یسعیاہ
60 ”اَے عورت! اُٹھ، اپنی روشنی چمکا کیونکہ تیری روشنی آ گئی ہے۔
یہوواہ کی شان تجھ پر چمک رہی ہے
2 کیونکہ دیکھ! تاریکی زمین کو ڈھک لے گی
اور گھپ اندھیرا قوموں کو۔
لیکن یہوواہ تجھ پر روشن ہوگا
اور تجھ پر اُس کی شان ظاہر ہوگی۔
3 قومیں تیری روشنی کی طرف آئیں گی
اور بادشاہ تیری چمکتی ہوئی شانوشوکت* کی طرف۔
4 اپنی نظریں اُٹھا اور اپنی چاروں طرف دیکھ!
وہ سب اِکٹھے ہو گئے ہیں؛ وہ تیری طرف آتے جا رہے ہیں۔
تیرے بیٹے دُور دُور سے آ رہے ہیں
اور تیری بیٹیوں کو گود میں اُٹھا کر لایا جا رہا ہے۔
5 اُس وقت تُو دیکھے گی اور چمک اُٹھے گی؛
تیرا دل زور زور سے دھڑکے گا اور خوشی سے بھر جائے گا
کیونکہ سمندر کی دولت تیری طرف پھیر دی جائے گی؛
قوموں کا مالودولت تیرے پاس آئے گا۔
6 اُونٹوں کے غول تیرے ملک کو* بھر دیں گے،
ہاں، مِدیان اور عیفہ کے جوان اُونٹوں کے غول۔
سبا کے سب لوگ آئیں گے؛
وہ سونا اور لوبان لائیں گے۔
وہ سب کے سامنے یہوواہ کی بڑائی کریں گے۔
7 قیدار کے سب گلّے تیرے پاس جمع ہوں گے۔
نِبایوت کے مینڈھے تیری خدمت کریں گے۔
وہ میری قربانگاہ پر آئیں گے اور مَیں اُنہیں قبول کروں گا؛
مَیں اپنے عالیشان گھر کو خوبصورتی بخشوں گا۔
8 یہ کون ہیں جو بادلوں کے ساتھ اُڑتے ہوئے آ رہے ہیں،
اُن کبوتروں کی طرح جو اپنے کبوترخانوں کی طرف آ رہے ہوں؟
9 جزیرے مجھ سے اُمید لگائیں گے؛
ترسیس کے جہاز سب سے آگے ہیں*
تاکہ دُور دُور سے تیرے بیٹوں کو
اُن کے سونے اور چاندی سمیت لائیں
اور اِس طرح تیرے خدا یہوواہ اور اِسرائیل کے پاک خدا کے نام کی بڑائی ہو
کیونکہ وہ تجھے عزت* بخشے گا۔
10 پردیسی تیری دیواریں بنائیں گے
اور اُن کے بادشاہ تیری خدمت کریں گے
کیونکہ مَیں نے طیش میں آ کر تجھے مارا
لیکن مَیں اپنی مہربانی* کی وجہ سے تجھ پر رحم کروں گا۔
11 تیرے دروازے مسلسل کُھلے رہیں گے؛
اُنہیں نہ دن کو بند کِیا جائے گا اور نہ رات کو
تاکہ قوموں کا مالودولت تیرے پاس لایا جائے
اور اُن کے بادشاہ اُن کے آگے آگے ہوں گے۔
12 جو بھی قوم اور بادشاہت تیری خدمت نہیں کرے گی، وہ مٹ جائے گی
اور قومیں پوری طرح سے برباد ہو جائیں گی۔
13 لبنان کی شان تیرے پاس آئے گی،
ہاں، صنوبر کے درخت، ایش کے درخت اور سرو کے درخت اِکٹھے تیرے پاس آئیں گے
تاکہ میرے مُقدس مقام کو خوبصورت بنائیں؛
مَیں اپنے پاؤں کی چوکی کو شان بخشوں گا۔
14 تجھ پر ظلم ڈھانے والوں کے بیٹے آئیں گے اور تیرے سامنے جھکیں گے؛
اُن سب کو تیرے قدموں میں جھکنا پڑے گا جو تیری بےعزتی کرتے ہیں؛
اُنہیں یہ کہنا پڑے گا کہ تُو یہوواہ کا شہر،
ہاں، اِسرائیل کے پاک خدا کا صِیّون ہے۔
15 حالانکہ تجھے چھوڑ دیا گیا تھا؛ تجھ سے نفرت کی گئی تھی اور کوئی تجھ میں سے نہیں گزرتا تھا
لیکن مَیں تجھے ابدی فخر کی وجہ بناؤں گا،
ہاں، تُو نسلدرنسل خوشی کی وجہ ہوگی۔
16 تُو قوموں کا دودھ پیے گی،
ہاں، بادشاہوں کی چھاتی سے دودھ پیے گی؛
تُو جان لے گی کہ مَیں یہوواہ تیرا نجاتدہندہ ہوں
اور یعقوب کا طاقتور خدا تجھے چھڑانے والا* خدا ہے۔
17 مَیں تانبے کے بدلے سونا لاؤں گا
اور لوہے کے بدلے چاندی
اور لکڑی کے بدلے تانبا
اور پتھروں کے بدلے لوہا۔
مَیں امن* کو تیرا نگہبان مقرر کروں گا
اور نیکی کو تجھے کام سونپنے والا بناؤں گا۔
18 تیرے ملک میں پھر کبھی ظلم کا ذکر نہیں ہوگا
اور نہ ہی تیری سرحدوں میں تباہی اور بربادی کا۔
تُو اپنی دیواروں کا نام نجات اور اپنے دروازوں کا نام حمد رکھے گی۔
19 پھر دن کو سورج تجھے روشنی نہیں دے گا
اور نہ ہی چاند کی چمک سے تجھے روشنی ملے گی
کیونکہ یہوواہ تیری ابدی روشنی بن جائے گا
اور تیرا خدا تیری خوبصورتی ہوگا۔
20 تیرا سورج پھر کبھی نہیں ڈوبے گا
اور نہ ہی تیرا چاند پھیکا پڑے گا
کیونکہ یہوواہ تیرے لیے ابدی روشنی بن جائے گا
اور تیرے ماتم کے دن ختم ہو جائیں گے۔
21 تیرے سب لوگ نیک ہوں گے؛
وہ ہمیشہ کے لیے ملک کے مالک ہوں گے۔
وہ میری لگائی ہوئی کونپل ہیں؛
وہ میرے ہاتھوں کا کام ہیں جس سے میری شان بڑھے گی۔
22 جو چھوٹا ہے، وہ ایک ہزار بن جائے گا
اور جو معمولی ہے، وہ ایک طاقتور قوم۔
مَیں یہوواہ عین وقت پر اِس کام میں تیزی لاؤں گا۔“