-
خدا کی بادشاہت کیا ہے؟اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!—ایک فائدہمند بائبل کورس
-
-
سبق نمبر 31
خدا کی بادشاہت کیا ہے؟
بائبل کا سب سے اہم موضوع خدا کی بادشاہت ہے۔ یہوواہ خدا اِس بادشاہت کے ذریعے اِس زمین کو پھر سے ویسا بنا دے گا جیسی یہ شروع میں تھی۔ لیکن خدا کی بادشاہت کیا ہے؟ ہم کیسے جانتے ہیں کہ یہ بادشاہت قائم ہو چُکی ہے اور کام کر رہی ہے؟ اِس بادشاہت نے اب تک کیا کچھ کِیا ہے اور یہ مستقبل میں کیا کچھ کرے گی؟ اِس سبق میں اور اگلے دو اسباق میں اِن سوالوں کے جواب دیے جائیں گے۔
1. خدا کی بادشاہت کیا ہے اور اِس کا بادشاہ کون ہے؟
خدا کی بادشاہت ایک حکومت ہے جسے یہوواہ خدا نے قائم کِیا ہے۔ اِس کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں جو آسمان سے حکمرانی کرتے ہیں۔ (متی 4:17؛ یوحنا 18:36) بائبل میں یسوع مسیح کے بارے میں لکھا ہے: ’وہ ہمیشہ تک بادشاہ کے طور پر حکمرانی کریں گے۔‘ (لُوقا 1:32، 33) خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر یسوع مسیح کی حکمرانی پوری زمین پر ہوگی۔
2. یسوع مسیح کے ساتھ کون حکمرانی کرتے ہیں؟
یسوع مسیح اکیلے حکمرانی نہیں کر رہے۔ بائبل میں لکھا ہے: ’ہر قبیلے، زبان، نسل اور قوم میں سے لوگ بادشاہوں کے طور پر زمین پر حکمرانی کریں گے۔‘ (مکاشفہ 5:9، 10) یسوع مسیح کے ساتھ کتنے لوگ حکمرانی کریں گے؟ جب یسوع مسیح زمین پر آئے تھے تب سے اب تک لاکھوں لوگ اُن کے پیروکار بنے ہیں۔ لیکن اُن میں سے صرف 1 لاکھ 44 ہزار لوگ آسمان سے یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کریں گے۔ (مکاشفہ 14:1-4 کو پڑھیں۔) باقی سب مسیحی زمین پر خدا کی بادشاہت کے شہریوں کے طور پر رہیں گے۔—زبور 37:29۔
3. خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی حکومتوں سے بہتر کیوں ہے؟
اِنسانی حکمرانوں کے پاس اِتنی طاقت نہیں ہے کہ وہ اپنی عوام کے سارے مسئلے حل کر سکیں۔ اِسی لیے اگر ایک اِنسانی حکمران اچھے کام کرنے کی کوشش بھی کرے تو وہ اپنی عوام کے لیے وہ سب کچھ نہیں کر پاتا جو وہ کرنا چاہتا ہے۔ پھر اُس کی جگہ کوئی دوسرا حکمران آ جاتا ہے جسے شاید عوام کے فائدے کی کوئی خاص پرواہ نہ ہو۔ لیکن خدا کی بادشاہت کے حکمران یسوع مسیح کی جگہ کوئی نہیں لے گا۔ جو بادشاہت خدا نے قائم کی ہے، وہ ”تاابد نیست نہ ہوگی“ یعنی کبھی تباہ نہیں ہوگی۔ (دانیایل 2:44) یسوع مسیح پوری زمین پر حکمرانی کریں گے اور کسی کی بھی طرفداری نہیں کریں گے۔ وہ پیار کرنے والے، مہربان اور اِنصافپسند حکمران ہیں۔ اور وہ اپنی عوام کو بھی یہی سکھائیں گے کہ وہ دوسروں کے ساتھ پیار، مہربانی اور اِنصاف سے پیش آئیں۔—یسعیاہ 11:9۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی کسی بھی حکومت سے بہتر کیوں ہے۔
4. پوری زمین پر ایک طاقتور حکومت کا راج ہوگا
یسوع مسیح کے پاس اُن سب حکمرانوں سے زیادہ طاقت ہے جو آج تک دُنیا میں آئے ہیں۔ متی 28:18 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یسوع مسیح کے پاس جو اِختیار ہے اور اِنسانی حکمرانوں کے پاس جو اِختیار ہے، اُس میں کیا فرق ہے؟
اِنسانی حکومتیں بدلتی رہتی ہیں اور ہر حکومت کا اِختیار صرف زمین کے ایک خاص حصے پر ہوتا ہے۔ لیکن خدا کی بادشاہت کے سلسلے میں ایسا نہیں ہے۔ دانیایل 7:14 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہ خوشی کی بات کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہت کبھی ختم نہیں ہوگی؟
