صادق لوگ ہمیشہ خدا کی حمدوستائش کریں گے
”صادق کی یادگار ہمیشہ رہے گی۔ . . . اُس کی صداقت ہمیشہ قائم رہے گی۔“—زبور ۱۱۲:۶، ۹۔
۱. (ا) اُن لوگوں کا مستقبل کیسا ہوگا جو خدا کی نظر میں صادق ہیں؟ (ب) ہم کس سوال پر غور کریں گے؟
اُن تمام لوگوں کا مستقبل کتنا شاندار ہوگا جو خدا کی نظر میں صادق ہیں! وہ ہمیشہ خوشی سے یہوواہ خدا کی خوبیوں کے بارے میں سیکھتے رہیں گے۔ خدا کے عظیم کاموں کو دیکھ کر وہ دل سے خدا کی حمدوستائش کریں گے۔ لیکن اِس شاندار مستقبل کو حاصل کرنے کے لئے ”راستبازی“ کی خوبی بہت ضروری ہے جسے زبور ۱۱۲ میں اُجاگر کِیا گیا ہے۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گنہگار انسان قدوس اور صادق خدا یہوواہ کی نظر میں راستباز کیسے ٹھہر سکتے ہیں؟ اگرچہ ہم اچھے کام کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں توبھی ہم سے غلطیاں سرزد ہو جاتی ہیں۔ بعضاوقات، تو ہم سے سنگین گُناہ ہو جاتے ہیں۔—روم ۳:۲۳؛ یعقو ۳:۲۔
۲. یہوواہ خدا نے محبت کی بِنا پر کونسے دو معجزے کئے؟
۲ یہوواہ خدا نے محبت کی بِنا پر گنہگار انسانوں کو راستباز ٹھہرانے کے لئے ایک بندوبست کِیا ہے۔ پہلے تو اُس نے معجزانہ طور پر اپنے پیارے بیٹے کی زندگی کو ایک کنواری کے رحم میں منتقل کِیا تاکہ وہ گُناہ سے پاک انسان کے طور پر پیدا ہو۔ (لو ۱:۳۰-۳۵) بعدازاں، جب یسوع کے دشمنوں نے اُسے مصلوب کر دیا تو یہوواہ خدا نے ایک اَور معجزہ کِیا۔ خدا نے اُسے ایک روحانی مخلوق کے طور پر دوبارہ زندہ کِیا۔—۱-پطر ۳:۱۸۔
۳. یہوواہ خدا اپنے بیٹے کو غیرفانی زندگی عطا کر کے کیوں خوش تھا؟
۳ یہوواہ خدا نے یسوع مسیح کو آسمان پر غیرفانی زندگی یعنی ایسی زندگی عطا کی جو کبھی ختم نہیں ہو سکتی۔ زمین پر آنے سے پہلے یسوع کو ایسی زندگی حاصل نہیں تھی۔ (عبر ۷:۱۵-۱۷، ۲۸) چونکہ یسوع مسیح سخت آزمائشوں کے باوجود اپنی راستی پر قائم رہا اِس لئے یہوواہ خدا اُسے یہ زندگی عطا کرکے خوش تھا۔ ہم جانتے ہیں کہ شیطان نے یہ دعویٰ کِیا تھا کہ انسان محبت کی وجہ سے نہیں بلکہ خودغرضی کی بِنا پر خدا کی خدمت کرتے ہیں۔ لیکن اپنی موت تک وفادار رہنے سے یسوع مسیح نے شیطان کے اِس الزام کو جھوٹا ثابت کِیا اور یہوواہ خدا کے دل کو شاد کِیا۔—امثا ۲۷:۱۱۔
۴. (ا) آسمان پر جانے کے بعد یسوع مسیح نے ہمارے لئے کیا کِیا، اور یہوواہ خدا نے کیسا ردِعمل دکھایا؟ (ب) یہوواہ خدا اور یسوع مسیح نے آپ کے لئے جوکچھ کِیا ہے آپ اُس کے لئے کیسا محسوس کرتے ہیں؟
۴ آسمان پر جانے کے بعد یسوع مسیح نے بہت کچھ کِیا۔ وہ ’اپنے خون‘ کی قیمت لے کر ”خدا کے روبرو ہماری خاطر حاضر“ ہوا۔ ہمارے شفیق آسمانی باپ نے یسوع کی قُربانی کو ’ہمارے گُناہوں کے کفارہ‘ کے طور پر قبول کِیا۔ اِس لئے ہم ’پاک دل [”ضمیر“ نیو اُردو بائبل ورشن]‘ کے ساتھ ”زندہ خدا کی عبادت“ کر سکتے ہیں۔ اِس وجہ سے یقیناً ہم زبور ۱۱۲ کے اِن ابتدائی الفاظ سے متفق ہوں گے: ”[یاہ] کی حمد کرو۔“—عبر ۹:۱۲-۱۴، ۲۴؛ ۱-یوح ۲:۲۔
