زبور
148 یاہ کی بڑائی کرو!*
آسمان سے یہوواہ کی بڑائی کرو؛
بلندیوں میں اُس کی بڑائی کرو۔
2 اُس کے سب فرشتو! اُس کی بڑائی کرو؛
اُس کی ساری فوجو! اُس کی بڑائی کرو۔
3 سورج اور چاند! اُس کی بڑائی کرو۔
سب چمکتے ستارو! اُس کی بڑائی کرو۔
4 بلندترین آسمان* اور فضا کے اُوپر کے پانیو!
اُس کی بڑائی کرو۔
5 یہ سب یہوواہ کے نام کی تعریف کریں
کیونکہ اُس نے حکم دیا اور یہ بن گئے۔
6 وہ اِنہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے قائم رکھتا ہے؛
اُس نے ایک قانون جاری کِیا ہے جو کبھی نہیں مٹے گا۔
7 زمین سے یہوواہ کی بڑائی کرو؛
گہرے پانیو اور بڑے سمندری جانورو!
8 بجلی اور اَولو! برف اور گھنے بادلو!
اُس کا حکم بجا لانے والی طوفانی ہواؤ!
9 پہاڑو اور سب پہاڑیو!
پھلدار درختو اور سب دیودارو!
10 جنگلی جانورو اور سب مویشیو!
رینگنے والے جانورو اور پرندو!
11 زمین کے بادشاہو اور سب قومو!
حاکمو اور زمین کے سب منصفو!
12 جوان مردو اور جوان عورتو!*
بوڑھو اور جوانو! سب مل کر اُس کی بڑائی کرو۔
13 یہ سب یہوواہ کے نام کی تعریف کریں
کیونکہ اُسی کا نام سب سے اعلیٰ ہے۔
اُس کی عظمت آسمان اور زمین سے بلند ہے۔
14 وہ اپنے بندوں کی طاقت بڑھائے گا*
تاکہ اُس کے وفادار بندوں،
ہاں، اِسرائیل کے بیٹوں کی تعریف ہو جو اُس کے قریب ہیں۔
یاہ کی بڑائی کرو!*