مسیح میں پوشیدہ خزانوں کی تلاش کریں
”جس میں حکمت اور معرفت [”علم،“ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن] کے سب خزانے پوشیدہ ہیں۔“—کل ۲:۳۔
۱، ۲. (ا) سن ۱۹۲۲ میں کونسی چیزیں دریافت ہوئیں، اور اب وہ چیزیں کہاں ہیں؟ (ب) خدا کا کلام ہم سب کو کیا کرنے کی دعوت دیتا ہے؟
جب کوئی پوشیدہ خزانہ دریافت ہوتا ہے تو اِس کے بارے میں خبروں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر، برطانوی ماہرِآثارِقدیمہ ہاورڈ کارٹر نے کئی سال تک سخت محنت کرنے اور بہت سی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے بعد بالآخر ۱۹۲۲ میں فرعون توت عنخ آمون کا مقبرہ دریافت کِیا۔ اِس مقبرے میں تقریباً ۵،۰۰۰ سے زائد نادر چیزیں موجود تھیں۔
۲ اِس میں کوئی شک نہیں کہ کارٹر کی دریافت نہایت حیرانکُن تھی۔ لیکن اُس کی دریافتکردہ بہت سی چیزیں اب عجائبگھروں میں پڑی ہیں۔ اگرچہ یہ چیزیں تاریخی لحاظ سے اہم ہیں مگر یہ ہمیں روزمرّہ زندگی میں کوئی فائدہ نہیں پہنچاتیں۔ تاہم، خدا کا کلام ہمیں ایسے خزانوں کو تلاش کرنے کی دعوت دیتا ہے جو ہمیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔ یہ خزانے دُنیا کے کسی بھی خزانے سے زیادہ بیشقیمت ہیں۔—امثال ۲:۱-۶ کو پڑھیں۔
۳. خدا اپنے پرستاروں کو جن خزانوں کی تلاش کرنے کی نصیحت کرتا ہے وہ کیسے اُن کے لئے فائدہمند ہیں؟
۳ یہوواہ خدا اپنے پرستاروں کو جن خزانوں کی تلاش کرنے کی نصیحت کرتا ہے آئیں اُن کی اہمیت پر غور کرتے ہیں۔ اِن خزانوں میں سے ایک ”[یہوواہ] کا خوف“ ہے جو اِس مشکل دَور میں ہمارے لئے پناہگاہ ثابت ہو سکتا ہے۔ (زبور ۱۹:۹) ”خدا کی معرفت“ یعنی علم کو ڈھونڈنے سے ہم حاکمِاعلیٰ کی قربت حاصل کر سکتے ہیں جو کسی بھی انسان کے لئے بہت بڑا شرف ہے۔ اِس کے علاوہ، خدا کی طرف سے فراہمکردہ حکمت، علم اور فہم کے خزانے کی مدد سے ہم اپنی روزمرّہ زندگی کے مسائل اور پریشانیوں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔ (امثا ۹:۱۰، ۱۱) ہم ایسے بیشقیمت خزانوں کی تلاش کیسے کر سکتے ہیں؟
روحانی خزانوں کی تلاش کیوں کریں؟
۴. روحانی خزانوں کو تلاش کرنے میں کونسی چیز ہماری مدد کر سکتی ہے؟
۴ آثارِقدیمہ کے ماہرین ہر جگہ خزانے کی تلاش کرتے ہیں جبکہ ہم جانتے ہیں کہ روحانی خزانے ہمیں کہاں مل سکتے ہیں۔ بائبل ایک نقشے کی مانند ہماری راہنمائی کرتی ہے تاکہ ہم اُن خزانوں کو حاصل کر سکیں جن کا خدا نے وعدہ کِیا ہے۔ یسوع مسیح کے متعلق بیان کرتے ہوئے پولس رسول نے کہا: ”جس میں حکمت اور معرفت کے سب خزانے پوشیدہ ہیں۔“ (کل ۲:۳) اِن الفاظ کو پڑھ کر شاید ہم سوچیں: ہمیں کیوں اِن خزانوں کی تلاش کرنی چاہئے؟ یہ خزانے کیسے مسیح میں ”پوشیدہ“ ہیں؟ اور ہم اِنہیں کیسے تلاش کرتے ہیں؟ اِن سوالات کے جواب حاصل کرنے کے لئے آئیں پولس رسول کے الفاظ کا بغور جائزہ لیں۔
