سبق نمبر 36
ہر بات میں ایمانداری سے کام لیں
ہر شخص چاہتا ہے کہ اُس کی دوستی ایسے لوگوں سے ہو جو ایماندار ہوں۔ یہوواہ خدا بھی اپنے دوستوں سے یہی چاہتا ہے۔ لیکن ایک ایسی دُنیا میں ایمانداری سے کام لینا آسان نہیں ہے جس میں بہت سے لوگ بددیانت ہیں۔ ہر بات میں ایمانداری سے کام لینے کے کون سے فائدے ہوتے ہیں؟
1. ایمانداری سے کام لینے کی سب سے بڑی وجہ کیا ہے؟
جب ہم دوسروں کے ساتھ ایمانداری سے پیش آتے ہیں تو ہم ظاہر کرتے ہیں کہ ہم یہوواہ سے محبت کرتے ہیں اور اُس کا احترام کرتے ہیں۔ دراصل ہم جو بھی سوچتے یا کرتے ہیں، یہوواہ اُس سب کے بارے میں جانتا ہے۔ (عبرانیوں 4:13) جب ہم ایمانداری سے کام لیتے ہیں تو وہ یہ دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔اُس کے کلام میں لکھا ہے: ”یہوواہ کو دھوکےباز لوگوں سے نفرت ہے لیکن سیدھی راہ پر چلنے والے لوگوں سے اُس کی گہری دوستی ہے۔“—امثال 3:32، ترجمہ نئی دُنیا۔
2. روزمرہ زندگی میں ایمانداری سے کام لینے کے کچھ طریقے کون سے ہیں؟
یہوواہ خدا اپنے کلام میں ہم سے کہتا ہے: ”ایک دوسرے سے سچ بولو۔“ (زکریاہ 8:16، 17، کیتھولک ترجمہ) اِس کا مطلب ہے کہ ہمیں اپنے گھر والوں سے، اپنے ساتھ کام کرنے والوں سے، اپنے مسیحی بہن بھائیوں سے اور سرکاری افسروں سے بات کرتے وقت جھوٹ نہیں بولنا چاہیے اور نہ ہی معلومات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا چاہیے۔ ایماندار لوگ نہ تو چوری کرتے ہیں اور نہ ہی دوسروں کو دھوکا دیتے ہیں۔ (امثال 24:28 اور اِفسیوں 4:28 کو پڑھیں۔) وہ حکومت کی طرف سے لگائے گئے سارے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں۔ (رومیوں 13:5-7) ایسے کام کرنے سے ہم ظاہر کرتے ہیں کہ ”ہم ہر بات میں ایمانداری سے کام لینا چاہتے ہیں۔“—عبرانیوں 13:18۔
3. ایمانداری سے کام لینے کے کیا فائدے ہیں؟
اگر ہم ایک ایماندار شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں تو لوگ ہم پر بھروسا کریں گے۔ اگر کلیسیا میں سب ایمانداری سے کام لیں گے تو سب محفوظ محسوس کریں گے بالکل ویسے ہی جیسے اپنے گھر میں کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ہمارا ضمیر صاف رہے گا۔ ایمانداری سے کام لینے کا ایک اَور فائدہ یہ ہے کہ ہم اپنے ”خدا کی تعلیم کی خوبصورتی کو ظاہر“ کرتے ہیں اور یہ دیکھ کر لوگوں کے دل میں یہوواہ کی عبادت کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔—طِطُس 2:10۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
غور کریں کہ جب آپ ایمانداری سے کام لیتے ہیں تو اِس کا آپ کو کیا فائدہ ہوتا ہے اور یہوواہ کو کیسا لگتا ہے۔ یہ بھی سیکھیں کہ آ پ مختلف معاملوں میں ایمانداری سے کام کیسے لے سکتے ہیں۔
4. جب ہم ایمانداری سے کام لیتے ہیں تو یہوواہ خوش ہوتا ہے
زبور 44:21 اور ملاکی 3:16 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہمیں یہ کیوں نہیں سوچنا چاہیے کہ ہم یہوواہ سے کچھ چھپا سکتے ہیں؟
اگر ہم اُس وقت بھی سچ بولتے ہیں جب ہمارے لیے ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے تو آپ کے خیال میں یہوواہ کو کیسا لگتا ہے؟
5. ہمیشہ ایمانداری سے کام لیں
بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ ہمیشہ ایمانداری سے کام لینا سمجھداری کی بات نہیں ہے۔ لیکن غور کریں کہ ہمیں ہمیشہ ایمانداری سے کام کیوں لینا چاہیے۔ ویڈیو چلائیں۔
عبرانیوں 13:18 کو پڑھیں اور پھر اِس بارے میں باتچیت کریں کہ ہم اُس وقت ایمانداری سے کام کیسے لے سکتے ہیں . . .
جب ہم اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوتے ہیں؟
جب ہم اپنے کام پر یا سکول میں ہوتے ہیں؟
جب ہم کہیں اَور ہوتے ہیں؟
6. ایمانداری سے کام لینے کے فائدے
شاید ہمیں لگے کہ ایمانداری سے کام لینے سے ہم مشکل میں پڑ سکتے ہیں۔ لیکن اصل میں ایمانداری سے کام لینے کا ہمیشہ فائدہ ہی ہوتا ہے۔ زبور 34:12-16 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ایمانداری سے کام لینے سے آپ کی زندگی بہتر کیوں ہو جاتی ہے؟
(1) جب میاں بیوی ایمانداری سے کام لیتے ہیں تو اُن کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔
(2) جب ہم اپنی ملازمت کی جگہ پر ایمانداری سے کام کرتے ہیں تو ہمارا باس ہم پر بھروسا کرتا ہے۔
(3) سرکاری افسر ایماندار شہریوں کی عزت کرتے ہیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”اگر جھوٹ بولنے سے کسی کا نقصان نہیں ہوتا تو اِس میں کوئی بُرائی نہیں ہے۔“
آپ یہ کیوں مانتے ہیں کہ یہوواہ کو ہر قسم کے جھوٹ سے نفرت ہے؟
خلاصہ
یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ اُس کے دوست ہمیشہ سچ بولیں اور ایمانداری سے کام لیں۔
دُہرائی
ایمانداری سے کام لینے کے کچھ طریقے بتائیں۔
ہمیں یہ کیوں نہیں سوچنا چاہیے کہ ہم یہوواہ سے سچ چھپا سکتے ہیں؟
آپ ہمیشہ ایمانداری سے کام کیوں لینا چاہتے ہیں؟
مزید جانیں
ماں باپ اپنے بچوں کو ایمانداری سے کام لینا کیسے سکھا سکتے ہیں؟
اپنے وعدے پورے کرنے کے کون سے فائدے ہوتے ہیں؟
غور کریں کہ کیا ہمیں اُس وقت بھی ٹیکس دینے چاہئیں جب ہمیں پتہ ہو کہ اِنہیں صحیح طرح اِستعمال نہیں کِیا جائے گا۔
”کیا آپ کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے؟“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک بددیانت شخص ایماندار کیسے بن گیا۔