیا چاہتا ہے تو آپ کے دل میں اُس کے دوست بننے کی خواہش بڑھے گی۔ لیکن کیا آپ سچ میں خدا کے دوست بن سکتے ہیں؟ (زبور 25:14 کو فٹنوٹ سے پڑھیں۔ a ) خدا کے دوست بننے کے لیے آپ کو کیا کرنا ہوگا؟ اِن سوالوں کے جواب بائبل میں دیے گئے ہیں۔ اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہوواہ خدا کے ساتھ دوستی اِتنا خاص رشتہ ہے کہ اِس جیسا رشتہ کوئی اَور نہیں ہو سکتا۔
1. یہوواہ خدا آپ کو کیا کرنے کی دعوت دیتا ہے؟
یہوواہ خدا بائبل میں آپ سے کہتا ہے: ”خدا کے قریب جائیں تو وہ آپ کے قریب آئے گا۔“ (یعقوب 4:8) یہ کہنے سے یہوواہ خدا نے آپ کو اپنا دوست بننے کی دعوت دی ہے۔ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ خدا کے دوست نہیں بن سکتے کیونکہ اِنسان خدا کو دیکھ نہیں سکتے۔ لیکن یہوواہ خدا نے اپنے کلام بائبل میں ہمیں اپنے بارے میں وہ ساری باتیں بتائی ہیں جن کے ذریعے ہم اُس کے قریب جا سکتے ہیں۔ سچ ہے کہ ہم خدا کو دیکھ نہیں سکتے لیکن جب ہم بائبل میں اُس کی باتیں پڑھتے ہیں تو اُس کے ساتھ ہماری دوستی مضبوط ہو جاتی ہے۔
2. ہم کیوں کہہ سکتے ہیں کہ یہوواہ سے اچھا دوست کوئی اَور نہیں ہو سکتا؟
جتنا پیار یہوواہ خدا آپ سے کرتا ہے اُتنا کوئی اَور نہیں کرتا۔ وہ چاہتا ہے کہ آپ خوش رہیں اور جب بھی ضرورت ہو، اُس سے مدد مانگیں۔ وہ آپ سے کہتا ہے کہ آپ ”اپنی ساری پریشانیاں اُس پر ڈال دیں کیونکہ اُس کو آپ کی فکر ہے۔“ (1-پطرس 5:7) یہوواہ خدا اپنے دوستوں کی مدد کرنے، اُنہیں تسلی دینے اور اُن کی بات سننے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔—زبور 94:18، 19 کو پڑھیں۔
3. یہوواہ خدا کے دوست بننے کے لیے کیا ضروری ہے؟
ویسے تو یہوواہ سب لوگوں سے پیار کرتا ہے ”لیکن سیدھی راہ پر چلنے والے لوگوں سے اُس کی گہری دوستی ہے۔“ (امثال 3:32، ترجمہ نئی دُنیا) یہوواہ چاہتا ہے کہ اُس کے دوست ایسے کام کرنے کی کوشش کریں جو اُس کی نظر میں صحیح ہیں اور ایسے کاموں سے دُور رہیں جو اُس کی نظر میں غلط ہیں۔ کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ اُن سب باتوں پر عمل نہیں کر سکتے جو یہوواہ خدا نے صحیح اور غلط کے حوالے سے بتائی ہیں۔ لیکن یہوواہ کا دل بہت بڑا ہے۔ وہ اُن سب لوگوں کو قبول کرتا ہے جو اُس سے دل سے پیار کرتے ہیں اور اُسے خوش کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔—زبور 147:11؛ اعمال 10:34، 35۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
اِس بارے میں مزید جانیں کہ آپ یہوواہ خدا کے دوست کیسے بن سکتے ہیں اور اُس سے اچھا دوست کوئی اَور کیوں نہیں ہو سکتا۔
4. ابراہام یہوواہ خدا کے دوست تھے
جب ہم بائبل میں ابراہام کے بارے میں پڑھتے ہیں (جنہیں ابرام بھی کہا گیا ہے) تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ خدا کے دوست بننے کا کیا مطلب ہے۔ پیدایش 12:1-4 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا نے ابراہام سے کیا کرنے کو کہا؟
یہوواہ خدا نے ابراہام سے کیا وعدہ کِیا؟
یہوواہ خدا کے حکم پر ابراہام نے کیا کِیا؟
