باب 25
ایک کوڑھی سے ہمدردی
متی 8:1-4 مرقس 1:40-45 لُوقا 5:12-16
یسوع مسیح نے ایک کوڑھی کو شفا دی
جب یسوع مسیح اپنے چار شاگردوں کے ساتھ ”گلیل کے سارے علاقے کی عبادتگاہوں میں جا کر مُنادی“ کر رہے تھے تو اُن کے معجزوں کی خبر ہر طرف پھیل رہی تھی۔ (مرقس 1:39) ایک شہر میں ایک کوڑھی نے بھی یسوع مسیح کے معجزوں کی خبر سنی۔ کوڑھ کی بیماری بہت ہولناک ہوتی ہے کیونکہ اِس سے ایک شخص کے جسم کے اعضا آہستہ آہستہ سڑنے لگتے ہیں۔ لُوقا جو کہ ایک معالج تھے، اُنہوں نے اُس آدمی کی حالت کے بارے میں لکھا کہ اُس کا ”پورا جسم کوڑھ سے متاثر تھا۔“—لُوقا 5:12۔
اِس سے ہم اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اِس آدمی کی حالت بہت ہی خراب تھی۔ کوڑھ چُھوت کی بیماری تھی اِس لیے کوڑھیوں کو دوسروں سے دُور رہنا پڑتا تھا۔ اور اگر اُن کے آسپاس لوگ ہوتے تھے تو اُنہیں لوگوں کو اپنی بیماری سے آگاہ کرنے کے لیے چلّا کر ”ناپاک، ناپاک“ کہنا پڑتا تھا۔ (احبار 13:45، 46) لیکن جب اِس کوڑھی نے یسوع مسیح کو دیکھا تو اُس نے کیا کِیا؟ وہ اُن کے پاس گیا اور مُنہ کے بل گِر کر اِلتجا کرنے لگا: ”مالک! اگر آپ چاہیں تو مجھے ٹھیک کر سکتے ہیں۔“—متی 8:2۔
یہ کوڑھی یسوع مسیح پر واقعی بہت مضبوط ایمان رکھتا تھا۔ اُس کی دردناک حالت کو دیکھ کر یسوع مسیح کا ردِعمل کیا تھا؟ اگر آپ وہاں ہوتے تو آپ کا ردِعمل کیا ہوتا؟ یسوع مسیح کو اِس آدمی پر بڑا ترس آیا۔ اُنہوں نے اپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے چُھوا اور کہا: ”مَیں آپ کو ٹھیک کرنا چاہتا ہوں۔ تندرست ہو جائیں۔“ (متی 8:3) اِس پر اُس آدمی کا کوڑھ فوراً دُور ہو گیا۔ بِلاشُبہ یہ دیکھ کر لوگوں کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا ہوگا۔
کیا یسوع مسیح سے زیادہ ہمدرد اور قابل بادشاہ کوئی اَور ہو سکتا ہے؟ جس طرح سے یسوع مسیح کوڑھی کے ساتھ پیش آئے، اِس سے ہمیں یقین ہو جاتا ہے کہ جب وہ پوری زمین پر حکمرانی کریں گے تو بائبل میں درج یہ پیشگوئی ضرور پوری ہوگی: ”وہ غریب اور محتاج پر ترس کھائے گا۔ اور محتاجوں کی جان کو بچائے گا۔“ (زبور 72:13) اُس وقت یسوع مسیح اپنی دلی خواہش پوری کریں گے اور تمام بیماروں کو شفا دیں گے۔
آپ کو یاد ہوگا کہ اِس کوڑھی کو شفا دینے سے پہلے ہی یسوع مسیح کا چر چا ہر طرف ہو رہا تھا۔ یسوع کو معلوم تھا کہ اگر لوگ اِس معجزے کے بارے میں سنیں گے تو اُن کا چرچا اَور بھی بڑھے گا۔ مگر وہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ صرف دوسروں کی باتیں سُن کر اُن پر ایمان لے آئیں۔ وہ جانتے تھے کہ اُن کے بارے میں پیشگوئی کی گئی تھی کہ ”بازاروں میں اُس کی آواز [نہیں] سنائی دے گی“ یعنی وہ اپنے کاموں کا ڈھنڈورا نہیں پیٹیں گے۔ (یسعیاہ 42:1، 2) اِس لیے یسوع مسیح نے کوڑھی کو شفا دینے کے بعد اُس سے کہا: ”کسی کو یہ بات نہ بتائیں بلکہ جائیں، اپنے آپ کو کاہن کو دِکھائیں اور وہ نذرانہ پیش کریں جس کا موسیٰ کی شریعت میں ذکر کِیا گیا ہے۔“—متی 8:4۔
لیکن وہ کوڑھی اپنی شفایابی پر اِتنا خوش تھا کہ وہ خاموش نہیں رہا بلکہ اُس نے جا کر سب لوگوں کو اِس معجزے کے بارے میں بتایا۔ یہ خبر سُن کر لوگوں کے دل میں یسوع کو دیکھنے کا شوق اِتنا بڑھ گیا کہ یسوع مسیح کے لیے کُھلے عام کسی شہر میں داخل ہونا ناممکن ہو گیا۔ اِس لیے اُنہیں کچھ عرصے تک سنسان جگہوں میں رہنا پڑا۔ اِس کے باوجود لوگ ہر طرف سے اُن کی باتیں سننے اور شفا پانے کے لیے اُن کے پاس آتے رہے۔