پیدائش
4 آدم نے اپنی بیوی حوّا سے جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہوئیں۔ پھر جب حوّا سے قائن پیدا ہوا تو اُنہوں نے کہا: ”مَیں نے یہوواہ کی مدد سے ایک لڑکا پیدا کِیا ہے۔“ 2 بعد میں حوّا سے قائن کا بھائی ہابل پیدا ہوا۔
جب ہابل بڑے ہوئے تو وہ بھیڑیں چرانے لگے جبکہ قائن کھیتیباڑی کرنے لگا۔ 3 کچھ وقت کے بعد قائن اپنی زمین کی کچھ پیداوار یہوواہ کے حضور نذرانے کے طور پر لایا۔ 4 لیکن ہابل اپنے گلّے سے کچھ پہلوٹھے میمنے اور اُن کی چربی لائے۔ یہوواہ ہابل سے اور اُن کے نذرانے سے خوش ہوا 5 جبکہ قائن سے اور اُس کے نذرانے سے خوش نہیں ہوا۔ اِس لیے قائن آگبگولا ہو گیا اور اُس کا مُنہ اُتر گیا۔ 6 اِس پر یہوواہ نے قائن سے کہا: ”تُم اِتنے غصے میں کیوں ہو اور تمہارا مُنہ کیوں اُترا ہوا ہے؟ 7 اگر تُم اپنی بُری روِش چھوڑ کر اچھے کام کرو گے تو کیا مَیں تُم سے خوش نہیں ہوں گا؟* لیکن اگر تُم اپنی بُری روِش چھوڑ کر اچھے کام نہیں کرو گے تو گُناہ تمہارے دروازے پر گھات لگائے بیٹھا ہے اور تمہیں دبوچنا چاہتا ہے۔ مگر تمہیں اِس پر غالب آنا چاہیے۔“
8 اِس کے بعد قائن نے اپنے بھائی ہابل سے کہا: ”آؤ میدان میں چلیں۔“ اور پھر جب وہ میدان میں تھے تو قائن نے اپنے بھائی ہابل پر حملہ کِیا اور اُنہیں قتل کر دیا۔ 9 بعد میں یہوواہ نے قائن سے پوچھا: ”تمہارا بھائی ہابل کہاں ہے؟“ قائن نے جواب دیا: ”مجھے نہیں پتہ۔ کیا مَیں اپنے بھائی کا رکھوالا ہوں؟“ 10 اِس پر خدا نے کہا: ”یہ تُم نے کیا کِیا؟ سنو! تمہارے بھائی کا خون زمین سے مجھے پکار رہا ہے۔ 11 تُم پر لعنت ہے اور تمہیں اِس زمین سے نکالا جا رہا ہے جس نے مُنہ کھول کر تمہارے بھائی کا خون پیا جو تُم نے اپنے ہاتھوں سے بہایا۔ 12 جب تُم زمین پر کھیتیباڑی کرو گے تو تمہیں اِس کی پیداوار* نہیں ملے گی۔ تُم زمین پر مارے مارے پھرو گے اور ایک مفرور شخص کی طرح جیو گے۔“ 13 اِس پر قائن نے یہوواہ سے کہا: ”میری غلطی کی سزا اِتنی سخت ہے کہ مَیں اِسے برداشت نہیں کر پاؤں گا۔ 14 آج تُو مجھے اِس جگہ سے نکال رہا ہے اور مَیں تیرے حضور سے دُور ہو جاؤں گا۔ مَیں زمین پر مارا مارا پھروں گا اور ایک مفرور شخص کی طرح جیوں گا۔ اگر مَیں کسی کے ہاتھ لگ گیا تو وہ ضرور مجھے قتل کر دے گا۔“ 15 تب یہوواہ نے اُس سے کہا: ”اگر ایسی بات ہے تو جو قائن کو قتل کرے گا، اُس سے سات گُنا بدلہ لیا جائے گا۔“
لہٰذا یہوواہ نے ایک نشانی مقرر کی تاکہ قائن کسی کے ہاتھ لگ کر مارا نہ جائے۔ 16 پھر قائن یہوواہ کے حضور سے چلا گیا اور عدن کے مشرق کی طرف نود کے علاقے* میں بس گیا۔
17 بعد میں قائن نے اپنی بیوی سے جنسی تعلق قائم کِیا اور وہ حاملہ ہوئی اور اُس سے حنوک پیدا ہوئے۔ پھر قائن ایک شہر بنانے لگا اور اُس نے اِس شہر کا نام اپنے بیٹے کے نام پر حنوک رکھا۔ 18 بعد میں حنوک سے عیراد پیدا ہوئے؛ عیراد سے محویاایل پیدا ہوئے؛ محویاایل سے متوساایل پیدا ہوئے اور متوساایل سے لمک پیدا ہوا۔
19 لمک کی دو بیویاں تھیں۔ اُس کی پہلی بیوی کا نام عدہ تھا اور دوسری کا نام ضِلّہ تھا۔ 20 عدہ سے یابل پیدا ہوئے جنہوں نے خیموں میں رہنے اور مویشی پالنے کی شروعات کی۔ 21 یابل کے بھائی کا نام یُوبل تھا جنہوں نے بربط* اور بانسری* بجانے کی شروعات کی۔ 22 ضِلّہ سے تُوبلقائن پیدا ہوئے جو تانبے اور لوہے سے ہر قسم کے اوزار بناتے تھے۔ اور تُوبلقائن کی بہن کا نام نعمہ تھا۔ 23 پھر لمک نے اپنی بیویوں عدہ اور ضِلّہ سے یہ الفاظ کہے:
”لمک کی بیویو! میری بات سنو!
میرے لفظوں پر غور کرو:
مَیں نے ایک آدمی کو مار ڈالا جس نے مجھے زخمی کِیا،
ہاں، ایک جوان آدمی کو جس نے مجھ پر وار کِیا۔
24 اگر قائن کا بدلہ 7 گُنا لیا جائے گا
تو لمک کا بدلہ 77 گُنا لیا جائے گا۔“
25 آدم نے پھر اپنی بیوی سے جنسی تعلق قائم کِیا اور اُن کا ایک اَور بیٹا پیدا ہوا۔ حوّا نے اُس کا نام سیت* رکھا کیونکہ اُنہوں نے کہا کہ ”قائن نے ہابل کو قتل کر دیا تھا اور اب خدا نے مجھے اُس کی جگہ ایک اَور اولاد دی ہے۔“* 26 بعد میں سیت کا بھی ایک بیٹا پیدا ہوا جس کا نام اُنہوں نے انوس رکھا۔ اُس وقت لوگوں نے یہوواہ کا نام لینا شروع کِیا۔