سبق نمبر 40
ہم خدا کی نظر میں پاک صاف کیسے بن سکتے ہیں؟
ذرا تصور کریں کہ ایک ماں اپنے بچے کو سکول کے لیے تیار کر رہی ہے۔ وہ اُسے نہلا دُھلا کر صاف ستھرے کپڑے پہناتی ہے۔ یوں بچہ تندرست رہتا ہے اور دوسروں کو پتہ چلتا ہے کہ اُس کے ماں باپ اچھی طرح اُس کی دیکھبھال کر رہے ہیں۔ اِسی طرح ہمارا شفیق باپ یہوواہ بھی چاہتا ہے کہ ہم پاک صاف ہوں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم جسمانی لحاظ سے بھی پاک صاف ہوں اور اخلاقی لحاظ سے بھی یعنی ہماری سوچ، باتیں اور کام پاک ہوں۔ جب ہم پاک صاف رہتے ہیں تو ہمیں فائدہ ہوتا ہے اور یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے۔
1. ہم جسمانی لحاظ سے پاک صاف کیسے رہ سکتے ہیں؟
یہوواہ خدا اپنے بندوں سے کہتا ہے: ”پاک ہو۔“ (1-پطرس 1:16) پاک ہونے میں یہ شامل ہے کہ ہم جسمانی لحاظ سے اور اخلاقی لحاظ سے پاک صاف ہوں۔ جسمانی لحاظ سے پاک صاف رہنے کے لیے ہمیں ہر روز نہانا چاہیے اور اپنے کپڑوں، گھر اور گاڑی وغیرہ کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے۔ ہم اپنی عبادتگاہ کو صاف کرنے میں بھی ہاتھ بٹا سکتے ہیں۔ جب ہم جسمانی لحاظ سے پاک صاف رہتے ہیں تو یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے۔—2-کُرنتھیوں 6:3، 4۔
2. پاک صاف رہنے کے لیے ہمیں کن عادتوں سے دُور رہنا چاہیے؟
بائبل میں ہمیں نصیحت کی گئی ہے کہ ہم ”اپنے جسم اور اپنی سوچ کو ہر طرح کی ناپاکی سے پاک کریں۔“ (2-کُرنتھیوں 7:1) اِس لیے ہم ہر ایسی چیز سے دُور رہنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ہمارے جسم یا ہماری سوچ کو نقصان ہو سکتا ہے۔ ہمارے خیالات یہوواہ خدا کو پسند آنے چاہئیں اِس لیے ہم گندے خیالات سے دُور رہنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ (زبور 104:34) ہم یہ کوشش بھی کرتے ہیں کہ ہماری باتچیت پاک صاف ہو۔—کُلسّیوں 3:8 کو پڑھیں۔
اِس کے علاوہ کون سی چیزیں ہمیں جسمانی یا اخلاقی لحاظ سے ناپاک کر سکتی ہیں؟ کچھ چیزوں سے ہمارے جسم کو نقصان ہو سکتا ہے جیسے کہ تمباکو، پان، چھالیا، گٹکاُ یا منشیات سے۔ اِس لیے ہم ایسی چیزیں بالکل اِستعمال نہیں کرتے۔ ایسا کرنے سے ہماری صحت اچھی رہتی ہے اور ہم زندگی کی نعمت کے لیے قدر ظاہر کرتے ہیں۔ ہم اخلاقی لحاظ سے پاک صاف رہنے کی بھی پوری کوشش کرتے ہیں۔ اِس لیے ہم خودلذتی کرنے اور فحش مواد دیکھنے جیسی عادتوں سے بھی دُور رہتے ہیں۔ (زبور 119:37؛ اِفسیوں 5:5) اِن عادتوں پر قابو پانا مشکل ہو سکتا ہے لیکن یہوواہ خدا ایسا کرنے میں ہماری مدد کر سکتا ہے۔—یسعیاہ 41:13 کو پڑھیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ جب ہم جسمانی طور پر پاک صاف رہتے ہیں تو یہوواہ خدا کی بڑائی کیسے ہوتی ہے۔ یہ بھی جانیں کہ ہم بُری عادتوں پر قابو کیسے پا سکتے ہیں۔
3. جب ہم جسمانی طور پر پاک صاف رہتے ہیں تو یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے
جب ہم اُن حکموں پر غور کرتے ہیں جو پُرانے زمانے میں یہوواہ خدا نے اِسرائیلیوں کو دیے تھے تو ہمیں صفائی ستھرائی کے بارے میں اُس کی سوچ کا پتہ چلتا ہے۔ خروج 19:10 اور 30:17-19 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اِن آیتوں کے مطابق صفائی ستھرائی کے بارے میں یہوواہ خدا کی سوچ کیا ہے؟
جسمانی طور پر صاف ستھرا رہنے کے لیے آپ کو باقاعدگی سے کون سے کام کرنے چاہئیں؟
جسمانی طور پر صاف ستھرا رہنے کے لیے ہمیں وقت نکالنا پڑتا ہے اور کوشش کرنی پڑتی ہے۔ لیکن ہم ایسا کر سکتے ہیں پھر چاہے ہم امیر ہوں، غریب ہوں یا کہیں بھی رہتے ہوں۔ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب ہم اپنی چیزوں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں تو اُس خدا کی بڑائی کیسے ہوتی ہے جس کے بارے میں ہم دوسروں کو بتاتے ہیں؟
4. بُری عادتوں پر قابو پائیں
اگر آپ سگریٹ پیتے ہیں یا منشیات لیتے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ اِن عادتوں پر قابو پانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ آپ اِس حوالے سے کیا کر سکتے ہیں؟ اِس بات پر غور کریں کہ یہ عادت آپ کو کیسے نقصان پہنچا رہی ہے۔ متی 22:37-39 کو پڑھیں اور پھر اِس بارے میں باتچیت کریں کہ اگر ایک شخص سگریٹ پیتا ہے یا منشیات لیتا ہے تو . . .