۵. پولس رسول نے کلسیوں کو روحانی خزانوں کی تلاش کرنے کی نصیحت کیوں کی؟
۵ پولس رسول نے یہ الفاظ کُلسّے کے بھائیوں کے نام لکھے۔ اُس نے اُنہیں بتایا کہ وہ اُن کی خاطر جانفشانی کر رہا تھا تاکہ ”اُن کے دلوں کو تسلی ہو اور وہ محبت سے آپس میں گٹھے رہیں۔“ (کلسیوں ۲:۱، ۲ کو پڑھیں۔) وہ اُن کے بارے میں اتنا فکرمند کیوں تھا؟ اِسلئےکہ وہ جانتا تھا کہ کلیسیا میں بعض اشخاص یونانی فیلسوفیوں کو فروغ دے رہے ہیں جبکہ بعض موسوی شریعت کی پابندی کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ ایسے اشخاص کی وجہ سے کلیسیا کے دوسرے بہنبھائی متاثر ہو سکتے تھے۔ لہٰذا، اُس نے بھائیوں کو تاکید کی: ”خبردار کوئی شخص تُم کو اُس فیلسوفی اور لاحاصل فریب سے شکار نہ کر لے جو انسانوں کی روایت اور دُنیوی ابتدائی باتوں کے موافق ہیں نہ کہ مسیح کے موافق۔“—کل ۲:۸۔
۶. ہمیں کلسیوں کے نام پولس رسول کے الفاظ پر کیوں دھیان دینا چاہئے؟
۶ آجکل شیطان اور اُس کی دُنیا ہم پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ اِس دُنیا میں بہت سے غلط نظریات پائے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر، بہت سے لوگ مذہب کو کم اہمیت دیتے ہیں اور ارتقا جیسے نظریات کو مانتے ہیں جو اُن کی سوچ، اخلاقیات، فیصلوں اور طرزِزندگی کو متاثر کرتے ہیں۔ نیز، بہت سے مشہور تہوار جھوٹے مذاہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ٹیوی پروگرام، فلمیں، موسیقی اور اِس طرح کی دیگر چیزیں لوگوں کے اندر غلط خواہشات پیدا کرتی ہیں۔ نیز، انٹرنیٹ پر بہت سی ویبسائٹس بچوں اور بڑوں سب کے لئے ایک خطرناک پھندا ثابت ہوتی ہیں۔ اگر ہم ایسی چیزوں کو دیکھتے رہتے ہیں تو یہ ہماری سوچ اور کاموں پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔ اِس کے نتیجے میں ہم یہوواہ خدا کی طرف سے ملنے والی راہنمائی اور حقیقی زندگی کی اُمید کو کماہم خیال کرنے کے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ (۱-تیمتھیس ۶:۱۷-۱۹ کو پڑھیں۔) پس شیطان کے پھندوں سے بچنے کے لئے ہمیں کلسیوں کے نام پولس رسول کے الفاظ کو سمجھنے اور اِن پر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔
۷. پولس رسول نے کلسیوں کی مدد کے لئے کن دو باتوں کا ذکر کِیا؟
