عبرانیوں
13 ایک دوسرے سے بہن بھائیوں کی طرح پیار کرتے رہیں۔ 2 مہماننوازی کرنا* نہ بھولیں کیونکہ مہماننواز ہونے کی وجہ سے کچھ لوگوں نے انجانے میں فرشتوں کی خاطرتواضع کی۔ 3 جو قید ہیں، اُن کو ایسے یاد رکھیں جیسے آپ بھی اُن کے ساتھ قید ہوں اور اُن کو بھی یاد رکھیں جن کے ساتھ بدسلوکی ہو رہی ہے کیونکہ آپ بھی گوشت پوست کے اِنسان ہیں۔* 4 شادی کا بندھن سب لوگوں کی نظر میں باعزت ہو اور ازدواجی تعلقات پاک رہیں کیونکہ خدا حرامکاروں* اور زِناکاروں کی عدالت کرے گا۔ 5 آپ کی زندگی سے ظاہر ہو کہ آپ کو پیسے سے پیار نہیں ہے بلکہ آپ اُن چیزوں سے مطمئن ہیں جو آپ کے پاس ہیں۔ کیونکہ اُس نے کہا ہے کہ ”مَیں تمہیں کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ مَیں تمہیں کبھی ترک نہیں کروں گا۔“ 6 اِس لیے ہم پورے اِعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ ”یہوواہ* میرا مددگار ہے۔ مَیں نہیں ڈروں گا۔ اِنسان میرا کیا بگاڑ سکتا ہے؟“
7 اُن کو یاد رکھیں جو آپ کی پیشوائی کر رہے ہیں؛ جنہوں نے آپ کو خدا کے کلام کے بارے میں بتایا ہے۔ اور غور کریں کہ اُن کے کاموں کا کیا نتیجہ نکلتا ہے اور اُن جیسا ایمان پیدا کریں۔
8 یسوع مسیح کل بھی وہی تھے، آج بھی وہی ہیں اور ہمیشہ وہی رہیں گے۔
9 طرح طرح کی عجیب تعلیمات سے گمراہ نہ ہوں۔ بہتر ہے کہ دل کھانوں* سے نہیں بلکہ خدا کی عظیم رحمت سے مضبوط ہو کیونکہ جو لوگ کھانوں کو حد سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اُن کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
10 ہماری ایک قربانگاہ ہے لیکن اُن لوگوں کو اِس سے کھانے کا حق نہیں ہے جو خیمے میں مُقدس خدمت انجام دیتے ہیں۔ 11 کیونکہ جن جانوروں کا خون کاہنِاعظم گُناہ کی قربانی کے طور پر مُقدسترین خانے میں لے جاتا ہے، اُن کی لاشیں خیمہگاہ سے باہر جلائی جاتی ہیں۔ 12 لہٰذا یسوع نے بھی شہر سے باہر تکلیف سہی تاکہ لوگوں کو اپنے خون کے ذریعے پاک کریں۔ 13 تو پھر آئیں، ہم بھی اُن کے پاس خیمہگاہ سے باہر جائیں اور اُن کی رسوائی میں شریک ہوں۔ 14 کیونکہ یہاں ہمارا کوئی شہر نہیں ہے جو قائم رہے گا بلکہ ہم تو اُس شہر کا شدت سے اِنتظار کر رہے ہیں جو آئے گا۔ 15 آئیں، یسوع کے ذریعے خدا کے حضور حمدوستائش کی قربانیاں پیش کرتے رہیں۔ یہی ہمارے ہونٹوں کا پھل ہے کیونکہ اِنہی ہونٹوں سے ہم سب کے سامنے خدا کے نام کا اِقرار کرتے ہیں۔ 16 اور بھلائی کرنا اور اپنی چیزیں دوسروں کے ساتھ بانٹنا نہ بھولیں کیونکہ خدا ایسی قربانیاں پسند کرتا ہے۔
17 اُن لوگوں کے فرمانبردار اور تابعدار ہوں جو آپ کی پیشوائی کرتے ہیں کیونکہ وہ یہ جانتے ہوئے آپ* کی دیکھبھال کرتے ہیں کہ اُن کو اِس کا حساب دینا ہوگا۔ اگر آپ ایسا کریں گے تو وہ خوشی سے آپ کی دیکھبھال کریں گے نہ کہ آہیں بھر کر کیونکہ اِس صورت میں آپ کا نقصان ہوگا۔
18 ہمارے لیے دُعا کِیا کریں کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا ضمیر صاف* ہے اور ہم ہر بات میں ایمانداری سے کام لینا چاہتے ہیں۔ 19 میری خاص طور پر درخواست ہے کہ آپ دُعا کریں کہ مَیں جلد آپ کے پاس آ سکوں۔
20 خدا نے بھیڑوں کے عظیم چرواہے یعنی ہمارے مالک یسوع کو مُردوں میں سے زندہ کِیا جو ابدی عہد کا خون اپنے ساتھ لائے۔ ہاں، خدا جو اِطمینان* کا بانی ہے، 21 آپ کو ہر اچھی چیز مہیا کرے تاکہ آپ اُس کی مرضی پر چلیں۔ وہ یسوع مسیح کے ذریعے ہمیں ایسے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے جو اُسے پسند ہیں۔ خدا کی بڑائی ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔
22 بھائیو، مَیں نے آپ کو مختصر سا خط لکھا ہے۔ مہربانی سے اِس میں لکھی نصیحت پر دھیان دیں۔ 23 اور ہاں، ہمارے بھائی تیمُتھیُس رِہا ہو گئے ہیں۔ اگر وہ جلدی آئے تو مَیں اُن کے ساتھ آپ سے ملنے آؤں گا۔
24 اُن سب کو میرا سلام دیں جو آپ کی پیشوائی کر رہے ہیں اور سب مُقدسوں کو بھی سلام کہیں۔ وہ جو اِطالیہ میں ہیں، آپ کو سلام کہتے ہیں۔
25 دُعا ہے کہ خدا کی عظیم رحمت آپ سب کے ساتھ رہے۔