1-تیمُتھیُس
6 جو لوگ غلام ہیں، اُنہیں چاہیے کہ اپنے مالکوں کی عزت کریں تاکہ خدا کے نام اور اُس کی تعلیم کی بدنامی نہ ہو۔ 2 اور جن غلاموں کے مالک اُن کے ہمایمان ہوں، اُن غلاموں کو اپنے مالکوں سے بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ اُن کے بھائی ہیں۔ اِس کی بجائے اُنہیں زیادہ شوق سے اپنے مالکوں کی خدمت کرنی چاہیے کیونکہ جو لوگ اُن کی خدمت سے فائدہ اُٹھا رہے ہیں، وہ اُن کے ہمایمان اور عزیز بھائی ہیں۔
اِن باتوں کے بارے میں تعلیم دیتے رہیں اور نصیحت کرتے رہیں۔ 3 جو آدمی کوئی اَور تعلیم دے اور اُس صحیح* تعلیم سے متفق نہ ہو جو ہمارے مالک یسوع مسیح کی طرف سے ہے اور اُس تعلیم کو نہ مانے جس کے ذریعے ہم خدا کی بندگی کرنا سیکھتے ہیں، 4 وہ مغرور ہے اور کچھ نہیں سمجھتا۔ اُسے لفظوں کے بارے میں بحثوتکرار کرنے کا جنون ہے۔ اِن باتوں سے حسد، لڑائی جھگڑے، بدزبانی، بدگمانی 5 اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر بحث کو فروغ ملتا ہے۔ اور ایسی بحث وہ آدمی کرتے ہیں جن کی سوچ بگڑی ہوئی ہے اور جو سچائی سے محروم ہیں کیونکہ وہ سوچتے ہیں کہ خدا کی بندگی کرنے سے وہ ذاتی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ 6 بےشک خدا کی بندگی کرنے کا بڑا فائدہ ہے بشرطیکہ ہم اُن چیزوں پر راضی رہیں جو ہمارے پاس ہیں۔ 7 ہم خالی ہاتھ دُنیا میں آئے ہیں اور خالی ہاتھ چلے جائیں گے۔ 8 لہٰذا اگر ہمارے پاس روٹی اور کپڑے* ہیں تو ہم اِن چیزوں پر راضی رہیں گے۔
9 لیکن جو لوگ امیر بننے پر تُلے ہیں، وہ آزمائشوں اور پھندوں اور بہت سی ایسی فضول اور نقصاندہ خواہشوں میں پھنس گئے ہیں جو اِنسانوں کو تباہی اور بربادی کے دریا میں غرق کر دیتی ہیں۔ 10 کیونکہ پیسے سے پیار ہر طرح کی بُرائی کی جڑ ہے اور اِس پیار کو پانے کی جستجو میں کچھ لوگ ایمان سے پھر گئے ہیں۔ اور اُنہوں نے اپنے پورے جسم کو گھائل کر لیا ہے اور شدید درد میں مبتلا ہیں۔
11 لیکن آپ تو خدا کے بندے ہیں اِس لیے اِن چیزوں سے بھاگیں اور نیکی، خدا کی بندگی، ایمان، محبت، ثابتقدمی اور نرممزاجی کی جستجو کریں۔ 12 ایمان کی اچھی کُشتی لڑیں اور ہمیشہ کی زندگی کی اُس اُمید کو مضبوطی سے تھامے رکھیں جس کے لیے آپ کو بلایا گیا ہے اور جس کا آپ نے بہت سے گواہوں کے سامنے اِقرار کِیا ہے۔
13 مَیں خدا کے حضور جو سب کو زندہ رکھتا ہے اور مسیح یسوع کے حضور جنہوں نے پُنطیُس پیلاطُس کے سامنے اپنے ایمان کا اِقرار کِیا، آپ کو حکم دیتا ہوں کہ 14 ہمارے مالک یسوع مسیح کے ظہور تک میری باتوں پر اِس طرح عمل کریں کہ آپ بےداغ اور بےاِلزام رہیں۔ 15 اِس خوشدل اور واحد حکمران کا ظہور مقررہ وقت پر ہوگا۔ وہ بادشاہوں کا بادشاہ اور مالکوں کا مالک ہے 16 اور صرف اُسے غیرفانی زندگی دی گئی ہے۔ وہ ایسی روشنی میں رہتا ہے جہاں کوئی نہیں جا سکتا۔ اُسے کسی نے نہیں دیکھا اور نہ ہی دیکھ سکتا ہے۔ اُسے عزت اور ابدی قدرت حاصل ہو۔ آمین۔
17 اُن لوگوں کو جو اِس زمانے میں امیر ہیں، ہدایت* دیں کہ مغرور نہ ہوں اور دولت سے اُمید نہ لگائیں جو آنی جانی ہے بلکہ خدا سے اُمید لگائیں جو ہمیں وہ سب چیزیں کثرت سے دیتا ہے جن سے ہم لطف اُٹھاتے ہیں۔ 18 اُنہیں بتائیں کہ بھلائی کریں، نیک کاموں میں امیر بنیں، فراخدل ہوں اور اپنی چیزیں دوسروں کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار رہیں 19 کیونکہ اِس طرح وہ اپنے لیے خزانہ جمع کریں گے یعنی اِس طرح وہ مستقبل کے لیے ایک اچھی بنیاد ڈالیں گے تاکہ حقیقی زندگی کو مضبوطی سے تھام سکیں۔
20 بیٹا تیمُتھیُس، اُس امانت کی حفاظت کریں جو آپ کے سپرد کی گئی ہے۔ ایسی فضول تقریروں پر دھیان نہ دیں جن میں پاک چیزوں کی توہین کی جاتی ہے اور نہ ہی اُس نام نہاد علم پر توجہ دیں جس میں اِختلافات ہی اِختلافات پائے جاتے ہیں 21 کیونکہ کچھ لوگ اِس علم کا دِکھاوا کرنے کی وجہ سے ایمان سے پھر گئے ہیں۔
خدا کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