سبق نمبر 26
بُرائی اور مصیبتوں کی وجہ کیا ہے؟
جب کچھ بُرا ہوتا ہے تو لوگوں کے ذہن میں اکثر یہ سوال آتا ہے کہ ”آخر ایسا کیوں ہوا؟“ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ اِنسانوں پر مصیبتیں کیوں آتی ہیں۔
1. شیطان نے دُنیا میں بُرائی کا آغاز کیسے کِیا؟
شیطان اِبلیس نے خدا کے خلاف بغاوت کی۔ شیطان دوسروں پر حکومت کرنا چاہتا تھا۔ اِس لیے اُس نے آدم اور حوا کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا تاکہ وہ بھی خدا کے خلاف بغاوت کریں۔ اپنے اِس مقصد کو پورا کرنے کے لیے شیطان نے حوا سے جھوٹ بولا۔ (پیدایش 3:1-5) اُس نے حوا کے ذہن میں یہ بات ڈالی کہ یہوواہ جان بُوجھ کر اُنہیں ایک ایسی چیز نہیں دینا چاہتا جو اُن کے لیے اچھی ہے۔ اُس نے اپنی باتوں سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ اگر اِنسان خدا کی بات نہیں مانیں گے تو وہ زیادہ خوش رہیں گے۔ شیطان نے سب سے پہلا جھوٹ بولا اور وہ جھوٹ یہ تھا کہ حوا کبھی نہیں مریں گی۔ اِس لیے بائبل میں شیطان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ”وہ جھوٹا ہے بلکہ جھوٹ کا باپ ہے۔“—یوحنا 8:44۔
2. آدم اور حوا نے کیا کرنے کا فیصلہ کِیا؟
یہوواہ خدا نے آدم اور حوا کو بہت کچھ دیا تھا۔ اُس نے اُن سے کہا تھا کہ وہ باغِعدن کے ہر درخت کا پھل کھا سکتے ہیں سوائے ایک درخت کے۔ (پیدایش 2:15-17) لیکن اُنہوں نے اُسی درخت کا پھل کھانے کا فیصلہ کِیا۔ بائبل میں لکھا ہے کہ حوا نے ”اُس کے پھل میں سے لیا اور کھایا“ اور بعد میں آدم نے بھی وہ پھل کھایا۔ (پیدایش 3:6) یوں اُن دونوں نے خدا کا حکم توڑا۔ آدم اور حوا گُناہ سے پاک تھے۔ اِس لیے اُن کے لیے صحیح کام کرنا آسان تھا۔ لیکن اُنہوں نے جان بُوجھ کر خدا کی نافرمانی کی۔ اِس طرح اُنہوں نے گُناہ کِیا اور یہ ظاہر کِیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ خدا اُنہیں بتائے کہ اُنہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔ اُن کے اِس فیصلے کی وجہ سے اُنہیں بڑا نقصان اُٹھانا پڑا۔—پیدایش 3:16-19۔
3. آدم اور حوا کے فیصلے کا ہم پر کیا اثر ہوا؟
جب آدم اور حوا نے گُناہ کِیا تو وہ عیبدار بن گئے۔ اِس کا اثر اُن کی ساری اولاد پر بھی ہوا کیونکہ اُن کی وجہ سے اُن کی اولاد بھی عیبدار بن گئی۔ بائبل میں آدم کے بارے میں لکھا ہے: ”ایک آدمی کے ذریعے گُناہ دُنیا میں آیا اور گُناہ کے ذریعے موت آئی اور موت سب لوگوں میں پھیل گئی۔“—رومیوں 5:12۔
ہم پر فرق فرق وجہ سے مصیبتیں آتی ہیں۔ کبھی کبھار ہم پر اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے مصیبت آتی ہے۔ کبھی کبھی ہمیں دوسروں کے غلط فیصلوں کی وجہ سے تکلیف اُٹھانی پڑتی ہے۔ کبھی کبھی ہم پر اِس لیے مصیبت آتی ہے کیونکہ ہم غلط وقت پر غلط جگہ ہوتے ہیں۔—واعظ 9:11 کو پڑھیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
جانیں کہ خدا دُنیا میں پھیلی بُرائی اور مصیبتوں کا ذمےدار کیوں نہیں ہے اور جب ہم پر مصیبتیں آتی ہیں تو اُسے کیسا لگتا ہے۔
4. ہماری مصیبتوں کا ذمےدار کون ہے؟
بہت سے لوگ مانتے ہیں کہ ساری دُنیا کو خدا چلا رہا ہے۔ کیا یہ سچ ہے؟ ویڈیو چلائیں۔
یعقوب 1:13 اور 1-یوحنا 5:19 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
کیا مصیبتوں اور بُرائی کا ذمےدار خدا ہے؟