۵. (ا) خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ (ب) زبور ۱۱۱ اور ۱۱۲ کو کیسے ترتیب دیا گیا ہے؟
۵ خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرنے کے لئے ہمیں یسوع مسیح کے بہائے ہوئے خون پر ایمان رکھنا چاہئے۔ ہمیں ہر روز اِس محبت کے لئے یہوواہ خدا کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ (یوح ۳:۱۶) اِس کے علاوہ، ہمیں باقاعدگی سے خدا کے کلام کا مطالعہ کرنا چاہئے اور اِس کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے۔ زبور ۱۱۲ میں اُن تمام لوگوں کے لئے عمدہ مشورت پائی جاتی ہے جو خدا کے حضور نیک ضمیر رکھنا چاہتے ہیں۔ زبور ۱۱۲ اور ۱۱۱ ایکدوسرے کے ساتھ منسلک ہیں۔ دونوں زبور کا آغاز ”ہللویاہ“ یا ”[یاہ] کی حمد کرو“ کے الفاظ سے ہوتا ہے۔ دونوں زبور کی ۲۲ لائنیں ہیں اور ہر لائن ۲۲ عبرانی حروفِتہجی کی ترتیب کے مطابق مختلف حرف سے شروع ہوتی ہے۔a
خوش ہونے کی وجہ
۶. زبور ۱۱۲ کے مطابق خدا سے ڈرنے والا ”آدمی“ کیسے مبارک ہے؟
۶ ”مبارک ہے وہ آدمی جو [یہوواہ] سے ڈرتا ہے اور اُس کے حکموں میں خوب مسرور رہتا ہے۔ اُس کی نسل زمین پر زورآور ہوگی۔ راستبازوں کی اولاد مبارک ہوگی۔“ (زبور ۱۱۲:۱، ۲) غور کریں کہ زبور نویس پہلی آیت میں لفظ ”آدمی“ اور دوسری آیت کے آخری حصے میں لفظ ”راستبازوں“ استعمال کرتا ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ زبور ۱۱۲ کا اطلاق لوگوں کے ایک گروہ پر بھی کِیا جا سکتا ہے۔ پہلی صدی میں پولس رسول نے مسیحیوں کے ساتھ خدا کے برتاؤ کے متعلق بیان کرتے ہوئے زبور ۱۱۲:۹ کا حوالہ دیا۔ (۲-کرنتھیوں ۹:۸، ۹ کو پڑھیں۔) یہ زبور بڑے شاندار طریقے سے واضح کرتا ہے کہ آجکل زمین پر مسیح کے پیروکار کیسے خوش رہ سکتے ہیں۔—متی ۲۴:۴۵۔
۷. (ا) خدا کے خادموں کو اُس سے کیوں ڈرنا چاہئے؟ (ب) آپ کو خدا کے حکموں کو کیسا خیال کرنا چاہئے؟
۷ زبور ۱۱۲:۱ میں بیان کِیا گیا ہے کہ جو لوگ ’خدا سے ڈرتے‘ ہیں اُنہیں بڑی خوشی حاصل ہوتی ہے۔ خدا کو ناراض کرنے سے ڈرنا، مسیحیوں کو شیطان کی دُنیا کی رُوح کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ وہ خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے اور اُس کے حکموں کو ماننے سے ”خوب مسرور“ ہوتے ہیں۔ خدا کے حکموں میں پوری زمین پر بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کرنے کا حکم بھی شامل ہے۔ پس بدکار لوگوں کو خدا کے آنے والے عدالتی دن سے آگاہ کرتے ہوئے خدا کے خادم سب قوموں کے لوگوں کو شاگرد بنانے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔—حز ۳:۱۷، ۱۸؛ متی ۲۸:۱۹، ۲۰۔