یہ خوشی کی بات کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہت کا راج پوری زمین پر ہوگا؟
5. اِنسانوں کی حکومتوں کو ختم ہونا چاہیے
خدا کی بادشاہت کو اِنسانی حکومتوں کی جگہ کیوں لینی چاہیے؟ ویڈیو چلائیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
اِنسانوں کی حکمرانی کا کیا نتیجہ نکلا ہے؟
واعظ 8:9 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں کیا خدا کی بادشاہت کو اِنسانی حکومتوں کی جگہ لینی چاہیے؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی کیا وجہ ہے؟
6. خدا کی بادشاہت کے حکمران ہمارے احساسات کو سمجھتے ہیں
ہمارے بادشاہ یسوع مسیح نے اِنسان کے طور پر زندگی گزاری ہے۔ اِس لیے وہ ’ہماری کمزوریوں کو سمجھتے‘ ہیں۔ (عبرانیوں 4:15) جو 1 لاکھ 44 ہزار مرد اور عورتیں یسوع کے ساتھ حکمرانی کریں گے، اُنہیں یہوواہ خدا نے ”ہر قبیلے، زبان، نسل اور قوم میں سے“ چُنا ہے۔—مکاشفہ 5:9۔
کیا آپ کو یہ جان کر تسلی ملتی ہے کہ یسوع مسیح اور اُن کے ساتھ حکمرانی کرنے والے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اِنسان کے طور پر زندگی گزارنا کیسا ہوتا ہے؟
7. خدا کی بادشاہت کے قوانین اِنسانوں کی حکومتوں کے قوانین سے کہیں بہتر ہیں
حکومتیں اپنے شہریوں کے فائدے اور اُن کی حفاظت کے لیے قوانین بناتی ہیں۔ خدا کی بادشاہت کے بھی کچھ قوانین ہیں جو اِس کے شہریوں کو ماننے چاہئیں۔ 1-کُرنتھیوں 6:9-11 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
آپ کے خیال میں اُس وقت دُنیا کیسی ہوگی جب ہر کوئی خدا کے قوانین کو مانے گا؟a
آپ کے خیال میں کیا یہوواہ کو اپنی بادشاہت کے شہریوں سے یہ توقع کرنی چاہیے کہ وہ اُس کے قوانین کا احترام کریں؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ جو لوگ خدا کے قوانین کو نہیں مانتے، وہ بھی بدل سکتے ہیں؟—11 آیت کو دیکھیں۔
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”خدا کی بادشاہت تو ہمارے دل میں ہے۔“
آپ اِس کے جواب میں کیا کہیں گے؟
خلاصہ
خدا کی بادشاہت ایک حقیقی حکومت ہے۔ یہ بادشاہت آسمان پر قائم ہے اور پوری زمین پر حکومت کرے گی۔
دُہرائی
خدا کی بادشاہت کے حکمران کون ہیں؟
خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی حکومتوں سے بہتر کیوں ہے؟
یہوواہ اپنی بادشاہت کے شہریوں سے کن باتوں کی توقع کرتا ہے؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں پڑھیں کہ یسوع مسیح کی تعلیمات کے مطابق بادشاہت کہاں ہے۔
”کیا خدا کی بادشاہت ہمارے دل میں ہے؟“ (ویبسائٹ پر مضمون)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ یہوواہ کے گواہوں کی نظر میں خدا کی بادشاہت کے وفادار رہنا اِنسانی حکومتوں کے وفادار رہنے سے زیادہ اہم کیوں ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں اُن 1 لاکھ 44 ہزار لوگوں کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے جنہیں یہوواہ خدا یسوع مسیح کے ساتھ حکمرانی کرنے کے لیے چُنتا ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک عورت کو جیل میں یہ یقین کیسے ہوا کہ خدا ایک ایسی دُنیا قائم کرے گا جہاں اِنصاف کا بولبالا ہوگا۔
”مجھے نااِنصافی کا مستقل حل مل گیا!“ (”جاگو!“ کا مضمون)
-
-
خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے!اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!—ایک فائدہمند بائبل کورس
-
-
سبق نمبر 32
خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے!
