متی
3 اُس زمانے میں یوحنا بپتسمہ دینے والے نے یہودیہ کے ویرانے میں یہ مُنادی کرنا شروع کی: 2 ”توبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہت نزدیک ہے۔“ 3 دراصل یوحنا وہ شخص تھے جن کے بارے میں یسعیاہ نبی نے کہا تھا: ”ویرانے میں کوئی پکار رہا ہے کہ ”یہوواہ* کا راستہ تیار کرو۔ اُس کی راہ ہموار کرو۔“ “ 4 یوحنا کے کپڑے اُونٹ کے بالوں سے بنے ہوئے تھے، وہ کمر پر چمڑے کی پیٹی باندھتے تھے اور ٹڈیاں اور جنگلی شہد کھاتے تھے۔ 5 اُس وقت یروشلیم اور یہودیہ اور دریائےاُردن* کے اِردگِرد کے تمام علاقوں سے لوگ اُن کے پاس آنے لگے۔ 6 اور اُنہوں نے یوحنا سے دریائےاُردن میں بپتسمہ لیا* اور سب کے سامنے اِقرار کِیا کہ وہ گُناہگار ہیں۔
7 جب یوحنا نے دیکھا کہ فریسی فرقے اور صدوقی فرقے کے بہت سے رُکن بھی وہاں آ رہے ہیں تو اُنہوں نے کہا: ”سانپ کے بچو! تمہیں آنے والے عذاب سے بچنے کا مشورہ کس نے دیا ہے؟ 8 اب ایسے کام کرو* جن سے ثابت ہو کہ تُم نے توبہ کر لی ہے۔ 9 یہ مت سوچو کہ ”ہمارے باپ تو ابراہام ہیں“ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہوں کہ خدا اِن پتھروں سے بھی ابراہام کے لیے اولاد پیدا کر سکتا ہے۔ 10 دیکھو! کلہاڑا درختوں کو جڑ سے کاٹنے کے لیے تیار پڑا ہے۔ جو درخت اچھا پھل نہیں لاتا، اُسے کاٹ ڈالا جائے گا اور آگ میں پھینکا جائے گا۔ 11 مَیں تُم لوگوں کو پانی سے بپتسمہ دیتا ہوں کیونکہ تُم نے توبہ کی ہے لیکن میرے بعد جو شخص آئے گا، وہ مجھ سے زیادہ طاقتور ہے اور مَیں اُس کے جُوتے تک اُتارنے کے لائق نہیں ہوں۔ وہ تمہیں پاک روح اور آگ سے بپتسمہ دے گا۔ 12 اُس کا چھاج* اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ اپنا کھلیان بالکل صاف کر دے گا۔ وہ اپنی گندم گودام میں جمع کرے گا لیکن بھوسے کو ایسی آگ میں جلائے گا جسے بجھایا نہیں جا سکتا۔“
13 پھر یسوع بپتسمہ لینے کے لیے گلیل سے یوحنا کے پاس دریائےاُردن آئے۔ 14 لیکن یوحنا نے اُن کو روکنے کی کوشش کی اور کہا: ”آپ مجھ سے بپتسمہ لینے آئے ہیں؟ اصل میں تو مجھے آپ سے بپتسمہ لینا چاہیے۔“ 15 یسوع نے جواب دیا: ”مجھے بپتسمہ لینے سے نہ روکیں کیونکہ اِس طرح ہم خدا کی مرضی پر عمل کریں گے۔“ یہ سُن کر یوحنا نے اُن کی بات مان لی۔ 16 بپتسمہ لینے کے بعد یسوع فوراً پانی سے باہر آئے اور دیکھو! آسمان کُھل گیا اور اُنہوں نے دیکھا کہ خدا کی روح کبوتر کی طرح اُن پر اُتر رہی ہے۔ 17 اور ساتھ ہی آسمان سے یہ آواز بھی سنائی دی: ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے جس سے مَیں خوش ہوں۔“