یسعیاہ
35 ویرانہ اور خشک زمین خوش ہوں گے
اور بنجر میدان خوشی منائے گا اور زعفران* کی طرح کِھل اُٹھے گا۔
2 وہ ضرور کِھل اُٹھے گا؛
وہ خوش ہوگا اور خوشی سے للکارے گا۔
لبنان کی عظمت اور کرمِل اور شارون کی شانوشوکت اُسے دی جائے گی۔
لوگ یہوواہ کی عظمت، ہاں، ہمارے خدا کی شان دیکھیں گے۔
3 کمزور ہاتھوں کو توانائی دو
اور لرزتے گُھٹنوں کو مضبوط کرو۔
4 جن کے دل پریشان ہیں، اُن سے کہو:
”مضبوط بنو، ڈرو نہیں۔
دیکھو! تمہارا خدا بدلہ لینے آئے گا؛
خدا سزا دینے آئے گا۔
وہ آئے گا اور تمہیں بچائے گا۔“
5 اُس وقت اندھوں کی آنکھیں کھول دی جائیں گی
اور بہروں کے کان کھول دیے جائیں گے۔
6 اُس وقت لنگڑے ہِرن کی طرح چھلانگیں ماریں گے
اور گونگوں کی زبان خوشی سے للکارے گی
کیونکہ ویرانے میں پانی کے چشمے اور بنجر میدان میں ندیاں پھوٹ نکلیں گی۔
7 جھلسی ہوئی زمین سرکنڈوں والا تالاب بن جائے گی
اور پیاسی زمین سے پانی کے چشمے پھوٹیں گے۔
گیدڑوں کے ٹھکانوں میں جہاں وہ آرام کِیا کرتے تھے،
ہری گھاس، سرکنڈے اور آبی نرسل* اُگیں گے۔
8 وہاں ایک شاہراہ ہوگی،
ہاں، ایک ایسا راستہ جو مُقدس راستہ کہلائے گا۔
کوئی ناپاک شخص اُس پر سفر نہیں کرے گا۔
وہ راستہ صرف اُن لوگوں کے لیے مخصوص ہے جو اُس پر چلتے ہیں؛
کوئی بےوقوف شخص اُس پر پھٹک نہیں پائے گا۔
9 اُس راستے پر کوئی شیر نہیں ہوگا
اور نہ ہی وہاں کوئی وحشی درندہ آئے گا۔
وہ وہاں نہیں ملیں گے؛
صرف وہ لوگ اُس راستے پر چلیں گے جنہیں چھڑایا* گیا ہے۔
10 جن لوگوں کو یہوواہ چھڑائے گا، وہ لوٹیں گے اور خوشی سے للکارتے ہوئے صِیّون آئیں گے۔
کبھی نہ ختم ہونے والی خوشی اُن کے سر کا تاج ہوگی۔
اُنہیں خوشی اور شادمانی ملے گی
اور غم اور آہیں بھاگ جائیں گے۔