خدا کی بادشاہت نے 1914ء میں آسمان میں حکمرانی شروع کی۔ اُسی سال اِنسانی حکومتوں کا آخری دَور بھی شروع ہو گیا۔ ہم یہ بات کیسے جانتے ہیں؟ ہم اِس حوالے سے بائبل میں لکھی ایک پیشگوئی پر غور کریں گے اور یہ بھی دیکھیں گے کہ 1914ء سے دُنیا کے حالات اور لوگوں کے رویوں میں کیا تبدیلی آئی ہے۔
1. بائبل میں لکھی ایک پیشگوئی سے کیا پتہ چلتا ہے؟
بائبل میں دانیایل کی کتاب میں ”سات دَور“ کے ایک عرصے کا ذکر کِیا گیا ہے۔ اِس میں ظاہر کِیا گیا ہے کہ خدا کی بادشاہت نے اِس عرصے کے ختم ہونے پر حکمرانی شروع کرنی تھی۔ (دانیایل 4:16، 17) سینکڑوں سال بعد یسوع مسیح نے اِس عرصے کو ”قوموں کا مقررہ وقت“ کہا اور بتایا کہ یہ عرصہ اُن کے زمانے تک ختم نہیں ہوا تھا۔ (لُوقا 21:24) ہم دیکھیں گے کہ سات دَور کا یہ عرصہ 1914ء میں ختم ہوا۔
2. سن 1914ء سے دُنیا کے حالات اور لوگوں کے رویوں میں کیا تبدیلی آئی ہے؟
یسوع مسیح کے شاگردوں نے اُن سے پوچھا: ”ہمیں بتائیں کہ یہ باتیں کب ہوں گی اور آپ کی موجودگی اور دُنیا کے آخری زمانے کی نشانی کیا ہوگی؟“ (متی 24:3) اِس سوال کے جواب میں یسوع مسیح نے بتایا کہ جب وہ آسمان پر خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر حکمرانی شروع کریں گے تو اِس کے بعد کیا کچھ ہوگا۔ مثال کے طور پر یسوع مسیح نے کہا کہ جنگیں ہوں گی، کھانے پینے کی چیزوں کی کمی ہوگی اور زلزلے آئیں گے۔ (متی 24:7 کو پڑھیں۔) اِس کے علاوہ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ”آخری زمانے میں“ لوگوں کے رویوں کی وجہ سے زندگی ”مشکل“ ہو جائے گی۔ (2-تیمُتھیُس 3:1-5) یہ ساری چیزیں خاص طور پر 1914ء سے دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
3. جب سے خدا کی بادشاہت نے حکمرانی شروع کی ہے، دُنیا کے حالات اِتنے خراب کیوں ہو گئے ہیں؟
جب یسوع مسیح خدا کی بادشاہت کے بادشاہ بنے تو اِس کے تھوڑی دیر بعد اُنہوں نے آسمان میں شیطان اور بُرے فرشتوں کے خلاف جنگ کی۔ شیطان اُس جنگ میں ہار گیا۔ بائبل میں لکھا ہے کہ ”اُسے نیچے زمین پر پھینک دیا گیا اور اُس کے فرشتوں کو بھی اُس کے ساتھ پھینک دیا گیا۔“ (مکاشفہ 12:9، 10، 12) شیطان بہت غصے میں ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ بہت جلد اُسے ختم کر دیا جائے گا۔ اِس لیے وہ ایسے کام کرتا ہے جن کی وجہ سے پوری دُنیا میں لوگوں کو تکلیفیں اُٹھانی پڑتی ہیں۔ اِس بات میں کوئی شک نہیں کہ دُنیا کے حالات بہت بُرے ہیں۔لیکن خدا کی بادشاہت سب کچھ ٹھیک کر دے گی۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