۷ کلسیوں کے لئے فکرمندی کا اظہار کرنے کے بعد پولس رسول نے اُن کی توجہ دو باتوں پر دلائی تاکہ وہ تسلی حاصل کر سکیں اور محبت میں متحد رہ سکیں۔ ایک بات تو یہ تھی کہ اُنہیں ”پوری سمجھ کی تمام دولت کو حاصل“ کرنا تھا۔ اِس کا مطلب ہے کہ اُنہیں اپنے ایمان کی بنیاد کو مضبوط رکھنے کے لئے اِس بات پر پورا یقین رکھنا تھا کہ صحائف کے بارے میں اُن کی سمجھ درست ہے۔ (عبر ۱۱:۱) دوسری بات یہ تھی کہ اُنہیں ’خدا کے بھید کو پہچاننے‘ یعنی سچائی کا بنیادی علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ خدا کی تہ کی باتوں کی واضح سمجھ حاصل کرنے کی بھی ضرورت تھی۔ (عبر ۵:۱۳، ۱۴) واقعی، یہ مشورت کلسیوں کے لئے اور آج ہمارے لئے بھی فائدہمند ہے! مگر ہم ایسی سمجھ اور علم کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ اِس سوال کا جواب پولس رسول نے یسوع مسیح کے متعلق یہ بیان کرتے ہوئے دیا: ”جس میں حکمت اور معرفت [”علم،“ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن] کے سب خزانے پوشیدہ ہیں۔“
مسیح میں خزانے ”پوشیدہ“ ہیں
۸. جب پولس رسول نے لفظ ”پوشیدہ“ استعمال کِیا تو اُس کا کیا مطلب تھا؟
۸ جب پولس رسول نے یہ کہا کہ حکمت اور علم کے تمام خزانے مسیح میں ”پوشیدہ“ ہیں تو اُس کا یہ مطلب نہیں تھا کہ اِنہیں حاصل کرنا ناممکن ہے۔ اِس کے برعکس، اُس کا مطلب یہ تھا کہ اِن خزانوں کو تلاش کرنے کے لئے ہمیں جانفشانی کرنے اور خدا کے مقصد میں یسوع مسیح کے کردار کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اِس سلسلے میں یسوع مسیح کے اِن الفاظ پر غور کریں: ”راہ اور حق اور زندگی مَیں ہوں۔ کوئی میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا۔“ (یوح ۱۴:۶) جیہاں، خدا کا علم حاصل کرنے کے لئے ہمیں یسوع مسیح کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد اور راہنمائی کی ضرورت ہے۔
۹. یسوع مسیح کے ذریعے ہمیں کون سے فوائد حاصل ہوتے ہیں؟
۹ یسوع مسیح نے بیان کِیا کہ ”راہ“ کے ساتھساتھ وہ ”حق اور زندگی“ بھی ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح نہ صرف باپ کے پاس جانے کا وسیلہ ہے بلکہ وہ بائبل کی سچائیوں کو سمجھنے اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کے لئے ہماری راہنمائی بھی کرتا ہے۔ واقعی، یسوع مسیح میں بیشقیمت خزانے پوشیدہ ہیں جنہیں بائبل کا مطالعہ کرنے سے دریافت کِیا جا سکتا ہے۔ آئیں چند ایسے روحانی خزانوں پر غور کریں جن کا تعلق خدا کے ساتھ ہمارے رشتے اور ہماری اُمید سے ہے۔
۱۰. ہم کلسیوں ۱:۱۹ اور ۲:۹ میں یسوع مسیح کے بارے میں کِیا سیکھتے ہیں؟
