ہر روز یہوواہ کے ساتھ کام کریں
”ہم خدا کے ساتھ کام کرتے ہیں۔“—1-کُرنتھیوں 3:9۔
1. ہم کن طریقوں سے یہوواہ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں؟
جب یہوواہ خدا نے اِنسانوں کو بنایا تو وہ چاہتا تھا کہ اِنسان اُس کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے اُس کے ساتھ مل کر کام کریں۔ یہ سچ ہے کہ آج اِنسان عیبدار ہیں لیکن جو لوگ خدا کے وفادار ہیں، وہ آج بھی ہر روز اُس کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب ہم بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی کرتے ہیں اور شاگرد بناتے ہیں تو ”ہم خدا کے ساتھ کام کرتے ہیں۔“ (1-کُرنتھیوں 3:5-9) بےشک یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ کائنات کے حاکمِاعلیٰ نے ہمیں اپنے ساتھ اِتنا اہم کام کرنے کے لیے چُنا ہے۔ لیکن صرف مُنادی کرنے سے ہی ہم یہوواہ کے ساتھ کام نہیں کرتے۔ اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ ہم اُس وقت بھی یہوواہ کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں جب ہم اپنے گھر والوں اور ہمایمانوں کی مدد کرتے ہیں؛ جب ہم دوسروں کی مہماننوازی کرتے ہیں؛ جب ہم تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں میں ہاتھ بٹاتے ہیں اور جب ہم خدا کی خدمت میں زیادہ حصہ لینے کے لیے اِقدام اُٹھاتے ہیں۔—کُلسّیوں 3:23۔
2. ہمیں دوسروں سے اپنا موازنہ کیوں نہیں کرنا چاہیے؟
2 اِس مضمون کا مطالعہ کرتے وقت یاد رکھیں کہ ہم سب کی عمر، حالات، صحت اور صلاحیتیں ایک دوسرے سے فرق ہیں۔ اِس لیے آپ خدا کی خدمت میں جو کچھ کر سکتے ہیں، اُس کا اِس بات سے موازنہ نہ کریں کہ دوسرے اِس حوالے سے کیا کچھ کر سکتے ہیں۔ پولُس رسول نے لکھا: ”ہر کوئی اپنے کاموں کو پرکھے۔ اِس طرح وہ اپنے کاموں کی وجہ سے خوش ہو سکے گا نہ کہ دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے کی وجہ سے۔“—گلتیوں 6:4۔
اپنے گھر والوں اور ہمایمانوں کے کام آئیں
3. ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ جو لوگ اپنے گھر والوں کی دیکھبھال کرتے ہیں، وہ خدا کے ساتھ کام کرتے ہیں؟
3 یہوواہ اپنے بندوں سے یہ توقع کرتا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کا خیال رکھیں۔ مثال کے طور پر شاید آپ کو اپنے خاندان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیسے کمانے پڑتے ہیں۔ بہت سی ماؤں کو اپنے چھوٹے بچوں کو سنبھالنے کے لیے گھر پر رہنا پڑتا ہے۔ کچھ بہن بھائیوں کو اپنے بوڑھے ماں باپ کی دیکھبھال کرنی پڑتی ہے۔ یہ ایسی ذمےداریاں ہیں جن کی اہمیت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ بائبل میں لکھا ہے: ”اگر کوئی شخص اپنوں کی اور خاص طور پر اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری نہیں کرتا تو وہ ایمان سے پھر گیا ہے اور غیرایمان شخص سے زیادہ بُرا ہے۔“ (1-تیمُتھیُس 5:8) اگر آپ کے سر پر گھریلو ذمےداریاں ہیں تو شاید آپ یہوواہ کے لیے اُتنا کچھ نہ کر پائیں جتنا آپ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن دل چھوٹا نہ کریں۔ جب آپ اپنے گھر والوں کی ضروریات پوری کرتے ہیں تو یہوواہ خوش ہوتا ہے۔—1-کُرنتھیوں 10:31۔
