سموئیل کی دوسری کتاب
8 کچھ عرصے بعد داؤد نے فِلسطینیوں کو شکست دے کر اُنہیں اپنے تابع کر لیا اور فِلسطینیوں کے ہاتھ سے مِتگاَمّہ نامی جگہ لے لی۔
2 اُنہوں نے موآبیوں کو شکست دی اور اُنہیں قطار میں زمین پر لیٹنے کو کہا۔ پھر اُنہوں نے ناپنے کی ڈوری سے اُنہیں ناپا اور دو ڈوریوں کے برابر سپاہیوں کو قتل کر دیا اور ایک ڈوری کے برابر سپاہیوں کو زندہ رکھا۔ موآبی داؤد کے خادم بن گئے اور اُنہیں خراج دینے لگے۔
3 داؤد نے ضوباہ کے بادشاہ ہددعزر کو شکست دی جو رِحوب کا بیٹا تھا۔ اُنہوں نے اُسے اُس وقت شکست دی جب وہ دریائےفرات پر اپنا اِختیار بحال کرنے جا رہا تھا۔ 4 داؤد نے ہددعزر کے 1700 گُھڑسواروں اور 20 ہزار پیدل سپاہیوں کو قبضے میں کر لیا اور رتھوں کے 100 گھوڑوں کے علاوہ باقی سب گھوڑوں کو لنگڑا کر دیا۔
5 جب دمشق سے سُوریانی لوگ ضوباہ کے بادشاہ ہددعزر کی مدد کے لیے آئے تو داؤد نے 22 ہزار سُوریانیوں کو مار ڈالا۔ 6 پھر داؤد نے دمشق کے علاقے سُوریہ میں چوکیاں بنائیں۔ سُوریانی داؤد کے خادم بن گئے اور اُنہیں خراج دینے لگے۔ داؤد جہاں بھی گئے، یہوواہ نے اُنہیں فتح* دِلائی۔ 7 اِس کے علاوہ داؤد نے ہددعزر کے خادموں سے سونے کی گول ڈھالیں لے لیں اور اِنہیں یروشلم لے آئے۔ 8 بادشاہ داؤد ہددعزر کے شہروں بِطاہ اور بِیروتائی سے بہت بڑی تعداد میں تانبا بھی لے آئے۔
9 جب حمات کے بادشاہ توعی نے سنا کہ داؤد نے ہددعزر کی پوری فوج کو شکست دے دی ہے 10 تو اُس نے اپنے بیٹے یورام کو بادشاہ داؤد کی خیریت معلوم کرنے اور اُنہیں مبارکباد دینے کے لیے بھیجا کیونکہ اُنہوں نے ہددعزر سے لڑ کر اُسے شکست دی تھی۔ (دراصل ہددعزر کئی بار توعی سے لڑ چُکا تھا۔) یورام اپنے ساتھ چاندی، سونے اور تانبے کی چیزیں لایا۔ 11 بادشاہ داؤد نے اِن چیزوں کو یہوواہ کے لیے مخصوص کِیا، بالکل ویسے ہی جیسے اُنہوں نے اُن سب قوموں سے لائی ہوئی چاندی اور سونے کو مخصوص کِیا تھا جن کو اُنہوں نے تابع کر لیا تھا 12 یعنی سُوریہ اور موآب اور عمونیوں، فِلسطینیوں اور عمالیقیوں سے لائے ہوئے سونے چاندی کو اور ضوباہ کے بادشاہ ہددعزر سے لائے ہوئے لُوٹ کے مال کو جو رِحوب کا بیٹا تھا۔ 13 جب داؤد وادیِشور میں 18 ہزار ادومیوں کو مار کر لوٹے تو اُن کی شہرت اَور زیادہ پھیل گئی۔ 14 اُنہوں نے ادوم میں چوکیاں بنائیں۔ اُنہوں نے پورے ادوم میں چوکیاں بنائیں اور سب ادومی داؤد کے خادم بن گئے۔ داؤد جہاں بھی گئے، یہوواہ نے اُنہیں فتح* دِلائی۔
15 داؤد سارے اِسرائیل پر حکمرانی کرتے رہے اور وہ اپنی ساری عوام کے ساتھ اِنصاف اور نیکی سے پیش آتے رہے۔ 16 ضِرُویاہ کے بیٹے یوآب فوج کے سربراہ تھے اور اخیلُود کے بیٹے یہوسفط شاہی تاریخنویس تھے۔ 17 اخیطُوب کے بیٹے صدوق اور ابیآتر کے بیٹے اخیمَلِک کاہن تھے اور سِرایاہ مُنشی تھے۔ 18 یہویدع کے بیٹے بِنایاہ کِرِیتیوں اور فلیتیوں کے سربراہ تھے اور داؤد کے بیٹے اعلیٰ وزیر بنے۔*