۸. (ا) آجکل خدا کے لوگوں کو اُن کی کوششوں کا اَجر کیسے ملا ہے؟ (ب) زمین پر ہمیشہ کی زندگی کی اُمید رکھنے والے لوگوں کو مستقبل میں کونسی برکات حاصل ہوں گی؟
۸ مُنادی کرنے اور شاگرد بنانے کے خدا کے حکم کو ماننے کی وجہ سے آج پوری زمین پر اُس کے خادموں کی تعداد تقریباً ۷۰ لاکھ ہو گئی ہے۔ اِس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا کہ خدا کے لوگ ”زمین پر زورآور“ ہو گئے ہیں۔ (یوح ۱۰:۱۶؛ مکا ۷:۹، ۱۴) جب خدا اپنے مقصد کو پورا کرے گا تو اُس کے لوگ کسقدر ”مبارک“ ہوں گے! زمین پر ہمیشہ کی زندگی کی اُمید رکھنے والے لوگ آنے والی ”بڑی مصیبت“ سے بچائے جائیں گے۔ وہ ایک ”نئی زمین“ یعنی نئے انسانی معاشرے کو تشکیل دیں گے جس میں ”راستبازی بسی رہے گی۔“ ہرمجدون سے بچ نکلنے والے اَور بھی زیادہ ”مبارک“ ہوں گے۔ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھنے والے لاکھوں لوگوں کا استقبال کریں گے۔ کیا ہی شاندار اُمید! خدا کے حکموں میں ”خوب مسرور“ رہنے والے لو گ بالاخر گناہ سے پاک ہو جائیں گے اور ”خدا کے فرزندوں کے جلال کی آزادی میں داخل“ ہوں گے۔—۲-پطر ۳:۱۳؛ روم ۸:۲۱۔
مالودولت کا دانشمندانہ استعمال
۹، ۱۰. (ا) ممسوح مسیحی اپنی روحانی دولت کو کیسے استعمال کرتے ہیں؟ (ب) ممسوح مسیحیوں کی صداقت کیسے ابد تک قائم رہے گی؟
۹ ”مالودولت اُس کے گھر میں ہے اور اُس کی صداقت ابد تک قائم ہے۔ راستبازوں کے لئے تاریکی میں نُور چمکتا ہے۔ وہ رحیموکریم اور صادق ہے۔“ (زبور ۱۱۲:۳، ۴) یہ سچ ہے کہ قدیم زمانے میں خدا کے بعض خادموں کے پاس بہت زیادہ مالودولت تھا۔ تاہم، خدا کی پسندیدگی حاصل کرنے والے لوگوں کے پاس خواہ مالودولت نہ بھی ہو، توبھی وہ دولتمند ہوتے ہیں۔ درحقیقت، خدا کے حضور عاجزی ظاہر کرنے والے بیشتر لوگوں کو ادنیٰ اور حقیر خیال کِیا جاتا تھا جیسا کہ یسوع مسیح کے زمانے میں بھی تھا۔ (لو ۴:۱۸؛ ۷:۲۲؛ یوح ۷:۴۹) لیکن کسی شخص کے پاس مالودولت زیادہ ہو یا کم، وہ روحانی لحاظ سے دولتمند بن سکتا ہے۔—متی ۶:۲۰؛ ۱-تیم ۶:۱۸، ۱۹؛ یعقوب ۲:۵ کو پڑھیں۔
۱۰ ممسوح مسیحی اور اُن کے ساتھی اپنی روحانی دولت کو صرف اپنے تک ہی محدود نہیں رکھتے۔ اُنہوں نے شیطان کی تاریک دُنیا میں ’راستبازوں کے لئے نور‘ کے طور پر روشنی ’چمکائی‘ ہے۔ اُنہوں نے خدا کی حکمت اور معرفت کے روحانی خزانے سے فائدہ اُٹھانے میں دوسروں کی مدد کرنے سے ایسا کِیا ہے۔ بادشاہت کی مُنادی کے کام کو روکنے کے لئے مخالفین کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ بیشک، صداقت کے اِس کام کے نتائج ”ابد تک قائم“ رہیں گے۔ خدا کے وفادار خادم آزمائشوں کے باوجود صداقت کی راہ پر چلتے رہتے ہیں۔ اِس لئے وہ ”ابد تک قائم“ رہنے یعنی ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کا یقین رکھ سکتے ہیں۔