4. والدین یہوواہ کے ساتھ کیسے کام کر سکتے ہیں اور اُنہیں ایسا کرنے سے کیا فائدہ ہوتا ہے؟
4 مسیحی والدین اُس وقت یہوواہ کے ساتھ کام کرتے ہیں جب وہ اُس کی خدمت کے حوالے سے منصوبے بنانے میں اپنے بچوں کی مدد کرتے ہیں۔ بہت سے والدین نے ایسا ہی کِیا۔ اِس وجہ سے اُن کے بچوں نے بڑے ہو کر کُلوقتی خدمت کرنے کا فیصلہ کِیا پھر چاہے اُنہیں اِس کے لیے گھر سے بہت دُور ہی کیوں نہ جانا پڑا۔ کچھ مشنری بن گئے، کچھ ایسے علاقوں میں پہلکار کے طور پر خدمت کرنے چلے گئے جہاں زیادہ مبشروں کی ضرورت تھی اور کچھ بیتایل میں خدمت کرنے لگے۔ یہ سچ ہے کہ جب بچے گھر سے بہت دُور ہوں تو والدین اُن کے ساتھ اُتنا وقت نہیں گزار پاتے جتنا وہ گزارنا چاہتے ہیں۔ لیکن خدا سے پیار کرنے والے والدین اپنے بچوں کی حوصلہافزائی کرتے ہیں کہ وہ جہاں بھی خدا کی خدمت کر رہے ہیں، کرتے رہیں۔ دراصل اُنہیں اِس بات سے بہت خوشی ملتی ہے کہ اُن کے بچے اپنی زندگی میں یہوواہ کو پہلے مقام پر رکھ رہے ہیں۔ (3-یوحنا 4) اِن میں سے بہت سے والدین کے جذبات حنّہ جیسے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹے سموئیل کو ”[یہوواہ] کو دے دیا“ تھا۔ اُن والدین کے نزدیک اِس طرح سے یہوواہ کے ساتھ کام کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔—1-سموئیل 1:28۔
5. آپ اپنی کلیسیا کے بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ (اِس مضمون کی پہلی تصویر کو دیکھیں۔)
5 اگر آپ پر بھاری گھریلو ذمےداریاں نہیں ہیں تو کیا آپ اُن بہن بھائیوں کے کام آ سکتے ہیں جو بیمار یا بوڑھے ہیں یا جن کو کسی اَور حوالے سے مدد کی ضرورت ہے؟ یا پھر کیا آپ اُن کی دیکھبھال کرنے والوں کا ہاتھ بٹا سکتے ہیں؟ کیا آپ کی کلیسیا میں ایسے بہن بھائی ہیں؟ مثال کے طور پر شاید آپ کی کلیسیا میں کوئی ایسی بہن ہو جو اپنی بوڑھی ماں یا باپ کی دیکھبھال کر رہی ہو۔ کیا آپ اُس کی بوڑھی ماں یا باپ کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے دیگر کام کر سکے؟ یا کیا آپ کسی بہن بھائی کو اِجلاس پر لے جا سکتے ہیں، خریداری کے لیے اُس کے ساتھ جا سکتے ہیں، اُسے سودا سلف لا کر دے سکتے ہیں یا ہسپتال میں کسی کا پتہ لینے کے لیے اُسے ساتھ لے جا سکتے ہیں؟ ہو سکتا ہے کہ جب آپ ایسا کر رہے ہوں تو یہوواہ آپ کے ذریعے کسی بہن یا بھائی کی دُعا کا جواب دے رہا ہو اور یوں آپ یہوواہ کے ساتھ کام کر رہے ہوں۔—1-کُرنتھیوں 10:24 کو پڑھیں۔
مہماننواز بنیں
6. دوسروں کی مہماننوازی کرنے میں کیا شامل ہے؟
ہمیں جب بھی موقع ملے، ہمیں دوسروں کی مدد کرنی چاہیے۔
6 خدا کے بندوں کی ایک نمایاں خوبی مہماننوازی ہے۔ بائبل میں جس یونانی اِصطلاح کا ترجمہ ”مہماننوازی کرنا“ کِیا گیا ہے، اُس کا مطلب ”اجنبیوں کے ساتھ مہربانی سے پیش آنا“ ہے۔ (عبرانیوں 13:2؛ فٹنوٹ) خدا کے کلام میں ایسی مثالیں پائی جاتی ہیں جن پر غور کرنے سے ہم دوسروں کے ساتھ مہربانی سے پیش آنا سیکھ سکتے ہیں۔ (پیدایش 18:1-5) لہٰذا ہمیں جب بھی موقع ملے، ہمیں دوسروں کی مدد کرنی چاہیے پھر چاہے وہ ہمارے ”ہمایمان“ ہوں یا نہ ہوں۔—گلتیوں 6:10۔