5. یہوواہ خدا اپنے دوستوں سے کیا توقع کرتا ہے؟
ہم اپنے دوستوں سے کچھ خاص باتوں کی توقع کرتے ہیں۔
آپ اپنے دوستوں سے کن باتوں کی توقع کرتے ہیں؟
پہلا یوحنا 5:3 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ اپنے دوستوں سے کس بات کی توقع کرتا ہے؟
یہوواہ خدا کے حکموں پر عمل کرنے کے لیے شاید ہمیں اپنے چالچلن اور اپنی عادتوں کو بدلنا پڑے۔ یسعیاہ 48:17، 18 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا اپنے دوستوں سے یہ کیوں کہتا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں تبدیلیاں کریں؟
6. یہوواہ خدا اپنے دوستوں کی مدد کیسے کرتا ہے؟
یہوواہ خدا اپنے دوستوں کی مدد کرتا ہے تاکہ وہ اپنے مسئلوں سے نمٹ سکیں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا نے اِس عورت کی مدد کیسے کی تاکہ وہ اپنے خوف اور ذہنی پریشانی پر قابو پا سکے؟
یسعیاہ 41:10، 13 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا نے اپنے سب دوستوں سے کیا وعدہ کِیا ہے؟
کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہوواہ خدا آپ کا اچھا دوست بن سکتا ہے؟ آپ کو ایسا کیوں لگتا ہے؟
7. یہوواہ کے دوست بننے کے لیے اُس سے باتچیت کرنا ضروری ہے
جب دو دوست آپس میں باتچیت کرتے ہیں تو اُن کی دوستی مضبوط ہوتی ہے۔ زبور 86:6، 11 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہم یہوواہ خدا سے کیسے بات کر سکتے ہیں؟
یہوواہ خدا ہم سے کیسے بات کرتا ہے؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”اِنسان خدا کے دوست نہیں بن سکتے۔“
آپ کسی کو یہ بتانے کے لیے کون سی آیت اِستعمال کریں گے کہ ہم خدا کے دوست بن سکتے ہیں؟
خلاصہ
یہوواہ خدا آپ کا دوست بننا چاہتا ہے اور وہ آپ کی مدد کرے گا کہ آپ اُس کے قریب جائیں۔
دُہرائی
یہوواہ خدا اپنے دوستوں کی مدد کیسے کرتا ہے؟
یہوواہ خدا اپنے دوستوں سے یہ کیوں کہتا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں تبدیلیاں کریں؟
آپ کے خیال میں کیا یہوواہ خدا اپنے دوستوں سے بہت سی باتوں کی توقع کرتا ہے؟ اگر ہاں تو کیوں اور اگر نہیں تو کیوں نہیں؟
مزید جانیں
خدا کے ساتھ دوستی کرنے سے آپ کو کیا فائدہ ہوگا؟
”یہوواہ خدا کو جاننے کے فائدے“ (مینارِنگہبانی، 15 فروری 2003ء)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ہم خدا کے دوست کیسے بن سکتے ہیں۔
”مَیں خدا کا دوست کیسے بن سکتا ہوں؟“ (نوجوانوں کے سوال اور اُن کے فائدہ مند جواب، جِلد 2، باب 35)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک عورت کو یہ کیوں لگتا ہے کہ یہوواہ خدا کے ساتھ دوستی کی وجہ سے اُس کی زندگی بچ گئی۔
”مَیں مرنا نہیں چاہتی تھی“ (مینارِنگہبانی، نمبر 1 2017ء)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ کچھ نوجوان یہوواہ خدا کے ساتھ اپنی دوستی کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں۔
a زبور 25:14 (ترجمہ نئی دُنیا): ”یہوواہ سے قریبی دوستی وہ لوگ کر سکتے ہیں جو اُس کا خوف رکھتے ہیں اور وہ اُنہیں اپنے عہد کے بارے میں بتاتا ہے۔“