۱۱، ۱۲. خدا کے لوگ اپنے مالودولت کو بعض کن طریقوں سے استعمال کرتے ہیں؟
۱۱ ممسوح مسیحیوں اور ”بڑی بِھیڑ“ نے مالودولت کو بھی فیاضی سے استعمال کِیا ہے۔ زبور ۱۱۲:۹ بیان کرتی ہے: ”اُس نے بانٹا اور محتاجوں کو دیا۔“ آجکل مسیحی نہ صرف اپنے ہمایمان بہنبھائیوں کے لئے بلکہ دیگر ضرورتمند لوگوں کے لئے بھی عطیات دیتے ہیں۔ جب کسی علاقے میں کوئی آفت آن پڑتی ہے تو وہ روپے پیسے اور مختلف چیزوں کے ذریعے وہاں کے لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ ایسا کرنے سے اُنہیں بہت خوشی ملتی ہے جیسا کہ یسوع مسیح نے واضح کِیا تھا۔—اعمال ۲۰:۳۵؛ ۲-کرنتھیوں ۹:۷ کو پڑھیں۔
۱۲ اِس کے علاوہ، ذرا اِس رسالے کی اشاعت پر ہونے والے اخراجات کے بارے میں بھی سوچیں۔ یہ رسالہ ۱۷۲ زبانوں میں شائع ہوتا ہے اِن میں سے بیشتر زبانیں ایسی ہیں جنہیں بولنے والے غریب ہیں۔ اِس بات پر بھی غور کریں کہ یہ رسالہ گونگوں کے لئے اشاروں کی زبان میں اور نابینا لوگوں کے لئے بریل زبان (اُبھرے ہوئے الفاظ) میں دستیاب ہے۔
رحمدل اور راست
۱۳. (ا) کون مہربانی دکھانے اور خوشی سے دینے کے سلسلے میں بہترین مثال قائم کرتے ہیں؟ (ب) ہم اُن کی نقل کیسے کر سکتے ہیں؟
۱۳ ”رحمدل اور قرض دینے والا آدمی سعادتمند ہے۔“ (زبور ۱۱۲:۵) یقیناً آپ اِس بات سے متفق ہوں گے کہ دوسروں کی مدد کرنے والے لوگ ہمیشہ رحمدل نہیں ہوتے۔ بعض لوگ دکھاوے کے لئے دوسروں کی مدد کرتے ہیں اور بعض اِسے محض ایک فرض سمجھتے ہیں۔ یقیناً آپ ایسے لوگوں سے مدد لے کر اچھا محسوس نہیں کریں گے جو آپ کو کمتر یا بوجھ خیال کرتے ہیں۔ اِس کے برعکس، ایک مہربان اور رحمدل شخص سے مدد لے کر آپ کو شرمندگی محسوس نہیں ہو گی۔ یہوواہ خدا مہربانی دکھانے اور خوشی سے دینے کے سلسلے میں بہترین مثال قائم کرتا ہے۔ (۱-تیم ۱:۱۱؛ یعقو ۱:۵، ۱۷) یسوع مسیح نے بھی اپنے باپ کی طرح مہربانی اور رحمدلی دکھائی۔ (مر ۱:۴۰-۴۲) لہٰذا، خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرنے کے لئے ہمیں دوسروں کے لئے مہربانی دکھاتے ہوئے خوشی سے اُن کی مدد کرنی چاہئے۔ ایسا کرنے کا بہترین طریقہ مُنادی کے دوران اُنہیں یہوواہ خدا کے بارے میں تعلیم دینا ہے۔
۱۴. ہم بعض کن طریقوں سے ”اپنا تمام کام راستی“ سے کر سکتے ہیں؟