7. کُلوقتی خدمت کرنے والوں کی مہماننوازی کرنے کے کون سے فائدے ہوتے ہیں؟
7 آپ ایسے کُلوقتی خادموں کی مہماننوازی کرنے سے بھی یہوواہ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں جنہیں ٹھہرنے کے لیے کسی جگہ کی ضرورت ہو۔ (3-یوحنا 5، 8 کو پڑھیں۔) جب آپ ایسا کریں گے تو اُن کے ساتھ ساتھ آپ کو بھی فائدہ ہوگا اور آپ پولُس رسول کی طرح محسوس کریں گے جنہوں نے اپنے مسیحی بہن بھائیوں کو لکھا: ”آپ کے ایمان سے میری حوصلہافزائی ہو اور میرے ایمان سے آپ کی حوصلہافزائی ہو۔“ (رومیوں 1:11، 12) ذرا اِس سلسلے میں اولف کی مثال پر غور کریں۔ جب وہ نوجوان تھے تو ایک غیرشادیشُدہ حلقے کا نگہبان اُن کی کلیسیا کا دورہ کرنے آیا۔ کلیسیا کے کسی بہن بھائی کے لیے اُسے اپنے گھر ٹھہرانا ممکن نہیں تھا۔ اِس لیے اولف نے اپنے والدین سے اِس بارے میں بات کی جو کہ یہوواہ کے گواہ نہیں تھے۔ اُن کے والدین نے حلقے کے نگہبان کو اپنے گھر ٹھہرنے کی اِجازت دے دی لیکن اولف سے کہا کہ اُنہیں صوفے پر سونا پڑے گا۔ اولف کو اِس وجہ سے تھوڑی تکلیف تو اُٹھانی پڑی لیکن یہ اُس فائدے کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں تھی جو اُنہیں اُس ہفتے کے دوران حلقے کے نگہبان کے ساتھ وقت گزارنے سے ہوا۔ وہ دونوں ہر روز صبح جلدی اُٹھ جاتے اور ناشتے کے دوران بہت سے دلچسپ موضوعات پر باتچیت کرتے۔ حلقے کے نگہبان نے اولف کی بہت حوصلہافزائی کی جس کی وجہ سے اُن کے اندر کُلوقتی خدمت کرنے کا شوق پیدا ہوا۔ پچھلے 40 سال کے دوران اولف کئی ملکوں میں مشنری کے طور پر خدمت کر چُکے ہیں۔
8. ہمیں اُس صورت میں بھی دوسروں کے لیے مہربانی کیوں ظاہر کرنی چاہیے جب وہ شروع میں اچھا ردِعمل نہیں دِکھاتے؟ ایک مثال دیں۔
8 ہم فرق فرق طریقوں سے اجنبیوں کے لیے محبت ظاہر کر سکتے ہیں، اُس صورت میں بھی جب وہ شروع میں اچھا ردِعمل نہیں دِکھاتے۔ ذرا ملک سپین سے ایک مثال پر غور کریں۔ ایک بہن ملک ایکواڈور سے تعلق رکھنے والی یسیکا نامی عورت کو بائبل کورس کراتی تھی۔ ایک دن بائبل کورس کرتے ہوئے یسیکا رو پڑیں۔ بہن نے اُن سے پوچھا کہ وہ کیوں رو رہی ہیں۔ اُنہوں نے بہن کو بتایا کہ سپین آنے سے پہلے وہ بہت غریب تھیں۔ ایک دن اُن کے پاس اپنی بچی کا پیٹ بھرنے کے لیے پانی کے علاوہ کھانے پینے کی کوئی اَور چیز نہیں تھی۔ اپنی بچی کو سلاتے وقت یسیکا نے خدا سے مدد کے لیے دُعا کی۔ تھوڑی دیر بعد دو گواہ بہنیں اُن کے گھر آئیں۔ اُنہوں نے یسیکا کو ایک رسالہ دیا۔ مگر یسیکا نے غصے سے وہ رسالہ پھاڑ دیا اور اُن بہنوں سے کہا: ”کیا مَیں اپنی بچی کو یہ رسالہ کھانے کے لیے دوں؟“ بہنوں نے یسیکا کو تسلی دینے کی کوشش کی لیکن اُنہوں نے اُن کی ایک نہ سنی۔ بعد میں اُن بہنوں نے کھانے کی ایک ٹوکری یسیکا کے گھر کے دروازے کے باہر رکھ دی۔ اور اب بائبل کورس کرتے وقت یسیکا اِسی لیے رو رہی تھیں کیونکہ اُنہیں یہ احساس ہو رہا تھا کہ خدا نے اُس دن اُن کی دُعا کا جواب دیا تھا جبکہ اُنہوں نے اِس کے لیے بےقدری دِکھائی تھی۔ مگر اب یسیکا نے یہ عزم کر لیا کہ وہ خدا کی خدمت کریں گی۔ اُن بہنوں کی فیاضی کا کتنا شاندار نتیجہ نکلا!—واعظ 11:1، 6۔
تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں میں ہاتھ بٹائیں
9، 10. (الف) بنیاِسرائیل کو رضاکارانہ طور پر خدا کی خدمت کرنے کے کون سے موقعے ملے؟ (ب) آج بھائی کلیسیا میں کون سے کام کر سکتے ہیں؟
9 ماضی میں بنیاِسرائیل کو رضاکارانہ طور پر خدا کی خدمت کرنے کے بہت سے موقعے ملے۔ (خروج 36:2؛ 1-تواریخ 29:5؛ نحمیاہ 11:2) آج آپ کے پاس بھی رضاکارانہ طور پر اپنا وقت، وسائل اور صلاحیتیں بہن بھائیوں کی مدد کے لیے اِستعمال کرنے کے بہت سے موقعے ہیں۔ اگر آپ اِن موقعوں سے فائدہ اُٹھائیں گے تو یہوواہ آپ کو ڈھیروں خوشیاں اور برکتیں دے گا۔
10 خدا کے کلام میں مسیحی مردوں کی حوصلہافزائی کی گئی ہے کہ وہ خادموں اور بزرگوں کے طور پر خدمت کرنے سے یہوواہ کے ساتھ کام کریں۔ (1-تیمُتھیُس 3:1، 8، 9؛ 1-پطرس 5:2، 3) جو بھائی ایسا کرتے ہیں، اُن کے دل میں یہ خواہش ہونی چاہیے کہ وہ نہ صرف خدا کی عبادت کے حوالے سے بلکہ دیگر حلقوں میں بھی بہن بھائیوں کی مدد کریں۔ (اعمال 6:1-4) ہو سکتا ہے کہ بزرگوں نے آپ سے پوچھا ہو کہ کیا آپ حاضرباش کے طور پر ذمےداری نبھا سکتے ہیں؛ کتابوں اور رسالوں والے شعبے میں کام کر سکتے ہیں؛ مُنادی کے علاقوں کا ریکارڈ رکھنے میں ہاتھ بٹا سکتے ہیں یا کنگڈم ہال کی مرمت اور دیکھبھال کرنے یا کسی اور کام کے سلسلے میں مدد کر سکتے ہیں۔ جو بھائی ایسی ذمےداریاں نبھاتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اُنہیں اِس سے بڑی خوشی ملتی ہے۔
11. ایک بہن کو تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں پر کام کرنے سے کیسے فائدہ ہوا؟
11 جو بہن بھائی تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں میں رضاکاروں کے طور پر کام کرتے ہیں، وہ اکثر نئے دوست بناتے ہیں۔ مارگی نامی بہن نے 18 سال تک کنگڈم ہال کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کِیا۔ اِس دوران وہ اپنے سے کمعمر بہنوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتیں اور اُن کی تربیت کرتیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جو رضاکار ایسے منصوبوں پر کام کرتے ہیں، اُنہیں ایک دوسرے کی حوصلہافزائی کرنے کا بڑا اچھا موقع ملتا ہے۔ (رومیوں 1:12) دراصل جب بہن مارگی کو اپنی زندگی میں مشکل حالات کا سامنا ہوا تو وہ بہن بھائی اُن کا سہارا بنے جن کے ساتھ اُنہوں نے اِن منصوبوں پر کام کرتے وقت دوستی کی تھی۔ کیا آپ نے کبھی تنظیم کے کسی تعمیراتی منصوبے میں حصہ لیا ہے؟ اگر اِس حوالے سے آپ کے پاس کوئی خاص ہنر نہیں ہے تو بھی آپ ایسے منصوبوں میں ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔
12. آپ کسی قدرتی آفت کے بعد بہن بھائیوں کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟
12 ہم کسی قدرتی آفت کے بعد بہن بھائیوں کی مدد کرنے سے بھی یہوواہ کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہم پیسے عطیہ کر سکتے ہیں۔ (یوحنا 13:34، 35؛ اعمال 11:27-30) اِس کے علاوہ ہم ملبہ ہٹانے اور آفت سے متاثرہ گھروں کی تعمیرومرمت میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پولینڈ سے تعلق رکھنے والی بہن گبریئلا کا گھر سیلاب کی وجہ سے تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ مگر یہ دیکھ کر اُن کے دل کو بڑی تسلی ہوئی کہ قریبی کلیسیاؤں سے بہن بھائی اُن کی مدد کے لیے آئے۔ گبریئلا اُن چیزوں کے بارے میں نہیں سوچتی رہتیں جو اُنہوں نے کھو دی ہیں بلکہ اُن کا دھیان اُس چیز پر رہتا ہے جو اُنہوں نے پائی ہے۔ وہ کہتی ہیں: ”بہن بھائیوں نے جس طرح سے میری مدد کی، اُس سے مجھے یہ یقین ہو گیا کہ مسیحی کلیسیا کا حصہ ہونا ایک بیشقیمت اعزاز بھی ہے اور خوشی کا باعث بھی۔“ قدرتی آفت کا شکار ہونے والے بہت سے بہن بھائی اُس وقت ایسے ہی احساسات کا اِظہار کرتے ہیں جب اُنہیں بہن بھائیوں کی طرف سے مدد ملتی ہے۔ اور جو بہن بھائی یہوواہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے آفت سے متاثرہ ہمایمانوں کی مدد کرتے ہیں، اُنہیں بھی بےحد خوشی اور اِطمینان ملتا ہے۔—اعمال 20:35؛ 2-کُرنتھیوں 9:6، 7 کو پڑھیں۔
13. جب ہم رضاکاروں کے طور پر کام کرتے ہیں تو یہوواہ کے لیے ہماری محبت کیسے مضبوط ہوتی ہے؟ مثال دیں۔
13 سٹیفنی نامی بہن اور دیگر مبشروں نے اُس وقت خدا کے ساتھ کام کِیا جب اُنہوں نے امریکہ منتقل ہونے والے پناہگزین یہوواہ کے گواہوں کی مدد کی۔ اِن بہن بھائیوں کو اپنے ملک سے اِس لیے بھاگنا پڑا کیونکہ وہاں جنگ چھڑ گئی تھی۔ سٹیفنی اور دیگر بہن بھائیوں نے گھر ڈھونڈنے اور فرنیچر وغیرہ کا بندوبست کرنے میں اُن کی مدد کی۔ سٹیفنی کہتی ہیں: ”وہ بہن بھائی اِس بات پر بڑے خوش اور شکرگزار تھے کہ ایک فرق ملک کے بہن بھائیوں نے اُن کی اِتنی مدد کی ہے۔ اور اُن کی خوشی کو دیکھ کر ہمارے دل بھی خوشی سے بھر گئے۔ اُن بہن بھائیوں کو لگتا ہے کہ ہم نے اُن کی مدد کی ہے لیکن اصل میں تو اُنہوں نے ہماری زیادہ مدد کی ہے۔ اُن کی محبت، اِتحاد، ایمان اور خدا پر اُن کے بھروسے کو دیکھ کر یہوواہ کے لیے ہماری محبت اَور گہری ہو گئی ہے۔ اور ہمارے دل میں اُس سب کے لیے قدر بھی بڑھ گئی ہے جو ہمیں یہوواہ کی تنظیم کی طرف سے ملتا ہے۔“
یہوواہ کی خدمت میں زیادہ حصہ لیں
14، 15. (الف) یسعیاہ نبی نے کیسا جذبہ دِکھایا؟ (ب) آج یہوواہ کے بندے یسعیاہ نبی جیسا جذبہ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟
14 کیا آپ یہوواہ کے ساتھ اَور زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کو کسی ایسے علاقے میں منتقل ہونے کا موقع ملے جہاں زیادہ مبشروں کی ضرورت ہے تو کیا آپ اِس موقعے سے فائدہ اُٹھائیں گے؟ یہ سچ ہے کہ خدا کی خدمت کرنے کے لیے کسی دُوردراز علاقے میں منتقل ہونا لازمی نہیں ہے۔ لیکن کچھ بہن بھائیوں کے حالات اُنہیں ایسا کرنے کی اِجازت دیتے ہیں۔ اُن کے اندر بھی یسعیاہ نبی جیسا جذبہ ہے۔ جب یہوواہ نے پوچھا کہ ”مَیں کس کو بھیجوں اور ہماری طرف سے کون جائے گا؟“ تو یسعیاہ نے کہا: ”مَیں حاضر ہوں مجھے بھیج۔“ (یسعیاہ 6:8) کیا آپ بھی خدا کی تنظیم کے اَور زیادہ کام آنے کی خواہش رکھتے ہیں اور کیا آپ کے حالات اِس کی اِجازت دیتے ہیں؟ آپ کن طریقوں سے ایسا کر سکتے ہیں؟