یہوواہ خدا کے ساتھ اُس کی دوستی پر کیا اثر پڑتا ہے؟
اُس کے گھر والوں اور دوسرے لوگوں پر کیا اثر پڑتا ہے؟
طے کریں کہ اپنی بُری عادت پر قابو پانے کے لیے آپ کون کون سے قدم اُٹھائیں گے۔a ویڈیو چلائیں۔
فِلپّیوں 4:13 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
باقاعدگی سے دُعا کرنے، بائبل پڑھنے اور اِجلاسوں میں جانے سے ایک شخص کو بُری عادت پر قابو پانے میں مدد کیسے مل سکتی ہے؟
5. ناپاک کاموں اور خیالات کا مقابلہ کریں
کُلسّیوں 3:5 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
ہم کیسے جانتے ہیں کہ فحش مواد دیکھنا، فون پر گندے میسج، تصویریں یا ویڈیوز وغیرہ بھیجنا اور خودلذتی کرنا یہوواہ کی نظر میں ناپاک کام ہیں؟
آپ کے خیال میں یہوواہ خدا نے ہمیں اخلاقی لحاظ سے پاک صاف رہنے کے لیے کیوں کہا ہے؟
دیکھیں کہ آپ ناپاک خیالات کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں۔ ویڈیو چلائیں۔
یسوع مسیح نے ایک مثال کے ذریعے سمجھایا کہ اخلاقی لحاظ سے پاک صاف رہنے کے لیے ہمیں ٹھوس قدم اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ متی 5:29، 30 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یسوع مسیح یہ نہیں کہہ رہے تھے کہ ہمیں اپنے جسم کو نقصان پہنچانا چاہیے بلکہ وہ یہ سمجھا رہے تھے کہ ہمیں ٹھوس قدم اُٹھانے چاہئیں۔ ایک شخص ناپاک خیالات پر قابو پانے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتا ہے؟
اگر آپ ناپاک خیالات پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہوواہ خدا آپ کی کوششوں کی قدر کرتا ہے۔ زبور 103:13، 14 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اگر آپ کسی ناپاک عادت سے لڑ رہے ہیں تو اِن آیتوں کے ذریعے آپ کو لڑتے رہنے کا حوصلہ کیسے ملتا ہے؟
ہمت نہ ہاریں!
ہو سکتا ہے کہ کسی بُری عادت کو چھوڑنے کے دوران آپ وہ کام دوبارہ کر بیٹھیں۔ ایسی صورت میں ہمت ہارنے کی بجائے اِس مثال کو یاد رکھیں: جب دوڑ میں حصہ لینے والا ایک شخص لڑکھڑا کر گِر جاتا ہے تو اِس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ وہ ہار گیا ہے اور نہ ہی یہ مطلب ہوتا ہے کہ اُسے دوڑ شروع سے شروع کرنی پڑے گی۔ اِسی طرح اگر کسی بُری عادت کو چھوڑنے کے بعد آپ وہ کام دوبارہ کر بیٹھتے ہیں تو اِس کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ آپ ہار گئے ہیں۔ اور نہ ہی اِس کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ آپ نے اب تک جو کوشش کی ہے، وہ ضائع ہو گئی ہے۔ کسی بُری عادت کو چھوڑتے وقت اکثر ایسا ہو جاتا ہے کہ ہم وہ کام دوبارہ کر بیٹھتے ہیں۔ لیکن ہمت نہ ہاریں۔ یہوواہ کی مدد سے آپ کامیاب ہو سکتے ہیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”مَیں تو اِس کا عادی ہوں۔ مَیں اِسے نہیں چھوڑ سکتا۔“
آپ کن آیتوں کے ذریعے اُس شخص کو بتائیں گے کہ یہوواہ کی مدد سے وہ اپنی بُری عادت کو چھوڑ سکتا ہے؟
خلاصہ
جب ہم اپنے جسم، سوچ اور کاموں کو پاک رکھتے ہیں تو یہوواہ خدا خوش ہوتا ہے۔
دُہرائی
پاک صاف رہنا کیوں ضروری ہے؟
آپ جسمانی طور پر پاک صاف کیسے رہ سکتے ہیں؟
آپ اپنی سوچ اور کاموں کو پاک کیسے رکھ سکتے ہیں؟
مزید جانیں
اگر آپ کی مالی حالت اِتنی اچھی نہیں ہے تو تب بھی آپ صاف ستھرا رہنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟
دیکھیں کہ آپ سگریٹنوشی چھوڑنے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتے ہیں۔
”سگریٹنوشی چھوڑنا ممکن ہے“ (جاگو! جولائی-ستمبر 2010ء)
جانیں کہ فحش مواد دیکھنے کے کون سے نقصان ہیں۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک شخص نے فحش مواد دیکھنے کی عادت پر کیسے قابو پایا۔
”آخرکار مَیں کامیاب ہو گیا!“ (مینارِنگہبانی، نمبر 4 2016ء)
a اِس سبق کے حصہ ”مزید جانیں“ میں ”سگریٹنوشی چھوڑنا ممکن ہے“ کو دیکھیں جس میں بُری عادتوں کو چھوڑنے کے حوالے سے کچھ عملی مشورے دیے گئے ہیں۔