غور کریں کہ ہم یہ کیسے جانتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت نے 1914ء میں حکمرانی شروع کی اور اِس بات کا ہم سے کیا تعلق ہے۔
4. پیشگوئی کے مطابق خدا کی بادشاہت نے 1914ء میں حکمرانی شروع کی
ویڈیو چلائیں۔
خدا نے بابل کے بادشاہ نبوکدنضر کو ایک خواب دِکھایا جس میں یہ ظاہر کِیا گیا کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ وہ خواب کیا تھا اور دانیایل نے اُس کی کیا وضاحت کی۔ اُس خواب سے پتہ چلتا ہے کہ وہ نبوکدنضر کی حکومت کے بارے میں بھی تھا اور خدا کی بادشاہت کے بارے میں بھی۔—دانیایل 4:17 کو پڑھیں۔a
دانیایل 4:20-26 کو پڑھیں اور پھر چارٹ اِستعمال کرتے ہوئے اِن سوالوں کے جواب دیں:
(1) نبوکدنضر نے خواب میں کیا دیکھا؟—20 اور 21 آیتوں کو دیکھیں۔
(2) درخت کے ساتھ کیا ہونا تھا؟—23 آیت کو دیکھیں۔
(3) ”سات دَور“ ختم ہونے پر کیا ہونا تھا؟—26 آیت کو دیکھیں۔
درخت کے بارے میں نبوکدنضر کے خواب کا خدا کی بادشاہت سے کیا تعلق ہے؟
پیشگوئی (دانیایل 4:20-36)
حکمرانی
(1) ایک بہت بڑا درخت
حکمرانی روک دی گئی
(2) ”درخت کو کاٹ ڈالو“ اور ”سات دَور“ گزرنے دو
حکمرانی پھر سے قائم ہو گئی
(3) ”تُو اپنی سلطنت پر پھر قائم ہو جائے گا“
جب یہ پیش گوئی پہلی بار پوری ہوئی تو . . .
(4) درخت سے کیا مُراد تھی؟—22 آیت کو دیکھیں۔
(5) نبوکدنضر کی حکمرانی کیسے روک دی گئی؟—دانیایل 4:29-33 کو پڑھیں۔
(6) ”سات دَور“ ختم ہونے پر نبوکدنضر کے ساتھ کیا ہوا؟—دانیایل 4:34-36 کو پڑھیں۔
جب یہ پیشگوئی پہلی بار پوری ہوئی
حکمرانی
(4) بابل کا بادشاہ نبوکدنضر
حکمرانی روک دی گئی
(5) سن 606 قبلازمسیح کے بعد نبوکدنضر کی ذہنی حالت خراب ہو گئی اور وہ سات سال تک حکمرانی نہیں کر پائے
حکمرانی پھر سے قائم ہو گئی
(6) نبوکدنضر کی ذہنی حالت ٹھیک ہو گئی اور وہ دوبارہ سے حکمرانی کرنے لگے
جب یہ پیشگوئی دوسری بار پوری ہوئی تو . . .
