اَمثال
29 جو شخص بار بار اِصلاح ملنے پر بھی ڈھیٹھ بنا رہتا ہے،*
وہ اچانک ایسے برباد ہو جائے گا کہ بحال نہیں ہو پائے گا۔
2 جب نیک لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو لوگ خوشی مناتے ہیں
لیکن جب بُرا شخص حکمرانی کرتا ہے تو لوگ آہیں بھرتے ہیں۔
3 جو شخص دانشمندی سے پیار کرتا ہے، وہ اپنے باپ کو خوش کرتا ہے
لیکن فاحشاؤں سے دوستی رکھنے والا اپنی دولت اُڑا دیتا ہے۔
4 اِنصاف سے کام لینے والا بادشاہ اپنے ملک کو مضبوط کرتا ہے
لیکن رشوت لینے والا شخص اِسے برباد کر دیتا ہے۔
5 جو شخص اپنے پڑوسی کی خوشامد کرتا ہے،
وہ اُس کے پاؤں کے لیے جال بچھاتا ہے۔
6 بُرا شخص اپنے گُناہ کے جال میں پھنس جاتا ہے
لیکن نیک شخص خوشی سے للکارتا اور باغ باغ ہوتا ہے۔
7 نیک شخص کو غریبوں کے قانونی حقوق کی فکر ہوتی ہے
لیکن بُرے شخص کو ایسی کوئی فکر نہیں ہوتی۔
8 شیخیباز لوگ شہر میں آگ لگا دیتے ہیں
لیکن دانشمند لوگ غصے کو ٹھنڈا کر دیتے ہیں۔
9 جب ایک دانشمند شخص کسی بےوقوف کے ساتھ جھگڑے میں پڑ جاتا ہے
تو گرماگرمی ہوتی ہے، مذاق اُڑایا جاتا ہے اور سکون برباد ہو جاتا ہے۔
10 خون کے پیاسے لوگ ہر بےقصور* شخص سے نفرت کرتے ہیں
اور سیدھی راہ پر چلنے والوں کی جان لینے کے درپے رہتے ہیں۔*
11 احمق شخص اپنی ساری بھڑاس* نکال دیتا ہے
لیکن دانشمند شخص خود پر قابو رکھتا ہے اور پُرسکون رہتا ہے۔
12 جب کوئی حاکم جھوٹی باتوں پر دھیان دیتا ہے
تو اُس کے سب خادم بُرے بن جاتے ہیں۔
13 غریب اور ظالم میں ایک بات ملتی جلتی ہے*
اور وہ یہ کہ یہوواہ دونوں کی آنکھوں کو روشنی دیتا ہے۔*
14 جب بادشاہ ایمانداری سے غریبوں کا اِنصاف کرتا ہے
تو اُس کا تخت ہمیشہ قائم رہتا ہے۔
15 چھڑی* اور اِصلاح کے ذریعے دانشمندی ملتی ہے
لیکن جس بچے کی تربیت نہیں کی جاتی، وہ اپنی ماں کو شرمندہ کراتا ہے۔
16 جب بُرے لوگوں کی تعداد بڑھتی ہے تو گُناہ بڑھتا ہے
لیکن نیک لوگ اُن کی تباہی دیکھیں گے۔
17 اپنے بیٹے کی تربیت کرو تو وہ آپ کو سکون پہنچائے گا
اور آپ کے دل* کو بےحد خوشی دے گا۔
18 جہاں رُویا* نہیں ہوتی وہاں لوگ اپنی منمانی کرتے ہیں
لیکن جو لوگ قوانین کی پابندی کرتے ہیں، وہ خوش رہتے ہیں۔
19 ایک خادم صرف باتوں سے نہیں سدھرتا
کیونکہ وہ سمجھتا تو ہے لیکن عمل نہیں کرتا۔
20 کیا آپ نے کسی ایسے شخص کو دیکھا ہے جو بولنے میں جلدبازی کرتا ہے؟
اُس کے مقابلے میں بےوقوف شخص کے حوالے سے زیادہ اُمید ہوتی ہے۔
21 اگر ایک خادم کے بچپن سے نخرے اُٹھائے جاتے ہیں
تو وہ بعد میں ناشکرا بن جاتا ہے۔
22 جو شخص فوراً غصے میں آ جاتا ہے، وہ جھگڑے کو ہوا دیتا ہے؛
جو شخص بات بات پر بھڑک اُٹھتا ہے، وہ بہت سے گُناہ کرتا ہے۔
23 اِنسان کا غرور اُسے نیچا کرے گا
لیکن جو شخص دل سے خاکسار ہے، اُسے عزت ملے گی۔
24 چور کا ساتھی اپنی جان کا دُشمن ہوتا ہے۔
وہ گواہی دینے کا بُلاوا سنتا تو ہے* مگر اپنا مُنہ نہیں کھولتا۔
25 اِنسان کا ڈر ایک پھندا ہے
لیکن یہوواہ پر بھروسا کرنے والا شخص محفوظ رہے گا۔
26 بہت سے لوگ حکمران سے ملنا چاہتے ہیں*
لیکن لوگوں کو اِنصاف یہوواہ کی طرف سے ملتا ہے۔
27 نیک شخص بےاِنصاف شخص سے گِھن کھاتا ہے
لیکن بُرا شخص سیدھی راہ پر چلنے والے شخص سے گِھن کھاتا ہے۔