۱۰ ”اُلوہیت کی ساری معموری اُسی میں مجسم ہو کر سکونت کرتی ہے۔“ (کل ۱:۱۹؛ ۲:۹) چونکہ یسوع مسیح آسمان پر اپنے باپ کے ساتھ ایک لمبا عرصہ گزار چکا تھا اِس لئے وہ خدا کی ذات اور اُس کی مرضی کے بارے میں کسی دوسرے شخص کی نسبت زیادہ جانتا تھا۔ زمین پر اپنی خدمتگزاری کے دوران یسوع مسیح نے لوگوں کو وہی باتیں سکھائیں جو اُس کے باپ نے اُسے سکھائی تھیں۔ نیز، اُس نے اپنے کاموں سے خدا جیسی خوبیاں ظاہر کیں۔ اِسی لئے یسوع مسیح یہ کہہ سکتا تھا: ”جس نے مجھے دیکھا اُس نے باپ کو دیکھا۔“ (یوح ۱۴:۹) جیہاں، خدا کی حکمت اور علم مسیح میں پوشیدہ ہے۔ لہٰذا، خدا کے بارے میں جاننے کا اِس سے بہتر طریقہ اَور کوئی نہیں کہ ہم یسوع مسیح کے بارے میں سیکھیں۔
۱۱. یسوع مسیح اور بائبل میں درج پیشینگوئیوں میں کیا تعلق ہے؟
۱۱ ”یؔسوع کی گواہی نبوّت کی روح ہے۔“ (مکا ۱۹:۱۰) یہ الفاظ ظاہر کرتے ہیں کہ یسوع مسیح بائبل میں درج پیشینگوئیوں کی تکمیل کے سلسلے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اِس لئے پیدایش ۳:۱۵ میں درج پہلی پیشینگوئی سے لے کر مکاشفہ کی نبوّتی کتاب تک بائبل کی تمام پیشینگوئیوں کو سمجھنے کے لئے خدا کی بادشاہت میں یسوع مسیح کے کردار پر غور کرنا بہت ضروری ہے۔ لہٰذا، ایسے لوگ جو یسوع کو محض ایک عظیم انسان خیال کرتے ہیں یا پھر اُسے مسیحا کے طور پر قبول نہیں کرتے ہیں وہ دراصل عبرانی صحائف کی بیشتر پیشینگوئیوں کو نہیں سمجھتے۔ تاہم، خدا کے لوگ یسوع مسیح کے بارے میں علم حاصل کرنے سے بائبل میں درج اُن پیشینگوئیوں کو سمجھنے کے قابل ہوتے ہیں جو ابھی پوری ہونا باقی ہیں۔—۲-کر ۱:۲۰۔
۱۲، ۱۳. (ا) یسوع مسیح کس لحاظ سے دُنیا کا نُور ہے؟ (ب) مذہبی تاریکی سے رِہا ہونے کے بعد یسوع مسیح کے پیروکاروں پر کونسی ذمہداری عائد ہوتی ہے؟
۱۲ ”دُنیا کا نور مَیں ہوں۔“ (یوحنا ۸:۱۲ اور ۹:۵ کو پڑھیں۔) زمین پر یسوع مسیح کی پیدایش سے بہت پہلے، یسعیاہ نبی نے پیشینگوئی کی: ”جو لوگ تاریکی میں چلتے تھے اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی۔ جو موت کے سایہ کے مُلک میں رہتے تھے اُن پر نُور چمکا۔“ (یسع ۹:۲) متی رسول نے واضح کِیا کہ یہ پیشینگوئی اُس وقت پوری ہوئی جب یسوع مسیح نے مُنادی کرنا اور یہ کہنا شروع کِیا: ”توبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے۔“ (متی ۴:۱۶، ۱۷) یسوع مسیح کی تعلیمات کے ذریعے لوگ جھوٹی مذہبی تعلیمات کی غلامی سے آزاد ہو کر روحانی روشنی میں آ گئے۔ یسوع مسیح نے کہا: ”مَیں نور ہو کر دُنیا میں آیا ہوں تاکہ جو کوئی مجھ پر ایمان لائے اندھیرے میں نہ رہے۔“—یوح ۱:۳-۵؛ ۱۲:۴۶۔