۱۴ ”وہ اپنا کاروبار [”تمام کام،“ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن] راستی سے کرے گا۔“ (زبور ۱۱۲:۵) دیانتدار داروغہ یہوواہ خدا کے راست اُصولوں کے مطابق مالک کے مال کی دیکھبھال کرتا ہے۔ (لوقا ۱۲:۴۲-۴۴ کو پڑھیں۔) یہ بات دیانتدار داروغہ کی طرف سے بزرگوں کو فراہم کی جانے والی بائبل پر مبنی ہدایات سے ظاہر ہوتی ہے۔ اِنہی ہدایات کی مدد سے وہ کلیسیاؤں میں سنگین خطاکاری کے سلسلے میں فیصلے کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اِس کے علاوہ، دیانتدار داروغہ کلیسیاؤں، مشنری ہومز اور بیتایل ہومز میں کام کے حوالے سے بھی خدا کے کلام پر مبنی ہدایات فراہم کرتا ہے۔ نہ صرف بزرگوں بلکہ تمام مسیحیوں سے ایکدوسرے اور دیگر لوگوں کے ساتھ پیش آتے وقت خدا کے راست اُصولوں کے مطابق چلنے کا تقاضا کِیا جاتا ہے۔ اِس میں کاروباری معاملات بھی شامل ہیں۔—میکاہ ۶:۸، ۱۱ کو پڑھیں۔
راستباز کے لئے برکات
۱۵، ۱۶. (ا) بُری خبریں راستباز لوگوں پر کیا اثر ڈالتی ہیں؟ (ب) خدا کے خادموں نے کیا کرتے رہنے کا عزم کِیا ہے؟
۱۵ ”اُسے کبھی جنبش نہ ہوگی۔ صادق کی یادگار ہمیشہ رہے گی۔ وہ بُری خبر سے نہ ڈرے گا۔ [یہوواہ] پر توکل کرنے سے اُس کا دل قائم ہے۔ اُس کا دل برقرار رہے۔ وہ ڈرنے کا نہیں۔ یہاں تک کہ وہ اپنے مخالفوں کو دیکھ لے گا۔“ (زبور ۱۱۲:۶-۸) آجکل ہمیں پہلے کی نسبت کہیں زیادہ جنگوں، دہشتگردی، بیماریوں، جرائم، غربت اور زمین کو تباہ کرنے والی آلودگی جیسی بُری خبریں سننے کو ملتی ہیں۔ اگرچہ خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرنے والے لوگ بھی اِن بُری خبروں سے متاثر ہوتے ہیں لیکن وہ ہمت نہیں ہارتے۔ وہ جانتے ہیں کہ خدا کی نئی دُنیا نزدیک ہے اور اِس اُمید کی بِنا پر اُن کے دل ”قائم“ اور ”برقرار“ ہیں۔ جب اُن پر کوئی مشکل آن پڑتی ہے تو وہ اُس کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوتے ہیں کیونکہ وہ یہوواہ خدا پر بھروسا رکھتے ہیں۔ یہوواہ خدا کبھی بھی اپنے راستباز بندوں کو ”جنبش“ نہیں کھانے دیتا بلکہ اُنہیں برداشت کرنے کی طاقت بخشتا ہے۔—فل ۴:۱۳۔
۱۶ خدا کے راستباز لوگوں کو مخالفین کی پھیلائی ہوئی جھوٹی باتوں اور نفرت کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اِس مخالفت کے باوجود مُنادی کا کام آج تک جاری ہے اور جاری رہے گا۔ خدا کے خادم ثابتقدمی سے یہوواہ خدا کی طرف سے دئے گئے مُنادی کے کام کو کرتے اور بادشاہت کے پیغام کو قبول کرنے والے لوگوں کو شاگرد بننے میں مدد دیتے ہیں۔ جوںجوں خاتمہ نزدیک آ رہا ہے بِلاشُبہ راستباز لوگوں کی مخالفت بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ مخالفت اُس وقت عروج کو پہنچ جائے گی جب شیطان جوج کے ماجوج کے طور پر خدا کے لوگوں پر حملہ کرے گا۔ آخرکار، یہوواہ خدا مخالفین کو شکست دے گا اور ہم ’مخالفوں کو دیکھیں گے۔‘ واقعی وہ بڑی خوشی کا وقت ہوگا جب یہوواہ کے نام کی تقدیس ہوگی!—حز ۳۸:۱۸، ۲۲، ۲۳۔
راستباز ”عزت کے ساتھ بلند“ کئے جائیں گے
۱۷. راستباز لوگ کیسے ”عزت کے ساتھ بلند“ کئے جائیں گے؟
