فِلیمون
1 پولُس جو مسیح یسوع کی خدمت کرنے کی وجہ سے قید ہے اور ہمارے بھائی تیمُتھیُس کی طرف سے ہمارے پیارے ہمخدمت فلیمون کے نام۔ 2 یہ خط ہماری بہن افیہ کے نام، ارخِپُس کے نام جو ہماری طرح مسیح کے سپاہی ہیں اور اُس کلیسیا* کے نام بھی ہے جو آپ کے گھر میں ہے۔
3 ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔
4 جب مَیں اپنی دُعاؤں میں آپ کا ذکر کرتا ہوں تو مَیں ہمیشہ اپنے خدا کا شکر ادا کرتا ہوں 5 کیونکہ مَیں اکثر آپ کے ایمان اور اُس محبت کے بارے میں سنتا ہوں جو آپ ہمارے مالک یسوع اور سب مُقدسوں سے رکھتے ہیں۔ 6 میری دُعا ہے کہ آپ اُس ایمان کی بدولت جس میں ہم سب شریک ہیں، اُن اچھی چیزوں کو پہچان جائیں جو ہمیں مسیح کے ذریعے ملی ہیں۔ 7 بھائی، آپ کی محبت کے بارے میں سُن کر مجھے بہت خوشی اور تسلی ہوئی کیونکہ آپ کے ذریعے مُقدسوں کے دلوں کو تازگی ملی ہے۔
8 مَیں مسیح کا رسول ہونے کے ناتے آپ کو سیدھا سیدھا حکم دے سکتا ہوں کہ وہ کام کریں، جو مناسب ہے۔ 9 لیکن ایسا کرنے کی بجائے مَیں آپ سے محبت کی بِنا پر درخواست کرتا ہوں کیونکہ مَیں ایک بوڑھا آدمی ہوں اور مسیح یسوع کی خدمت کرنے کی وجہ سے قید میں بھی ہوں۔ 10 مَیں اپنے بیٹے کے سلسلے میں آپ سے درخواست کر رہا ہوں یعنی اُنیسمس کے سلسلے میں جو میری قید* کے دوران مجھے ایک بیٹے کی طرح عزیز ہو گیا۔ 11 وہ پہلے آپ کے کام کا نہیں تھا لیکن اب وہ آپ کے اور میرے دونوں کے کام کا ہے۔ 12 مَیں اُس کو آپ کے پاس واپس بھیج رہا ہوں۔ ہاں، اُس کو جو میرے جگر کا ٹکڑا ہے۔
13 مَیں اُسے اپنے پاس رکھنا چاہتا ہوں تاکہ جب تک مَیں خوشخبری سنانے کی وجہ سے قید ہوں، وہ آپ کی جگہ میری خدمت کرے۔ 14 لیکن مَیں آپ کی اِجازت کے بغیر کچھ نہیں کرنا چاہتا تاکہ آپ یہ اچھا کام اپنی مرضی سے کریں نہ کہ کسی دباؤ کے تحت۔ 15 شاید وہ اِسی لیے کچھ دیر* کے لیے آپ کو چھوڑ کر چلا گیا تاکہ ہمیشہ کے لیے آپ کے پاس واپس آ جائے۔ 16 اور غلام کے طور پر نہیں بلکہ اِس سے بھی بڑھ کر یعنی عزیز بھائی کے طور پر۔ وہ مجھے بہت عزیز ہے لیکن آپ کو تو اِس سے بھی زیادہ عزیز ہوگا، ایک غلام کے طور پر بھی اور ایک مسیحی بھائی کے طور پر بھی۔ 17 اِس لیے اگر آپ مجھے دوست* سمجھتے ہیں تو خوشی سے اُس کا خیرمقدم کریں، بالکل ویسے ہی جیسے آپ میرے آنے پر میرا خیرمقدم کرتے۔ 18 اور اگر اُس نے آپ کا کوئی نقصان کِیا ہے یا آپ سے کوئی قرض لیا ہے تو اِسے میرے کھاتے میں ڈال دیں۔ 19 مَیں پولُس، خود اپنے ہاتھ سے آپ کو لکھ رہا ہوں کہ اگر ایسا ہے تو مَیں آپ کو پورا پورا معاوضہ ادا کروں گا جبکہ مجھے آپ کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ آپ خود اپنی زندگی کے لیے میرے قرضدار ہیں۔ 20 میرے بھائی، ہمارے مالک کی خاطر مجھ پر یہ مہربانی کر دیں۔ ہاں، مسیح کی خاطر میرے دل کو تازہدم کر دیں۔
21 مجھے یقین ہے کہ آپ میری درخواست پوری کریں گے۔ اِسی لیے مَیں آپ کو لکھ رہا ہوں۔ مَیں جانتا ہوں کہ جو کچھ مَیں نے آپ سے کہا ہے، آپ اُس سے بھی زیادہ کریں گے۔ 22 میرے ٹھہرنے کا اِنتظام بھی کریں کیونکہ مجھے اُمید ہے کہ آپ کی دُعاؤں کی وجہ سے مَیں بہت جلد آپ کے پاس آؤں گا۔*
23 اِپَفراس کی طرف سے سلام جو میری طرح مسیح یسوع پر ایمان رکھنے کی وجہ سے قید ہیں۔ 24 میرے ہمخدمت مرقس، ارِسترخس، دیماس اور لُوقا بھی آپ کو سلام کہتے ہیں۔
25 جو جذبہ* آپ ظاہر کرتے ہیں، اُس پر ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت ہو۔