۱۳ اِس کے کئی سال بعد پولس رسول نے ساتھی مسیحیوں سے کہا: ”تُم پہلے تاریکی میں تھے مگر اب خداوند میں نور ہو۔ پس نور کے فرزندوں کی طرح چلو۔“ (افس ۵:۸) مذہبی تاریکی سے رِہا ہونے کے بعد مسیحیوں پر نُور کے فرزندوں کی طرح چلنے کی ذمہداری عائد ہوتی ہے۔ یہ یسوع مسیح کے اُن الفاظ کے عین مطابق ہے جو اُس نے پہاڑی وعظ میں اپنے پیروکاروں سے کہے: ”تمہاری روشنی آدمیوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھکر تمہارے باپ کی جو آسمان پر ہے تمجید کریں۔“ (متی ۵:۱۶) کیا آپ اُن روحانی خزانوں کی قدر کرتے ہیں جو آپ نے یسوع مسیح میں تلاش کئے ہیں؟ کیا آپ اپنی باتوں اور نیک کاموں کے ذریعے اِن روحانی خزانوں کے بارے میں دوسروں کو بھی بتاتے ہیں؟
۱۴، ۱۵. (ا) بائبل میں بھیڑ اور دیگر جانوروں کو خدا کی عبادت کے سلسلے میں کیسے استعمال کِیا گیا؟ (ب) ’خدا کے برّے‘ کے طور پر یسوع مسیح کیسے ایک بیشقیمت خزانہ ہے؟
۱۴ یسوع ”خدا کا برّہ ہے۔“ (یوح ۱:۲۹، ۳۶) بائبل وقتوں میں گُناہوں کی معافی اور خدا تک رسائی حاصل کرنے کے لئے بھیڑ کو استعمال کِیا جاتا تھا۔ مثال کے طور پر، جب ابرہام خدا کے حکم کے مطابق اپنے بیٹے اضحاق کو قربان کرنے لگا تو خدا کے فرشتہ نے اُسے ایسا کرنے سے روک دیا اور اُسے ایک مینڈھا مہیا کِیا گیا تاکہ وہ اضحاق کی بجائے اُس کی قربانی کرے۔ (پید ۲۲:۱۲، ۱۳) جب اسرائیلیوں نے مصر سے رِہائی پائی تو بھیڑ کو ’یہوواہ کی فسح‘ پر استعمال کِیا گیا۔ (خر ۱۲:۱-۱۳) مزیدبرآں، موسوی شریعت میں بھیڑوں اور بکریوں سمیت دیگر جانوروں کی قربانیوں کا بھی حکم دیا گیا تھا۔—خر ۲۹:۳۸-۴۲؛ احبا ۵:۶، ۷۔
۱۵ تاہم، اِن میں سے کوئی بھی قربانی بلکہ وہ تمام قربانیاں جو انسان گزرانتے تھے اُنہیں مکمل طور پر گُناہ اور موت سے نجات نہیں دلا سکتی تھیں۔ (عبر ۱۰:۱-۴) اِس کے برعکس، یسوع مسیح ”خدا کا برّہ ہے جو دُنیا کے گُناہ اُٹھا لے جاتا ہے۔“ اِسی وجہ سے یسوع مسیح ایک ایسا خزانہ ہے جو دُنیا کی کسی بھی دولت سے زیادہ بیشقیمت ہے۔ لہٰذا، اچھا ہوگا کہ ہم فدیے کے موضوع کا مطالعہ کرنے کے لئے وقت نکالیں اور اِس بندوبست پر ایمان ظاہر کریں۔ ایسا کرنے سے ”چھوٹے گلّے“ کو آسمان میں یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے کا شاندار اَجر ملے گا جبکہ یسوع کی ”اَور بھی بھیڑیں“ زمین پر فردوس میں ہمیشہ کی زندگی کی برکت حاصل کریں گی۔—لو ۱۲:۳۲؛ یوح ۶:۴۰، ۴۷؛ ۱۰:۱۶۔
۱۶، ۱۷. ”ایمان کے بانی اور کامل کرنے والے“ کے طور پر یسوع مسیح کے کردار کو سمجھنا ہمارے لئے کیوں ضروری ہے؟
