عبرانیوں
4 چونکہ ابھی بھی خدا کے آرام میں شامل ہونے کا وعدہ موجود ہے اِس لیے آئیں، خبردار رہیں،* کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم میں سے کوئی اِس آرام میں شامل ہونے کے لائق نہ ٹھہرے۔ 2 کیونکہ ہمیں بھی خوشخبری سنائی گئی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے ہمارے باپدادا کو سنائی گئی تھی۔ لیکن اُنہوں نے سنی ہوئی باتوں سے فائدہ حاصل نہیں کِیا کیونکہ اُن میں ویسا ایمان نہیں تھا جیسا فرمانبردار لوگوں میں تھا۔ 3 کیونکہ ہم جو ایمان کے مطابق چلتے ہیں، اُس آرام میں شامل ہوتے ہیں جس کے بارے میں اُس نے کہا تھا: ”لہٰذا مَیں نے غصے میں قسم کھائی کہ ”وہ میرے آرام میں شامل نہیں ہوں گے“ “ جبکہ اُس کے کام تو اُس وقت ختم ہو چکے تھے جب دُنیا کی بنیاد ڈالی گئی تھی۔ 4 کیونکہ اُس نے ایک صحیفے میں ساتویں دن کے بارے میں کہا: ”خدا نے اپنے سارے کام کر کے ساتویں دن آرام کِیا۔“ 5 اُس نے یہ بھی کہا کہ ”وہ میرے آرام میں شامل نہیں ہوں گے۔“
6 جن لوگوں کو سب سے پہلے خوشخبری سنائی گئی، وہ اِس آرام میں شامل نہیں ہوئے کیونکہ وہ نافرمان تھے لیکن کچھ لوگ ابھی بھی اِس میں شامل ہو سکتے ہیں۔ 7 اِس لیے اُس نے بڑے عرصے بعد داؤد کے زبور میں ”آج“ کہہ کر ایک دن مقرر کِیا جس کا مَیں پہلے ذکر کر چُکا ہوں یعنی ”آج جب تُم میری آواز سنو تو اپنے دلوں کو سخت نہ کرو۔“ 8 کیونکہ اگر وہ یشوع کی رہنمائی میں اُس آرام میں شامل ہو جاتے تو خدا بعد میں ایک اَور دن کا ذکر نہ کرتا۔ 9 لہٰذا خدا کے بندوں کے لیے ابھی بھی سبت کے دن جیسا آرام موجود ہے۔ 10 کیونکہ جو شخص خدا کے آرام میں شامل ہوتا ہے، وہ اپنے کام ختم کر کے آرام کرتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے خدا نے کِیا۔
11 اِس لیے آئیں، اُس آرام میں شامل ہونے کی پوری کوشش کریں تاکہ ہم میں سے کوئی اُن کی طرح نافرمانی نہ کرنے لگے۔ 12 کیونکہ خدا کا کلام زندہ اور مؤثر ہے اور کسی بھی دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز ہے اور جسم کو چھیدتا ہے اور جان* اور روح* کو اور ہڈیوں* اور گودے کو ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے اور دل کے خیالوں اور اِرادوں کو جانچتا ہے۔ 13 اور کوئی ایسی چیز نہیں جو اُس کی نظر سے چھپی ہے بلکہ جس کو ہم نے حساب دینا ہے، اُس کی نظر میں ساری چیزیں واضح اور بےپردہ ہیں۔
14 چونکہ ہمارا کاہنِاعظم یعنی خدا کا بیٹا یسوع جو آسمان میں داخل ہوا، بہت عظیم ہے اِس لیے آئیں، سب کے سامنے اُس کا اِقرار کرتے رہیں۔ 15 کیونکہ ہمارا کاہنِاعظم ایسا نہیں کہ ہماری کمزوریوں کو نہ سمجھے بلکہ وہ ہر لحاظ سے ہماری طرح آزمایا گیا لیکن گُناہ سے پاک رہا۔ 16 لہٰذا آئیں، اُس خدا کے تخت کے سامنے بِلاجھجک حاضر ہوں جو عظیم رحمت کا مالک ہے تاکہ ہم پر رحم کِیا جائے اور ہمیں ضرورت کے وقت رحمت عطا کی جائے۔