2-کُرنتھیوں
10 آپ لوگوں کا کہنا ہے کہ ”جب پولُس ہمارے سامنے ہوتا ہے تو وہ بڑا کمزور لگتا ہے مگر جب وہ ہمارے سامنے نہیں ہوتا تو وہ بڑا دلیر بنتا ہے۔“ اِس کے باوجود مَیں مسیح جیسی نرممزاجی اور تحمل سے آپ سے اِلتجا کرتا ہوں کہ میری باتوں پر عمل کریں۔ 2 اُمید ہے کہ جب مَیں آپ کے پاس آؤں گا تو مجھے اُن کے خلاف سخت قدم نہیں اُٹھانے پڑیں گے جن کا خیال ہے کہ ہم دُنیاوی سوچ کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ 3 بےشک ہم اِس دُنیا میں رہ رہے ہیں لیکن ہم دُنیا کی طرح جنگ نہیں لڑ رہے 4 کیونکہ ہمارے ہتھیار، دُنیا کے ہتھیاروں سے فرق ہیں۔ ہمارے ہتھیار خدا کی طرف سے ہیں اور ایسی چیزوں کو بھی ڈھا سکتے ہیں جو بڑی مضبوطی سے قائم ہیں۔ 5 اِن سے ہم ہر طرح کی غلط سوچ کو اور ہر اُس دیوار کو ڈھا دیتے ہیں جو خدا کے علم کے خلاف کھڑی کی جاتی ہے اور ہر نظریے پر غالب آ کر اُسے مسیح کے تابع کر دیتے ہیں۔ 6 ہم اُن لوگوں کو سزا دیں گے جو نافرمان ہیں لیکن اِس سے پہلے کہ ہم ایسا کریں، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنی فرمانبرداری کا ثبوت دیں۔
7 آپ آنکھوں دیکھے کے مطابق ہی رائے قائم کر لیتے ہیں۔ اگر کسی کو اِس بات پر فخر ہے کہ وہ مسیح کا خادم ہے تو وہ یہ حقیقت نہ بھولے کہ ہم بھی مسیح کے خادم ہیں۔ 8 مالک نے ہمیں اِختیار دیا ہے کہ آپ کا حوصلہ بڑھائیں نہ کہ اِسے پست کریں۔ اور اگر مَیں اِس اِختیار پر حد سے زیادہ فخر کروں بھی تو مَیں غلط نہیں ہوں۔ 9 لیکن مَیں یہ تاثر نہیں دینا چاہتا کہ مَیں آپ کو اپنے خطوں کے ذریعے ڈرانا دھمکانا چاہتا ہوں۔ 10 کیونکہ آپ میں سے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ”اُس کے خط تو بڑے زوردار اور مؤثر ہیں لیکن وہ خود بڑا معمولی سا ہے اور اُس کی تقریریں بھی کچھ خاص نہیں ہیں۔“ 11 ایسے لوگ یہ جان لیں کہ جو کچھ ہم اپنے خطوں میں کہتے ہیں، ہم اُس وقت کریں گے بھی جب ہم آپ کے پاس آئیں گے۔ 12 ہم تو اِس بات کی جُرأت بھی نہیں کرتے کہ اپنے آپ کو اُن لوگوں کے برابر سمجھیں یا اُن سے اپنا مقابلہ کریں جو اپنی تعریفیں کرتے ہیں۔ جب ایسے لوگ اپنے آپ کو اپنے ہی معیاروں پر تولتے ہیں اور اپنا مقابلہ اپنے ہی ساتھ کرتے ہیں تو وہ اپنی بےوقوفی کا ثبوت دیتے ہیں۔
13 لیکن ہم ایسے کاموں پر فخر نہیں کریں گے جو ہم نے نہیں کیے بلکہ ہم اُس ذمےداری پر فخر کریں گے جو خدا نے ہمیں دی ہے اور اِس ذمےداری میں یہ شامل ہے کہ ہم آپ کو خوشخبری سنائیں۔ 14 اِس لیے جب ہم آپ کے پاس آئے تو ہم نے وہی کام کِیا جو خدا نے ہمیں سونپا تھا کیونکہ ہم ہی نے سب سے پہلے آپ کو مسیح کے بارے میں خوشخبری سنائی۔ 15 لہٰذا ہم اُن کاموں پر فخر نہیں کرتے جو ہماری ذمےداری میں شامل نہیں یعنی جو کسی اَور نے کیے ہیں۔ لیکن ہمیں اُمید ہے کہ جوںجوں آپ کا ایمان بڑھتا جائے گا، وہ محنت رنگ لائے گی جو ہم نے اپنی ذمےداری پوری کرتے وقت کی تھی۔ پھر ہمیں اَور بھی ذمےداریاں ملیں گی 16 اور ہم اُن ملکوں میں خوشخبری سنائیں گے جو آپ سے بھی زیادہ دُور ہیں تاکہ ہم اُن کاموں پر فخر نہ کریں جو دوسروں کی ذمےداری ہیں۔ 17 لکھا ہے کہ ”جو شخص فخر کرتا ہے، وہ یہوواہ* پر فخر کرے۔“ 18 دراصل یہوواہ* اُس شخص کو قبول نہیں کرتا جو اپنی تعریفیں کرتا ہے بلکہ اُس شخص کو قبول کرتا ہے جس کی وہ خود تعریف کرتا ہے۔