۱۶ یسوع مسیح ’ایمان کا بانی اور کامل کرنے والا‘ ہے۔ (عبر ۱۲:۱، ۲ کو پڑھیں۔) عبرانیوں ۱۱ باب میں ہم ایمان کے بارے میں پولس رسول کا شاندار بیان پڑھتے ہیں۔ اُس نے نہ صرف ایمان کی تعریف کی بلکہ نوح، ابرہام، سارہ اور راحب کے ایمان کی مثالیں بھی پیش کیں۔ اِن مثالوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے پولس رسول نے ساتھی مسیحیوں کو تاکید کی کہ وہ ”ایمان کے بانی اور کامل کرنے والے یسوع کو تکتے رہیں۔“ لیکن اُس نے اُنہیں یہ تاکید کیوں کی؟
۱۷ عبرانیوں ۱۱ باب میں جن وفادار مردوں اور عورتوں کا ذکر کِیا گیا ہے وہ خدا کے وعدوں پر ایمان رکھتے تھے۔ مگر وہ تفصیل سے یہ نہیں جانتے تھے کہ خدا یسوع مسیح اور اپنی بادشاہت کے ذریعے اپنے مقصد کو کیسے پورا کرے گا۔ اِس لحاظ سے اُن کا ایمان نامکمل تھا۔ یہاں تک کہ جن اشخاص کو یہوواہ خدا نے مسیحا کے بارے میں پیشینگوئیاں قلمبند کرنے کے لئے استعمال کِیا، وہ بھی یہ نہیں جانتے تھے کہ اِن کی تکمیل کیسے ہوگی۔ (۱-پطر ۱:۱۰-۱۲) صرف یسوع مسیح کے ذریعے ہی ہمارا ایمان کامل یا مکمل ہو سکتا ہے۔ پس یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ”ایمان کے بانی اور کامل کرنے والے“ کے طور پر یسوع مسیح کے کردار کو سمجھیں۔
ڈھونڈتے رہیں
۱۸، ۱۹. (ا) مسیح میں اَور کون سے روحانی خزانے پوشیدہ ہیں؟ (ب) ہمیں یسوع میں پوشیدہ روحانی خزانوں کی تلاش کیوں کرتے رہنا چاہئے؟
۱۸ ہم نے انسانوں کی نجات کے لئے خدا کے مقصد میں یسوع مسیح کے مختلف کرداروں پر غور کِیا ہے۔ اِن کے علاوہ بھی یسوع مسیح میں اَور بہت سے خزانے پوشیدہ ہیں۔ اِن خزانوں کو ڈھونڈنے سے ہمیں خوشی اور برکات حاصل ہوں گی۔ مثال کے طور پر، پطرس رسول نے یسوع مسیح کو ’زندگی کا مالک‘ اور ”صبح کا ستارہ“ کہا۔ (اعما ۳:۱۵؛ ۵:۳۱؛ ۲-پطر ۱:۱۹) اِس کے علاوہ، بائبل یسوع مسیح کو ”آمین“ کہتی ہے۔ (مکا ۳:۱۴) کیا آپ یسوع مسیح کے اِن کرداروں اور اِن کی اہمیت سے واقف ہیں؟ یاد کریں کہ یسوع مسیح نے کہا تھا: ”ڈھونڈو تو پاؤ گے۔“—متی ۷:۷۔
۱۹ واقعی، یسوع مسیح کی زندگی ہمارے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اِس کا تعلق ہماری ابدی زندگی سے ہے۔ صرف وہی لوگ اُس میں پوشیدہ روحانی خزانوں کو حاصل کر سکتے ہیں جو پورے دل سے اِنہیں ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دُعا ہے کہ آپ بھی اُس میں ”پوشیدہ“ خزانوں کو ڈھونڈنے سے خوشی اور برکات حاصل کریں۔
کیا آپ کو یاد ہے؟
• مسیحیوں کو کون سے خزانے تلاش کرنے کی تاکید کی گئی ہے؟
• پوشیدہ خزانوں کے بارے میں کلسیوں کے نام پولس رسول کی مشورت ہمارے لئے کیوں فائدہمند ہے؟
• مسیح میں ”پوشیدہ“ بعض روحانی خزانوں کے نام بتائیں اور اِنکی وضاحت کریں۔
[صفحہ ۱۳ پر تصویریں]
بائبل ایک نقشے کی مانند مسیح میں ”پوشیدہ“ روحانی خزانوں کی تلاش کرنے کیلئے ہماری راہنمائی کرتی ہے