پیدائش
25 پھر اَبراہام نے ایک اَور عورت سے شادی کی جس کا نام قطورہ تھا۔ 2 بعد میں قطورہ سے اَبراہام کے بیٹے پیدا ہوئے جن کے نام یہ تھے: زِمران، یُقسان، مِدان، مِدیان، اِسباق اور سُوخ۔
3 یُقسان سے سبع اور دِدان پیدا ہوئے۔
دِدان کے بیٹے یہ تھے: اسوریم، لطُوسیم اور لُومیم۔
4 مِدیان کے بیٹے یہ تھے: عیفہ، عیفر، حنوک، ابیداع اور اِلدعا۔
یہ سب قطورہ کی اولاد تھے۔
5 بعد میں اَبراہام نے اپنا سب کچھ اِضحاق کو دے دیا۔ 6 مگر اُنہوں نے اپنی حرموں سے پیدا ہونے والے اپنے بیٹوں کو تحفے دیے اور اپنے جیتے جی اُنہیں اپنے بیٹے اِضحاق سے دُور مشرق کی طرف یعنی مشرق کے علاقے میں بھیج دیا۔ 7 اَبراہام کی کُل عمر 175 سال تھی۔ 8 اُنہوں نے ایک لمبی اور مطمئن زندگی جی اور عمررسیدہ ہو کر دم توڑا۔ پھر اُنہیں اُن کے باپدادا کی طرح دفنا دیا گیا۔* 9 اُن کے بیٹوں اِضحاق اور اِسماعیل نے اُنہیں ممرے کے سامنے مکفیلہ کی زمین پر موجود غار میں دفن کِیا۔ یہ زمین صُحر حِتّی کے بیٹے عِفرون کی تھی 10 اور اَبراہام نے اِسے حِت کے بیٹوں سے خرید لیا تھا۔ وہاں اَبراہام کو اُن کی بیوی سارہ کے ساتھ دفنایا گیا۔ 11 اَبراہام کی وفات کے بعد بھی خدا اُن کے بیٹے اِضحاق کو برکت دیتا رہا۔ اِضحاق بِیرلحیروئی کے نزدیک رہتے تھے۔
12 یہ اَبراہام کے بیٹے اِسماعیل کی تاریخ ہے جو سارہ کی مصری نوکرانی ہاجرہ سے پیدا ہوئے تھے۔
13 یہ اِسماعیل کے بیٹوں کے نام ہیں جن کا ذکر اُن کے خاندانوں کے حساب سے کِیا گیا ہے: پہلوٹھے بیٹے نِبایوت اور پھر قیدار، ادبیل، مِبسام، 14 مِشماع، دُومہ، مسّا، 15 حدد، تیما، یطور، نفیس اور قِدمہ۔ 16 یہ اِسماعیل کے 12 بیٹے تھے جو اپنے اپنے قبیلوں کے سردار تھے۔ ہر قبیلے کی اپنی بستی اور اپنی خیمہگاہ* تھی جو اُس قبیلے کے سردار کے نام سے کہلاتی تھی۔ 17 اِسماعیل 137 سال زندہ رہے۔ پھر اُنہوں نے دم توڑ دیا اور فوت ہو گئے اور اُنہیں اُن کے باپدادا کی طرح دفنا دیا گیا۔* 18 اِسماعیل کی اولاد حوِیلہ سے لے کر اسور تک آباد تھی۔ حوِیلہ شُور کے نزدیک ہے جو مصر کے قریب ہے۔ وہ اپنے سب بھائیوں کے قریب بس گئے۔*
19 یہ اَبراہام کے بیٹے اِضحاق کی تاریخ ہے۔
