2-کُرنتھیوں
2 مَیں نے فیصلہ کِیا ہے کہ ہماری اگلی ملاقات غم کا موقع نہیں ہوگی۔ 2 کیونکہ اگر مَیں آپ کو غمگین کروں گا تو مجھے کون خوش کرے گا؟ 3 دراصل مَیں نے آپ کو اِس لیے لکھا تھا تاکہ جب مَیں آپ کے پاس آؤں تو مجھے اُن لوگوں کی وجہ سے غمگین نہ ہونا پڑے جن کی وجہ سے اصل میں مجھے خوش ہونا چاہیے۔ کیونکہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کو بھی اُنہی باتوں سے خوشی ملتی ہے جن سے مجھے خوشی ملتی ہے۔ 4 مَیں نے بہت ہی رنجیدہ اور پریشان ہو کر اور آنسو بہا بہا کر آپ کو لکھا۔ مگر میرا مقصد آپ کو غمگین کرنا نہیں تھا بلکہ مَیں چاہتا تھا کہ آپ کو میری محبت کی گہرائی کا احساس ہو۔
5 اگر ایک شخص نے کسی کو غمگین کِیا ہے تو اُس نے صرف مجھے نہیں بلکہ ایک حد تک آپ سب کو غمگین کِیا ہے (لیکن مَیں زیادہ سختی سے بات نہیں کرنا چاہتا)۔ 6 اُس شخص کے لیے وہ سزا کافی ہے جو آپ میں سے زیادہتر نے اُسے دی ہے۔ 7 لیکن اب اُسے دل سے معاف کر دیں اور اُسے تسلی دیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ اپنے غم کے بوجھ تلے دب جائے۔ 8 لہٰذا میری نصیحت ہے کہ آپ اُسے یقین دِلائیں کہ آپ اُس سے پیار کرتے ہیں۔ 9 مَیں یہ اِس لیے لکھ رہا ہوں تاکہ آپ کی فرمانبرداری کا اندازہ لگا سکوں۔ 10 اگر آپ کسی کی خطا معاف کریں گے تو مَیں بھی اُسے معاف کر دوں گا۔ دراصل مَیں نے جو کچھ معاف کِیا ہے، وہ مَیں نے آپ کے فائدے کے لیے مسیح کے حضور معاف کِیا ہے۔ 11 اور ہمیں معاف کرنا بھی چاہیے تاکہ شیطان ہم پر غالب نہ آ سکے* کیونکہ ہم اُس کی چالوں* سے بےخبر نہیں ہیں۔
12 جب مَیں مسیح کے بارے میں خوشخبری سنانے کے لیے تروآس پہنچا تو وہاں مالک کی خدمت کے سلسلے میں میرے لیے دروازہ کُھل گیا۔ 13 لیکن مَیں* بہت ہی بےچین تھا کیونکہ میرے بھائی طِطُس وہاں نہیں آ پائے تھے۔ اِس لیے مَیں نے وہاں کے شاگردوں کو خدا حافظ کہا اور مقدونیہ کے لیے روانہ ہو گیا۔
14 خدا کا شکر ہے کہ وہ ہمیں مسیح کے ساتھیوں کے طور پر فتح کی پریڈ میں شامل کرتا ہے اور ہمارے ذریعے اپنے علم کی خوشبو ہر طرف پھیلاتا ہے۔ 15 کیونکہ جب ہم مسیح کے بارے میں خوشخبری سناتے ہیں تو ہم خدا کے لیے خوشبو کی طرح ہوتے ہیں۔ اِس خوشبو کو وہ لوگ بھی سُونگھتے ہیں جو نجات پائیں گے اور وہ لوگ بھی جو ہلاک ہوں گے۔ 16 لیکن ہلاک ہونے والوں کے لیے یہ موت کی بُو ہے کیونکہ اُن کے لیے یہ موت کا پیغام ہے جبکہ نجات پانے والوں کے لیے یہ زندگی کی خوشبو ہے کیونکہ اُن کے لیے یہ زندگی کا پیغام ہے۔ مگر ایسی خدمت کرنے کے لائق کون ہے؟ 17 ہم اِس لائق ہیں کیونکہ ہم خدا کے کلام سے منافع کمانے* کی کوشش نہیں کرتے جیسا کہ بہت سے لوگ کرتے ہیں بلکہ ہمیں خدا نے بھیجا ہے تاکہ ہم اُسے حاضروناظر جان کر مسیح کے ساتھیوں کے طور پر خلوصِدل سے خوشخبری سنائیں۔