15 یسوع مسیح نے مُنادی کرنے اور شاگرد بنانے کے کام کے بارے میں کہا: ”فصل تو بہت ہے لیکن مزدور تھوڑے ہیں۔ پس فصل کے مالک کی مِنت کرو کہ وہ اپنی فصل کاٹنے کے لئے مزدور بھیج دے۔“ (متی 9:37، 38) کیا آپ کسی ایسے علاقے میں پہلکار کے طور پر خدمت کر سکتے ہیں جہاں مبشروں کی تعداد کم ہے؟ اگر آپ کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے تو کیا آپ اِس سلسلے میں کسی اَور کی مدد کر سکتے ہیں؟ بہت سے بہن بھائی کہتے ہیں کہ خدا اور پڑوسی کے لیے محبت ظاہر کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی ایسے علاقے میں پہلکار کے طور پر خدمت کریں جہاں مبشروں کی زیادہ ضرورت ہے۔ کیا آپ اَور طریقوں سے بھی خدا کی خدمت میں زیادہ حصہ لے سکتے ہیں؟ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کو بہت خوشی ملے گی۔
16، 17. یہوواہ کی خدمت میں زیادہ حصہ لینے کے کچھ اَور طریقے کیا ہیں؟
16 کیا آپ کچھ عرصے کے لیے یا ہفتے میں ایک یا زیادہ دنوں کے لیے بیتایل میں خدمت کر سکتے ہیں یا تنظیم کے تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لے سکتے ہیں؟ یہوواہ کی تنظیم کو ہمیشہ ایسے رضاکاروں کی ضرورت رہتی ہے جو کہیں بھی جانے اور کوئی بھی ایسا کام کرنے کے لیے تیار ہوں جو اُنہیں کرنے کو کہا جائے۔ کبھی کبھار بہن بھائیوں کو ضرورت کے پیشِنظر کسی کام میں ہاتھ بٹانے کے لیے کہا جاتا ہے حالانکہ وہ کسی فرق کام میں مہارت رکھتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ یہوواہ اپنے اُن تمام بندوں کی قدر کرتا ہے جو خوشی سے اُس کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں اور جہاں ضرورت ہو، وہاں خدمت کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔—زبور 110:3۔
17 کیا آپ اَور زیادہ تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ آپ خدا کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں؟ اِس سلسلے میں آپ بادشاہت کے مُنادوں کے لیے سکول میں جانے کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اِس سکول کے ذریعے ایسے پُختہ بہن بھائیوں کو تربیت دی جاتی ہے جو پہلے ہی کُلوقتی خدمت کر رہے ہوتے ہیں تاکہ خدا کی تنظیم اُنہیں اَور زیادہ اِستعمال کر سکے۔ جن بہن بھائیوں کو اِس سکول سے تربیت پانے کے لیے بلایا جاتا ہے، اُنہیں اِس بات پر رضامند ہونا چاہیے کہ اُنہیں جہاں بھی خدمت کرنے کو کہا جائے گا، وہ خوشی سے کریں گے۔ کیا آپ تنظیم کے اِس بندوبست کے ذریعے یہوواہ کے لیے اَور زیادہ کام کر سکتے ہیں؟—1-کُرنتھیوں 9:23۔
18. ہمیں ہر روز یہوواہ کے ساتھ کام کرنے کا کیا فائدہ ہوتا ہے؟
18 یہوواہ کے بندوں کے طور پر ہم دوسروں کے ساتھ فیاضی سے پیش آتے ہیں اور اچھائی، مہربانی اور محبت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ہم ہر روز ایسے کام کرتے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمیں دوسروں کی فکر ہے۔ اِس طرح ہمیں بہت خوشی اور اِطمینان ملتا ہے۔ (گلتیوں 5:22، 23) چاہے آپ کے حالات جیسے بھی ہوں، اگر آپ یہوواہ کی طرح فیاضی کا مظاہرہ کریں گے اور اُس کے ساتھ مل کر کام کریں گے تو آپ کی زندگی خوشیوں سے بھر جائے گی۔—امثال 3:9، 10۔