(7) درخت سے کیا مُراد تھی؟—1-تواریخ 29:23 کو پڑھیں۔
(8) اِسرائیل کے بادشاہوں کی حکمرانی کیسے روک دی گئی؟ ہم کیسے جانتے ہیں کہ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اِسرائیل کے بادشاہ حکمرانی نہیں کر رہے تھے؟—لُوقا 21:24 کو پڑھیں۔
(9) یہ حکمرانی پھر سے کب اور کہاں شروع ہوئی؟
جب یہ پیشگوئی دوسری بار پوری ہوئی
حکمرانی
(7) اِسرائیل کے بادشاہ جو کہ خدا کی بادشاہت کی نمائندگی کرتے تھے
حکمرانی روک دی گئی
(8) یروشلیم کو تباہ کر دیا گیا اور 2520 سال کے لیے اِسرائیل کے بادشاہوں کا سلسلہ روک دیا گیا
حکمرانی پھر سے قائم ہو گئی
(9) یسوع مسیح نے خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر حکمرانی شروع کی
سات دَور کا عرصہ کتنا لمبا تھا؟
بائبل کے کچھ حصے اِس کے دوسرے حصوں کو سمجھنے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر مکاشفہ کی کتاب میں بتایا گیا ہے کہ ساڑھے تین دَور یا وقت 1260 دن کے برابر ہیں۔ (مکاشفہ 12:6، 14) اِس حساب سے سات دَور 2520 دنوں کے برابر ہوئے۔ بائبل میں کبھی کبھار ایک دن ایک سال کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔ (حِزقیایل 4:6) دانیایل کی کتاب میں سات دَور کے جس عرصے کا ذکر کِیا گیا ہے، اُس میں بھی ایک دن ایک سال کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔ اِس کا مطلب ہے کہ سات دَور یعنی 2520 دنوں سے مُراد 2520 سال ہیں۔
5. سن 1914ء سے دُنیا کے حالات بدل گئے ہیں
ویڈیو چلائیں۔
یسوع مسیح نے بتایا تھا کہ اُن کے بادشاہ بننے کے بعد دُنیا کے حالات کیسے ہوں گے۔ لُوقا 21:9-11 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ نے اِن میں سے کن باتوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے یا اِن کے بارے میں سنا ہے؟
پولُس رسول نے بتایا کہ اِنسانوں کی حکمرانی کے آخری زمانے میں لوگ کیسے ہوں گے۔ 2-تیمُتھیُس 3:1-5 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ نے لوگوں میں اِن میں سے کون سی باتیں دیکھی ہیں؟
6. خدا کی بادشاہت کے بارے میں جان کر ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
متی 24:3، 14 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
کس اہم کام سے ثابت ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے؟
آپ اِس کام میں کیسے حصہ لے سکتے ہیں؟
خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے اور وہ دن دُور نہیں جب پوری دُنیا پر اِس کا اِختیار قائم ہو جائے گا۔ عبرانیوں 10:24، 25 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب ہم دیکھتے ہیں کہ ”وہ دن نزدیک ہے“ تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
شاید کوئی شخص پوچھے: ”یہوواہ کے گواہ 1914ء کے بارے میں اِتنی بات کیوں کرتے ہیں؟“
آپ اِس سوال کا کیا جواب دیں گے؟
خلاصہ
بائبل میں لکھی ایک پیشگوئی اور دُنیا کے حالات سے ثابت ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے۔ اِجلاسوں میں جانے اور خدا کی بادشاہت کی مُنادی کرنے سے ہم اِس بات پر یقین ظاہر کرتے ہیں کہ یہ بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے۔
دُہرائی
دانیایل کی کتاب میں سات دَور کے جس عرصے کا ذکر کِیا گیا ہے، اُس کے ختم ہونے پر کیا ہوا؟
آپ کو یہ یقین کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہت نے 1914ء میں حکمرانی شروع کی؟
آپ اِس بات پر یقین کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت حکمرانی کر رہی ہے؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں پڑھیں کہ متی 24:14 میں لکھی پیشگوئی کا ایک شخص کی زندگی پر کیا اثر ہوا۔
”مجھے بیس بال سے عشق تھا“ (مینارِنگہبانی، نمبر 3 2017ء)
ہم کیسے جانتے ہیں کہ دانیایل 4 باب میں لکھی پیشگوئی خدا کی بادشاہت کے بارے میں ہے؟
”خدا کی بادشاہت نے کب حکمرانی کرنا شروع کی؟ (پہلا حصہ)“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
اِس بات کا کیا ثبوت ہے کہ دانیایل 4 باب میں ”سات دَور“ کے جس عرصے کا ذکر کِیا گیا ہے، وہ 1914ء میں ختم ہوا؟
”خدا کی بادشاہت نے کب حکمرانی کرنا شروع کی؟ (دوسرا حصہ)“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
