ایوب
1 ملک عُوض میں ایک شخص رہتا تھا جس کا نام ایوب* تھا۔ ایوب سیدھی راہ پر چلنے والے اِنسان اور خدا کے وفادار* بندے تھے۔ وہ خدا کا خوف رکھتے تھے اور بُرے کاموں سے دُور رہتے تھے۔ 2 اُن کے سات بیٹے اور تین بیٹیاں تھیں۔ 3 اُن کے پاس 7000 بھیڑیں، 3000 اُونٹ، 1000 گائے بیل* اور 500 گدھیاں تھیں۔ اِس کے علاوہ اُن کے بہت سے نوکرچاکر بھی تھے۔ اِس لیے اُن کی حیثیت مشرق کے تمام لوگوں میں سب سے زیادہ تھی۔
4 اُن کے سارے بیٹے باری باری* اپنے اپنے گھر ضیافت کا اِنتظام کرتے تھے اور اپنی تینوں بہنوں کو بھی بُلاتے تھے۔ 5 ایک بار جب ضیافتوں کا سلسلہ ختم ہو جاتا تھا تو ایوب اپنے بچوں کو بُلاتے تھے تاکہ اُنہیں پاک کریں۔ پھر ایوب صبح سویرے اُٹھتے تھے اور اُن میں سے ہر ایک کی خاطر بھسم ہونے والی قربانی پیش کرتے تھے۔ وہ ایسا اِس لیے کرتے تھے کیونکہ وہ کہتے تھے: ”شاید میرے بچوں نے کوئی گُناہ کِیا ہو اور اپنے دل میں خدا کی توہین کی ہو۔“ ایوب ہمیشہ ایسا کرتے تھے۔
6 پھر وہ دن آیا جب سچے خدا کے بیٹے* یہوواہ کے حضور حاضر ہوئے اور شیطان بھی وہاں آیا۔
7 یہوواہ نے شیطان سے پوچھا: ”تُم کہاں سے آئے ہو؟“ شیطان نے یہوواہ کو جواب دیا: ”مَیں زمین پر اِدھر اُدھر گھومتے پھرتے اور اِس کا چکر لگاتے ہوئے آیا ہوں۔“ 8 پھر یہوواہ نے شیطان سے کہا: ”کیا تُم نے میرے بندے ایوب پر غور کِیا ہے؟ زمین پر اُس جیسا کوئی نہیں۔ وہ سیدھی راہ پر چلنے والا اِنسان اور میرا وفادار* بندہ ہے۔ وہ میرا خوف رکھتا ہے اور بُرے کاموں سے دُور رہتا ہے۔“ 9 اِس پر شیطان نے یہوواہ سے کہا: ”کیا ایوب بِلاوجہ ہی تیرا خوف رکھتا ہے؟ 10 کیا تُو نے اُس کی، اُس کے گھر کی اور اُس کی ہر چیز کی حفاظت کے لیے باڑ نہیں لگا رکھی؟ تُو نے اُس کے کام میں برکت ڈالی ہے اور اُس کے مویشی پورے ملک میں پھیل گئے ہیں۔ 11 لیکن اگر تُو اپنا ہاتھ بڑھائے اور اُس کا سب کچھ اُس سے چھین لے تو وہ یقیناً تیرے مُنہ پر تیری توہین کرے گا۔“ 12 تب یہوواہ نے شیطان سے کہا: ”دیکھو! اُس کی ساری چیزیں تمہارے ہاتھ میں ہیں۔ لیکن اُسے ہاتھ ہرگز نہ لگانا۔“ اِس کے بعد شیطان یہوواہ کے حضور سے* چلا گیا۔
13 پھر جس دن ایوب کے بیٹے بیٹیاں اپنے سب سے بڑے بھائی کے گھر کھانا کھا رہے تھے اور مے پی رہے تھے، 14 ایک نوکر ایوب کے پاس آیا اور اُن سے کہا: ”بیل کھیت میں جُتے ہوئے تھے اور قریب ہی گدھیاں گھاس چر رہی تھیں 15 کہ سبا کے لوگوں نے حملہ کر دیا اور اُنہیں لے گئے۔ اُنہوں نے نوکرچاکروں کو بھی تلوار سے قتل کر دیا۔ صرف مَیں ہی زندہ بچا ہوں اور آ کر آپ کو یہ خبر دے رہا ہوں۔“
16 ابھی وہ بات کر ہی رہا تھا کہ ایک اَور نوکر آیا اور کہا: ”آسمان سے خدا نے آگ نازل کی* جس نے بھیڑوں اور نوکرچاکروں کو بھسم کر ڈالا۔ صرف مَیں ہی زندہ بچا ہوں اور آ کر آپ کو یہ خبر دے رہا ہوں۔“
17 ابھی وہ بات کر ہی رہا تھا کہ ایک اَور نوکر آیا اور کہا: ”کسدیوں نے تین گروہوں میں تقسیم ہو کر اُونٹوں پر دھاوا بول دیا اور اُنہیں لے گئے۔ اُنہوں نے نوکرچاکروں کو بھی تلوار سے قتل کر دیا۔ صرف مَیں ہی زندہ بچا ہوں اور آ کر آپ کو یہ خبر دے رہا ہوں۔“
18 ابھی وہ بات کر ہی رہا تھا کہ ایک اَور نوکر آیا اور کہا: ”آپ کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے سب سے بڑے بھائی کے گھر کھانا کھا رہے تھے اور مے پی رہے تھے۔ 19 اچانک ویرانے سے تیز آندھی چلی اور گھر کے چاروں کونوں سے ٹکرائی جس کی وجہ سے گھر گِر گیا اور آپ کے سب بچے مارے گئے۔ صرف مَیں ہی زندہ بچا ہوں اور آ کر آپ کو یہ خبر دے رہا ہوں۔“
20 اِس پر ایوب اُٹھے اور اُنہوں نے اپنے کپڑے پھاڑ دیے اور سر کے سارے بال کاٹ دیے۔ پھر وہ زمین پر گِر گئے اور جھک کر 21 کہنے لگے:
”ننگا مَیں اپنی ماں کے پیٹ سے نکلا تھا
اور ننگا ہی لوٹ جاؤں گا۔
یہوواہ نے دیا اور یہوواہ نے لے لیا؛
یہوواہ کے نام کی بڑائی ہوتی رہے۔“
22 اِس سب کے باوجود ایوب نے نہ تو گُناہ کِیا اور نہ ہی خدا پر کچھ غلط کرنے کا اِلزام لگایا۔