۱۷ اُس وقت مل کر یہوواہ خدا کی حمدوستائش کرنا کتنی خوشی کا باعث ہو گا جب شیطان اور اُس کی دُنیا کی طرف سے کسی قسم کی مخالفت نہیں ہو گی! خدا کے حضور راستباز ٹھہرنے والے تمام لوگ ابد تک اُس کی تمجید کریں گے۔ اُنہیں شکست نہیں ہو گی کیونکہ یہوواہ خدا وعدہ کرتا ہے کہ راستبازوں کا ”سینگ عزت کے ساتھ بلند کِیا جائے گا۔“ (زبور ۱۱۲:۹) جب یہوواہ خدا کی حکمرانی کے تمام مخالفین ختم ہو جائیں گے تو راستباز لوگ خوشی کریں گے۔
۱۸. زبور ۱۱۲ کے اختتامی الفاظ کی تکمیل کیسے ہو گی؟
۱۸ ”شریر یہ دیکھے گا اور کڑھے گا۔ وہ دانت پیسے گا اور گھلے گا۔ شریروں کی مُراد نابود ہوگی۔“ (زبور ۱۱۲:۱۰) وہ تمام لوگ جو خدا کے خادموں کی مخالفت کرتے ہیں بہت جلد اپنی نفرت کی وجہ سے ’گھل‘ جائیں گے۔ ہمارے کام کو ختم کرنے کی اُن کی خواہش آنے والی ”بڑی مصیبت“ کے دوران اُن کے ساتھ ہی مٹ جائے گی۔—متی ۲۴:۲۱۔
۱۹. ہم کس بات کا یقین رکھ سکتے ہیں؟
۱۹ کیا آپ بھی بڑی مصیبت سے بچ نکلنے والے مبارک لوگوں میں شامل ہوں گے؟ یاپھر اگر آپ شیطان کی دُنیا کے خاتمے سے پہلے بیماری یا بڑھاپے کی وجہ سے موت کی نیند سو جاتے ہیں تو کیا آپ اُن ”راستبازوں“ میں شامل ہوں گے جنہیں مُردوں میں سے زندہ کِیا جائے گا؟ (اعما ۲۴:۱۵) اگر آپ یسوع مسیح کی قربانی پر ایمان رکھتے اور زبور ۱۱۲ میں بیانکردہ شخص کی طرح یہوواہ خدا کی نقل کرتے رہتے ہیں تو آپ اِس سوال کا جواب ہاں میں دے سکتے ہیں۔ (افسیوں ۵:۱، ۲ کو پڑھیں۔) جی ہاں، یہوواہ خدا صادق لوگوں پر نظر کرے گا کیونکہ اُن کی ”یادگار“ ہمیشہ رہے گی۔ نیز، اُن کے اچھے کاموں کو نظرانداز نہیں کِیا جائے گا۔ یہوواہ خدا اُنہیں ہمیشہ یاد رکھے گا اور اُن کے لئے محبت ظاہر کرے گا۔—زبور ۱۱۲:۳، ۶، ۹۔
[فٹنوٹ]
a یہ دونوں زبور نہ صرف اپنی ترتیب کے لحاظ سے ایکدوسرے سے منسلک ہیں بلکہ اِن میں درج باتیں بھی ایکدوسرے سے تعلق رکھتی ہیں۔ زبور ۱۱۱ میں خدا کی خوبیوں کے متعلق بیان کِیا گیا ہے۔ جبکہ زبور ۱۱۲ میں اُس شخص کا ذکر کِیا گیا ہے جو خدا سے ڈرتا اور اُس کی خوبیوں کی نقل کرتا ہے۔ اِس کی ایک مثال زبور ۱۱۱:۳، ۴ اور زبور ۱۱۲:۳، ۴ کا موازنہ کرنے سے ملتی ہے۔
غوروخوض کے لئے سوالات
• ہمیں کن وجوہات کی بِنا پر ”[یاہ] کی حمد“ کرنی چاہئے؟
• دیانتدار داروغہ آجکل کونسی ترقی دیکھ کر خوش ہوتا ہے؟
• کس طرح سے دینے والے کو یہوواہ خدا عزیز رکھتا ہے؟
[صفحہ ۲۵ پر تصویر]
خدا کے حضور راستباز ٹھہرنے کے لئے ہمیں یسوع کے بہائے ہوئے خون پر ایمان رکھنا چاہئے
[صفحہ ۲۶ پر تصویریں]
خوشی سے دئے جانے والے عطیات امدادی کاموں، بائبل پر مبنی کتابوں اور رسالوں کی تیاری اور دیگر مسیحی کاموں کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں