یسعیاہ
2 آموص کے بیٹے یسعیاہ نے یہوداہ اور یروشلم کے بارے میں یہ رُویا دیکھی:
2 آخری دنوں میں* یہوواہ کے گھر کا پہاڑ
پہاڑوں کی چوٹی کے اُوپر مضبوطی سے قائم ہوگا؛
اِسے ٹیلوں سے اُونچا کِیا جائے گا
اور سب قومیں ندی کی طرح اِس کی طرف آئیں گی۔
3 بہت سی قومیں آئیں گی اور کہیں گی:
”آؤ، یہوواہ کے پہاڑ پر،
ہاں، یعقوب کے خدا کے گھر چلیں۔
وہ ہمیں اپنی راہوں کے بارے میں سکھائے گا
اور ہم اُس کے راستوں پر چلیں گے“
کیونکہ شریعت* صِیّون سے جاری ہوگی
اور یہوواہ کا کلام یروشلم سے۔
4 وہ قوموں کے درمیان عدالت کرے گا
اور بہت سی قوموں کے معاملے نمٹائے گا۔*
وہ اپنی تلواروں کو پِیٹ کر پھالے* بنا لیں گے
اور اپنے نیزوں کو درانتیاں۔
ایک قوم دوسری قوم کے خلاف تلوار نہیں اُٹھائے گی
اور نہ ہی وہ لوگ پھر کبھی جنگ کرنا سیکھیں گے۔
5 اَے یعقوب کے گھرانے!
آ، ہم یہوواہ کی روشنی میں چلیں۔
6 اَے خدا! تُو نے اپنی قوم یعنی یعقوب کے گھرانے کو ترک کر دیا ہے
کیونکہ وہ مشرق کی چیزوں میں ڈوبے ہوئے ہیں؛
وہ فِلسطینیوں کی طرح جادوٹونا کرتے ہیں
اور اُن کے بیچ پردیسیوں کے بچوں کی بھرمار ہے۔
7 اُن کے ملک میں بےشمار چاندی اور سونا ہے
اور اُن کے خزانوں کی کوئی حد نہیں ہے۔
اُن کا ملک گھوڑوں سے بھرا ہوا ہے
اور اُن کے رتھوں کا کوئی شمار نہیں ہے۔
8 اُن کا ملک فضول خداؤں سے بھرا ہوا ہے۔
وہ اپنے ہاتھوں کے کام،
ہاں، اپنی اُنگلیوں کی کاریگری کے سامنے جھکتے ہیں۔
9 اِنسان جھکتے ہیں اور اپنی عزت گھٹاتے ہیں۔
شاید ہی تُو اُنہیں معاف کرے۔
10 یہوواہ کی خوفناک موجودگی
اور عالیشان عظمت کی وجہ سے
چٹان میں چلے جاؤ اور خاک میں چھپ جاؤ۔
11 اِنسان کی گھمنڈ سے بھری آنکھیں نیچی کی جائیں گی
اور اِنسانوں کا غرور خاک میں ملا دیا جائے گا۔
اُس دن صرف یہوواہ ہی سرفراز ہوگا۔
12 وہ فوجوں کے خدا یہوواہ کا دن ہے۔
اُس دن وہ ہر اُس شخص کے خلاف کارروائی کرے گا
جو مغرور اور گھمنڈی ہے،
ہر شخص کے خلاف پھر چاہے وہ خاص ہو یا عام؛
13 لبنان کے سارے دیوداروں کے خلاف جو اُونچے اور بلند ہیں
اور بسن کے سارے بلوطوں کے خلاف؛
14 سب بلند پہاڑوں کے خلاف
اور سب اُونچے ٹیلوں کے خلاف؛
15 ہر اُونچے بُرج اور ہر مضبوط دیوار کے خلاف؛
16 ترسیس کے سارے جہازوں کے خلاف
اور سب دلپسند کشتیوں کے خلاف۔
17 اِنسان کا گھمنڈ توڑا جائے گا
اور اِنسانوں کا غرور خاک میں ملا دیا جائے گا۔
اُس دن صرف یہوواہ ہی سرفراز ہوگا۔
18 فضول خدا پوری طرح مٹ جائیں گے۔
19 جب خدا زمین کو دہشت سے لرزانے کے لیے اُٹھے گا
تو یہوواہ کی خوفناک موجودگی
اور عالیشان عظمت کی وجہ سے
لوگ چٹانوں کے غاروں
اور زمین کے گڑھوں میں گُھس جائیں گے۔
20 اُس دن اِنسان چاندی اور سونے کے اپنے فضول خداؤں کو لے کر
جنہیں اُنہوں نے پوجنے کے لیے بنایا تھا،
چھچھوندروں اور چمگادڑوں کے آگے پھینک دیں گے
21 تاکہ جب خدا زمین کو دہشت سے لرزانے کے لیے اُٹھے
تو یہوواہ کی خوفناک موجودگی
اور عالیشان عظمت کی وجہ سے
وہ چٹانوں کے شگافوں اور دراڑوں میں گُھس جائیں۔
22 بھلائی اِسی میں ہے کہ اِنسان پر بھروسا کرنا چھوڑ دیں
جو بس اپنے نتھنوں کی سانس کی طرح ہے۔*
اُسے خاطر میں لانے کی کیا ضرورت ہے؟