اَبراہام سے اِضحاق پیدا ہوئے۔ 20 جب اِضحاق 40 سال کے تھے تو اُن کی شادی رِبقہ سے ہوئی۔ رِبقہ بیتوایل اَرامی کی بیٹی تھیں جو فداناَرام میں رہتے تھے اور لابن اَرامی کی بہن تھیں۔ 21 رِبقہ بانجھ تھیں اِس لیے اِضحاق اُن کے لیے یہوواہ سے اِلتجا کِیا کرتے تھے۔ پھر یہوواہ نے اُن کی اِلتجا سُن لی اور اُن کی بیوی رِبقہ حاملہ ہوئیں۔ 22 رِبقہ کے پیٹ میں موجود بچے ایک دوسرے سے زورآزمائی کرنے لگے۔ اِس لیے اُنہوں نے کہا: ”اگر مجھے اِس طرح سے تکلیف سہنی ہے تو میرے جینے کا کیا فائدہ؟“ پھر اُنہوں نے یہوواہ سے اِس کی وجہ پوچھی۔ 23 یہوواہ نے اُنہیں جواب دیا: ”تمہارے پیٹ میں دو قومیں ہیں اور تمہارے اندر سے دو گروہ نکلیں گے اور الگ ہو جائیں گے۔ اُن دو قوموں میں سے ایک قوم دوسری قوم سے زیادہ طاقتور ہوگی اور بڑا بیٹا چھوٹے کی خدمت کرے گا۔“
24 جب رِبقہ کے حمل کی مُدت پوری ہو گئی تو پتہ چلا کہ اُن کے پیٹ میں واقعی جُڑواں بچے ہیں! 25 جب پہلا بچہ باہر نکلا تو وہ پورے کا پورا سُرخ تھا اور اُس کے جسم پر اِتنے زیادہ بال تھے کہ جیسے اُس نے بالوں سے بنا لباس پہنا ہو۔ اِس لیے اُنہوں نے اُس کا نام عیسُو* رکھا۔ 26 اِس کے بعد اُس کا بھائی باہر نکلا۔ اُس نے اپنے ہاتھ میں عیسُو کی ایڑی پکڑی ہوئی تھی۔ اِس لیے اُس کا نام یعقوب* رکھا گیا۔ عیسُو اور یعقوب کی پیدائش کے وقت اِضحاق 60 سال کے تھے۔
27 جب وہ لڑکے بڑے ہوئے تو عیسُو ایک ماہر شکاری بن گئے۔ وہ زیادہتر باہر رہنا پسند کرتے تھے۔ لیکن یعقوب زیادہ وقت خیموں میں گزارتے تھے۔ وہ ایک بےاِلزام شخص تھے۔ 28 اِضحاق عیسُو سے زیادہ پیار کرتے تھے کیونکہ وہ اُن کے لیے شکار کر کے گوشت لاتے تھے جبکہ رِبقہ یعقوب سے زیادہ پیار کرتی تھیں۔ 29 ایک دن جب عیسُو جنگل سے تھکے ہارے واپس آئے تو یعقوب دال پکا رہے تھے۔ 30 عیسُو نے یعقوب سے کہا: ”مجھے جلدی سے اُس لال لال چیز میں سے تھوڑی سی دے دو جو تُم پکا رہے ہو کیونکہ مَیں بھوک سے مرا جا رہا ہوں!“* اِسی لیے اُنہیں ادوم* بھی کہا جانے لگا۔ 31 عیسُو کی بات پر یعقوب نے کہا: ”پہلے تُم مجھے اپنا پہلوٹھے کا حق بیچو!“ 32 تب عیسُو نے کہا: ”میری تو مرنے والی حالت ہو رہی ہے! بھلا پہلوٹھے کا حق میرے کس کام آئے گا؟“ 33 یعقوب نے کہا: ”پہلے تُم قسم کھاؤ!“ اِس پر عیسُو نے یعقوب سے قسم کھائی اور اُنہیں اپنا پہلوٹھے کا حق بیچ دیا۔ 34 پھر یعقوب نے عیسُو کو روٹی اور دال دی۔ عیسُو نے کھایا پیا اور اُٹھ کر وہاں سے چلے گئے۔ اِس طرح عیسُو نے پہلوٹھے کے حق کو حقیر سمجھا۔