a اِس سبق کے حصے ”مزید جانیں“ کے آخری دو مضمون دیکھیں۔
-
-
خدا کی بادشاہت کیا کچھ کرے گی؟اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!—ایک فائدہمند بائبل کورس
-
-
سبق نمبر 33
خدا کی بادشاہت کیا کچھ کرے گی؟
خدا کی بادشاہت اِس وقت حکمرانی کر رہی ہے اور بہت جلد یہ زمین پر بڑی بڑی تبدیلیاں کرے گی۔ آئیں، دیکھیں کہ خدا کی بادشاہت ایسے کون سے کام کرے گی جنہیں ہم سب دیکھنا چاہتے ہیں۔
1. خدا کی بادشاہت زمین پر امن اور اِنصاف کیسے قائم کرے گی؟
خدا کی بادشاہت کے بادشاہ یسوع مسیح ہرمجِدّون کی جنگ میں بُرے لوگوں اور حکومتوں کو ختم کر دیں گے۔ (مکاشفہ 16:14، 16) اُس وقت بائبل میں لکھی یہ بات پوری ہوگی: ”تھوڑی دیر میں شریر نابود ہو جائے گا۔“ (زبور 37:10) اِس کا مطلب ہے کہ بُرے لوگ ختم ہو جائیں گے۔ خدا کی بادشاہت کے ذریعے یسوع مسیح پوری زمین پر امن اور اِنصاف قائم کریں گے۔—یسعیاہ 11:4۔
2. جب زمین پر خدا کا مقصد پورا ہوگا تو زندگی کیسی ہوگی؟
خدا کی بادشاہت میں ”صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔“ (زبور 37:29) ذرا تصور کریں کہ آپ ایک ایسی دُنیا میں ہیں جہاں سب لوگ اچھے ہیں؛ جہاں سب یہوواہ خدا اور ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں اور جہاں کوئی بھی کبھی بیمار نہیں ہوگا اور ہر شخص ہمیشہ تک زندہ رہے گا۔
3. خدا کی بادشاہت بُرے لوگوں کو ختم کرنے کے بعد کیا کرے گی؟
بُرے لوگوں کو ختم کرنے کے بعد یسوع مسیح 1000 سال تک حکمرانی کریں گے۔ اُس وقت کے دوران یسوع مسیح اور اُن کے 1 لاکھ 44 ہزار ساتھی زمین پر اِنسانوں کی مدد کریں گے تاکہ وہ ہر عیب اور گُناہ سے پاک ہو جائیں۔ 1000 سال ختم ہونے کے بعد زمین ایک خوبصورت باغ بن جائے گی۔ تب سب لوگ خوش ہوں گے کیونکہ وہ یہوواہ خدا کے حکموں پر عمل کر رہے ہوں گے۔ پھر یسوع مسیح اپنے باپ کو حکمرانی واپس دے دیں گے۔ اِس کے بعد پوری کائنات میں یہوواہ کا ”نام پاک ثابت“ ہو جائے گا۔ (متی 6:9، 10، فٹنوٹ) یہ بات ثابت ہو چُکی ہوگی کہ یہوواہ ایک اچھا حکمران ہے اور اُسے اپنی عوام کی بہت فکر ہے۔ پھر یہوواہ خدا شیطان، بُرے فرشتوں اور اُن سب لوگوں کو ختم کر دے گا جو اُس کی حکمرانی کے خلاف ہوں گے۔(مکاشفہ 20:7-10) خدا کی بادشاہت زمین پر جو بھی اچھے کام کرے گی، اِنسانوں کو اُن سے ہمیشہ تک فائدہ ہوگا۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
غور کریں کہ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے وہ سارے وعدے کیسے پورے کرے گا جو بائبل میں مستقبل کے حوالے سے کیے گئے ہیں۔
4. خدا کی بادشاہت اِنسانوں کی حکومتوں کو ختم کر دے گی
بائبل میں لکھا ہے: ”ایک شخص دوسرے پر حکومت کر کے اُس کو ضرر [یعنی نقصان] پہنچاتا ہے۔“ (واعظ 8:9، کیتھولک ترجمہ) یہوواہ خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے اُس سارے نقصان کو بھر دے گا جو اِنسانوں کی حکمرانی کی وجہ سے ہوا ہے۔
دانیایل 2:44 اور 2-تھسلُنیکیوں 1:6-8 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا اور اُس کا بیٹا یسوع اِنسانوں کی حکومتوں اور اُن کا ساتھ دینے والوں کے ساتھ کیا کریں گے؟
آپ کو یہ یقین کیوں ہے کہ یہوواہ اور یسوع جو بھی کریں گے، وہ صحیح ہوگا اور ہمارے فائدے کے لیے ہوگا؟
5. یسوع مسیح سب سے اچھے بادشاہ ہیں
خدا کی بادشاہت کے بادشاہ کے طور پر یسوع مسیح زمین پر رہنے والے اِنسانوں کے فائدے کے لیے بہت کچھ کریں گے۔ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ یہ کیسے پتہ چلتا ہے کہ یسوع خود بھی اِنسانوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور خدا نے اُنہیں ایسا کرنے کی طاقت بھی دی ہوئی ہے۔
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے اُن کاموں کی ایک جھلک دِکھائی جو خدا کی بادشاہت کرے گی۔ آگے جن کاموں کا ذکر کِیا گیا ہے، آپ اُن میں سے خاص طور پر کون سے کام ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں؟ ہر نکتے کے ساتھ جو آیتیں دی گئی ہیں، اُنہیں پڑھیں۔
جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے . . .
