مُکاشفہ
22 اور اُس فرشتے نے مجھے زندگی کے پانی کا دریا دِکھایا جو بِلور کی طرح شفاف تھا۔ یہ دریا خدا اور میمنے کے تخت سے نکل کر 2 شہر کی مرکزی سڑک کے بیچ میں بہہ رہا تھا۔ دریا کے دونوں طرف درخت تھے جن پر پھل کی بارہ فصلیں لگتی تھیں یعنی ہر مہینے میں ایک فصل۔ اِن درختوں کے پتوں کے ذریعے قوموں کو شفا ملنی تھی۔
3 اور اُس شہر پر پھر کبھی لعنت نہیں بھیجی جائے گی بلکہ خدا کا اور میمنے کا تخت اُس میں ہوگا۔ خدا کے غلام اُس کی خدمت کریں گے 4 اور اُس کا چہرہ دیکھیں گے اور اُس کا نام اُن کے ماتھوں پر لکھا ہوگا۔ 5 وہاں پھر کبھی رات نہیں ہوگی اور اُن کو چراغ یا سورج کی روشنی کی ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ یہوواہ* خدا اُن پر روشنی چمکائے گا اور وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بادشاہوں کے طور پر حکمرانی کریں گے۔
6 پھر اُس نے مجھ سے کہا: ”یہ باتیں قابلِبھروسا اور سچی ہیں۔ یہوواہ* خدا جو نبیوں کو اِلہام عطا کرتا ہے، اُس نے اپنے فرشتے کو بھیجا تاکہ اپنے غلاموں کو وہ باتیں دِکھائے جو جلد ہونے والی ہیں۔ 7 دیکھیں! مَیں جلد آ رہا ہوں! جو لوگ اِس کتاب* کے پیغام پر عمل کرتے ہیں، وہ خوش رہتے ہیں۔“
8 مَیں، یوحنا یہ سب کچھ سُن اور دیکھ رہا تھا۔ جب مَیں نے یہ باتیں سنیں اور دیکھیں تو مَیں اُس فرشتے کے قدموں میں گِر گیا جو مجھے یہ سب کچھ دِکھا رہا تھا تاکہ اُس کی عبادت کروں۔ 9 لیکن اُس نے مجھ سے کہا: ”خبردار! ایسا مت کریں! صرف خدا کی عبادت کریں! کیونکہ مَیں بھی آپ اور آپ کے بھائیوں یعنی نبیوں اور اُن لوگوں کی طرح ایک غلام ہوں جو اِس کتاب کی باتوں پر عمل کرتے ہیں۔“
10 اُس نے یہ بھی کہا کہ ”اِس کتاب کے پیغام پر مُہر نہ لگائیں کیونکہ مقررہ وقت نزدیک ہے۔ 11 جو بُرا ہے، وہ بُرائی کرتا رہے اور جو ناپاک ہے، وہ ناپاک رہے مگر جو نیک ہے، وہ نیکی کرتا رہے اور جو پاک ہے، وہ پاک رہے۔
12 ”دیکھیں! مَیں جلد آ رہا ہوں اور ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مطابق بدلہ دوں گا۔ 13 مَیں الفا اور اومیگا ہوں،* مَیں پہلا اور آخری ہوں، مَیں آغاز اور اِختتام ہوں۔ 14 وہ لوگ خوش ہیں جو اپنے چوغے دھوتے ہیں تاکہ اُنہیں زندگی کے درختوں کے پاس جانے کا اعزاز ملے اور وہ شہر کے دروازوں سے اندر داخل ہو سکیں۔ 15 مگر شہر سے باہر کتّے* اور جادوٹونا کرنے والے اور حرامکار* اور قاتل اور بُتپرست ہیں اور وہ لوگ بھی جو جھوٹ کے شیدائی ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں۔“
16 ”مَیں، یسوع نے اپنے فرشتے کو بھیجا تاکہ وہ کلیسیاؤں کے فائدے کے لیے آپ کو اِن باتوں کے بارے میں گواہی دے۔ مَیں داؤد کی جڑ اور اولاد ہوں اور صبح کا چمکتا ستارہ بھی۔“ “
17 اور روح اور دُلہن کہتی ہیں: ”آئیں!“ اور جو کوئی یہ سنتا ہے، وہ بھی کہے: ”آئیں!“ اور جس کسی کو پیاس لگی ہے، وہ آئے اور جو بھی چاہے، زندگی کا پانی مُفت لے۔
18 ”جو شخص اِس کتاب میں لکھے پیغام کو سنتا ہے، اُسے مَیں آگاہ کر رہا ہوں کہ اگر کوئی اِس میں کسی بات کا اِضافہ کرے گا تو خدا اُس پر وہ تمام آفتیں لائے گا جن کا اِس کتاب میں ذکر ہوا ہے۔ 19 اور اگر کوئی اِس کتاب میں لکھے پیغام میں سے کچھ نکالے گا تو خدا اُسے وہ اچھی چیزیں نہیں دے گا جو اِس کتاب میں لکھی ہیں یعنی وہ اُسے زندگی کے درختوں کا پھل نہیں دے گا اور نہ ہی مُقدس شہر میں داخل ہونے دے گا۔
20 جو اِن باتوں کے بارے میں گواہی دے رہا ہے، وہ کہتا ہے: ”ہاں، مَیں جلد آ رہا ہوں۔“ “
”آمین! آئیں، مالک یسوع!“
21 مُقدسوں کو مالک یسوع کی عظیم رحمت حاصل ہو۔