5. شیطان کی حکمرانی کی وجہ سے کیا کچھ ہوا ہے؟
ویڈیو چلائیں۔
پیدایش 3:1-6 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
شیطان نے کیا جھوٹ بولا؟—4 اور 5 آیتوں کو دیکھیں۔
شیطان نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کیسے کی کہ یہوواہ اِنسانوں کو ایک اچھی چیز نہیں دینا چاہتا؟
شیطان کے مطابق کیا اِنسانوں کو خوش رہنے کے لیے یہوواہ خدا کی حکمرانی کی ضرورت ہے؟
واعظ 8:9 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب سے یہوواہ اِس دُنیا کا حکمران نہیں ہے تب سے کیا ہوا ہے؟
(1) آدم اور حوا بےعیب تھے اور ایک خوبصورت باغ میں رہتے تھے۔ لیکن پھر اُنہوں نے شیطان کی بات مانی اور یہوواہ خدا کے خلاف بغاوت کر دی۔
(2) آدم اور حوا کی بغاوت کے بعد دُنیا میں گُناہ، مصیبتوں اور موت کا راج شروع ہو گیا۔
(3) یہوواہ خدا گُناہ، مصیبتوں اور موت کو ختم کر دے گا۔ اِنسان پھر سے بےعیب ہو جائیں گے اور ایک خوبصورت زمین پر رہیں گے۔
6. یہوواہ خدا کو ہماری فکر ہے
جب ہم پر کوئی مصیبت آتی ہے تو خدا کیسا محسوس کرتا ہے؟ غور کریں کہ اِس حوالے سے بادشاہ داؤد اور پطرس رسول نے کیا لکھا۔ زبور 31:7 اور 1-پطرس 5:7 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ کو یہ جان کر کیسا لگتا ہے کہ یہوواہ خدا ہماری تکلیفوں سے واقف ہے اور اُسے ہماری فکر ہے؟
7. خدا اِنسانوں کی ساری تکلیفیں ختم کر دے گا
یسعیاہ 65:17 اور مکاشفہ 21:3، 4 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ کو یہ جان کر اچھا کیوں لگتا ہے کہ یہوواہ اُس سارے نقصان کو بھر دے گا جس کا اِنسانوں کو سامنا ہوا ہے؟
کیا آپ جانتے ہیں؟
جب شیطان نے سب سے پہلا جھوٹ بولا تو اُس نے یہوواہ خدا کو بدنام کِیا۔ اُس نے یہوواہ پر یہ اِلزام لگایا کہ وہ ایک شفیق اور اِنصافپسند حکمران نہیں ہے۔ بہت جلد یہوواہ خدا اِنسانوں کی تکلیفوں اور مصیبتوں کو ختم کر دے گا۔ تب یہ ثابت ہو جائے گا کہ اُس پر لگائے گئے سارے اِلزام جھوٹے ہیں اور وہی سب سے اچھا حکمران ہے۔ اِس کائنات کا سب سے اہم معاملہ یہی ہے کہ یہوواہ کا نام ہر اِلزام سے پاک ہو جائے۔—متی 6:9، 10۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”مصیبتیں خدا کی مرضی سے ہی آتی ہیں۔“
آپ اِس کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
دُنیا میں پھیلی بُرائی کے سب سے بڑے ذمےدار شیطان اِبلیس اور آدم اور حوا ہیں۔ یہوواہ خدا کو ہماری بڑی فکر ہے اور جلد ہی وہ ہماری تکلیفوں کو ختم کر دے گا۔
دُہرائی
شیطان اِبلیس نے حوا سے کیا جھوٹ بولا؟
آدم اور حوا کی بغاوت کی وجہ سے اُن کی ساری اولاد کو کیا نقصان ہوا؟
ہم کیوں کہہ سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا کو ہماری فکر ہے؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں گُناہ کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے۔
اِس مضمون میں اُس معاملے کے بارے میں مزید پڑھیں جو شیطان نے باغِعدن میں اُٹھایا تھا۔
”خدا ہم پر مصیبتیں کیوں آنے دیتا ہے؟“ (مینارِنگہبانی، اپریل-جون 2014ء)
اِس مضمون میں ایک مشکل سوال کا تسلیبخش جواب حاصل کریں۔
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ ایک شخص نے یہ کیسے سیکھا کہ اِنسانوں پر آنے والی مصیبتوں کی وجہ کیا ہے۔