جب یسوع مسیح آسمان سے زمین پر حکمرانی کریں گے تو وہ . . .
ظاہر کِیا کہ وہ قدرتی طاقتوں پر اِختیار رکھتے ہیں۔—مرقس 4:36-41۔
زمین کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کر دیں گے۔—یسعیاہ 35:1، 2۔
ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا۔—متی 14:17-21۔
خوراک کی کمی کو ختم کر دیں گے۔—زبور 72:16۔
بہت سے بیماروں کو شفا دی۔—لُوقا 18:35-43۔
ہر طرح کی بیماری کو ختم دیں گے۔—یسعیاہ 33:24۔
مُردوں کو زندہ کِیا۔—لُوقا 8:49-55۔
مُردوں کو زندہ کریں گے اور موت کو ختم کر دیں گے۔—مکاشفہ 21:3، 4۔
6. خدا کی بادشاہت ایک شاندار مستقبل لائے گی
خدا کی بادشاہت کے ذریعے اِنسانوں کو وہ شاندار زندگی ملے گی جو خدا شروع سے اُنہیں دینا چاہتا تھا۔ زمین فردوس بن جائے گی اور اِنسان اِس پر ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔ ویڈیو چلائیں اور دیکھیں کہ یہوواہ اپنے مقصد کو پورا کرنے کے لیے اپنے بیٹے یسوع کے ذریعے کون سے کام کر رہا ہے۔
زبور 145:16 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ کو یہ جان کر کیسا لگتا ہے کہ یہوواہ خدا ”ہر جاندار کی خواہش پوری“ کرے گا؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”اگر سارے اِنسان مل کر کام کریں تو ہم دُنیا کے مسئلوں کو حل کر سکتے ہیں۔“
خدا کی بادشاہت ایسے کون سے مسئلوں کو حل کرے گی جنہیں اِنسانی حکومتیں حل نہیں کر سکیں؟
خلاصہ
خدا کی بادشاہت وہ سارے کام کرے گی جو خدا اِس کے ذریعے کرنا چاہتا ہے۔ یہ پوری زمین کو فردوس بنا دے گی جس پر صرف اچھے لوگ رہیں گے اور وہ ہمیشہ تک یہوواہ خدا کی عبادت کریں گے۔
دُہرائی
خدا کی بادشاہت کے ذریعے یہوواہ کا نام پاک کیسے مانا جائے گا؟
ہم یہ یقین کیوں رکھ سکتے ہیں کہ خدا کی بادشاہت بائبل میں لکھے وعدوں کو پورا کرے گی؟
خدا کی بادشاہت جو اچھے کام کرے گی، آپ اُن میں سے خاص طور پر کون سے کام ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں؟
مزید جانیں
جانیں کہ ہرمجِدّون کیا ہے۔
دیکھیں کہ یسوع مسیح کی ہزار سالہ حکمرانی کے دوران اور اِس کے آخر پر کیا کچھ ہوگا۔
”عدالت کے دن کے دوران کیا ہوگا؟“ (مینارِنگہبانی، 1 اکتوبر 2012ء)
اِس ویڈیو میں دیکھیں کہ خاندان کے افراد خدا کی بادشاہت میں ملنے والی برکتوں پر کیسے سوچ بچار کر سکتے ہیں۔
مضمون ”میرے ذہن میں بہت سے سوال آئے جن کی وجہ سے مَیں کافی پریشان ہو گیا“ میں پڑھیں کہ ایک سیاسی باغی کو اپنے سوالوں کے جواب کیسے ملے۔
”پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
-