باب 36
ایک فوجی افسر کا ایمان
فوجی افسر کے غلام کی شفایابی
ایمان ظاہر کرنے والوں کو برکتیں ملیں گی
پہاڑی وعظ پیش کرنے کے بعد یسوع مسیح شہر کفرنحوم گئے۔ وہاں یہودیوں کے کچھ بزرگ اُن کے پاس آئے جنہیں ایک غیریہودی آدمی نے بھیجا تھا۔ یہ آدمی رومی تھا اور فوجی افسر تھا۔
اِس فوجی افسر کا غلام بہت بیمار تھا، یہاں تک کہ مرنے والا تھا۔ حالانکہ یہ افسر غیریہودی تھا لیکن پھر بھی اُس نے یسوع مسیح سے مدد مانگی۔ یہودی بزرگوں نے یسوع مسیح کو بتایا کہ اُس کا ”نوکر گھر میں پڑا ہے۔ اُسے فالج ہے اور وہ بڑی تکلیف میں ہے۔“ (متی 8:6) اِن بزرگوں نے یسوع سے کہا کہ ”وہ افسر اِس لائق ہے کہ آپ اُس کی درخواست پوری کریں کیونکہ وہ ہماری قوم سے محبت کرتا ہے اور اُس نے ہمارے لیے عبادتگاہ بھی بنوائی ہے۔“—لُوقا 7:4، 5۔
اِس پر یسوع مسیح اُن بزرگوں کے ساتھ افسر کے گھر روانہ ہو گئے۔ لیکن اِس سے پہلے کہ وہ وہاں پہنچتے، افسر نے اپنے کچھ دوستوں کے ہاتھ یسوع کو یہ پیغام بھیجا: ”جناب، آپ زحمت نہ کریں۔ میری اِتنی اوقات نہیں کہ آپ میرے گھر میں آئیں۔ اِسی وجہ سے تو مَیں خود آپ کے پاس نہیں آیا۔“ (لُوقا 7:6، 7) یہ افسر کتنا خاکسار تھا! حالانکہ وہ دوسروں کو حکم دینے کا عادی تھا لیکن پھر بھی اُس نے بڑی خاکساری ظاہر کی۔ وہ باقی رومیوں سے فرق تھا جو اپنے غلاموں کے ساتھ سختی سے پیش آتے تھے۔—متی 8:9۔
یقیناً وہ افسر جانتا تھا کہ یہودی دوسری قوموں کے لوگوں سے میل جول نہیں رکھتے۔ (اعمال 10:28) شاید اِس لیے اُس نے یسوع مسیح کو یہ پیغام بھجوایا کہ ”آپ بس حکم کر دیں تو میرا خادم ٹھیک ہو جائے گا۔“—لُوقا 7:7۔
یہ سُن کر یسوع مسیح بہت حیران ہوئے اور اُنہوں نے اپنے ساتھ کھڑے لوگوں سے کہا: ”مَیں آپ سے کہتا ہوں کہ مَیں نے اِسرائیل میں بھی کسی کا اِتنا مضبوط ایمان نہیں دیکھا۔“ (لُوقا 7:9) جب افسر کے دوست اُس کے گھر واپس گئے تو اُنہوں نے دیکھا کہ افسر کا غلام تندرست ہو چُکا ہے۔
یہ معجزہ کرنے کے بعد یسوع مسیح نے موقعے کا فائدہ اُٹھایا اور وہاں موجود لوگوں کو سمجھایا کہ اُن غیریہودیوں کو بھی برکتیں ملیں گی جو ایمان ظاہر کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا: ”مَیں آپ سے کہتا ہوں کہ بہت سے لوگ مشرق اور مغرب سے آئیں گے اور آسمان کی بادشاہت میں ابراہام، اِضحاق اور یعقوب کے ساتھ میز پر بیٹھیں گے۔“ پھر یسوع مسیح نے بتایا کہ اُن یہودیوں کے ساتھ کیا ہوگا جو ایمان سے خالی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اُنہیں ”باہر تاریکی میں پھینکا جائے گا جہاں وہ روئیں گے اور دانت پیسیں گے۔“—متی 8:11، 12۔
سب سے پہلے یہودیوں کو یسوع مسیح کے ساتھ بادشاہت کرنے کا موقع دیا گیا۔ لیکن جن یہودیوں نے اِس موقعے کو ٹھکرا دیا، خدا نے اُنہیں رد کر دیا اور اُن کی جگہ غیریہودیوں کو ”آسمان کی بادشاہت“ میں یسوع کے ساتھ میز پر بیٹھنے کا موقع دیا۔