رومیوں
13 ہر شخص* حاکموں کا تابعدار ہو کیونکہ اِختیار خدا کی طرف سے دیا جاتا ہے۔ حاکموں کے پاس جو اِختیار ہے، وہ اُنہیں خدا سے ملا ہے۔ 2 لہٰذا جو شخص حاکموں کی مخالفت کرتا ہے، وہ خدا کے اِنتظام کی مخالفت کرتا ہے۔ اور جو ایسا کرتا ہے، اُسے سزا ملے گی۔ 3 اچھے کام کرنے والے لوگ حاکموں سے نہیں ڈرتے بلکہ بُرے کام کرنے والے لوگ ڈرتے ہیں۔ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو حاکموں سے ڈرنا نہ پڑے؟ تو اچھے کام کریں۔ پھر آپ کو اُن سے داد ملے گی۔ 4 کیونکہ حاکم خدا کے خادم ہیں اور آپ کے فائدے کے لیے کام کرتے ہیں۔ لیکن اگر آپ بُرے کام کرتے ہیں تو ڈریں کیونکہ اُن کے پاس تلوار بِلاوجہ نہیں ہے۔ وہ خدا کے خادموں کے طور پر اُن لوگوں کو سزا دیتے ہیں جو بُرے کام کرتے ہیں۔
5 اِس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اُن کے تابعدار ہوں اور صرف سزا کے ڈر سے نہیں بلکہ اپنے ضمیر کی وجہ سے بھی۔ 6 آپ اِسی لیے تو ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ خدا کے خادم ہیں جو ہر وقت عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ 7 سب لوگوں کا حق ادا کریں۔ جو ٹیکس مانگتا ہے، اُسے ٹیکس دیں؛ جو خراج مانگتا ہے، اُسے خراج دیں؛ جو احترام* مانگتا ہے، اُسے احترام دیں؛ جو عزت مانگتا ہے، اُسے عزت دیں۔
8 آپ پر کوئی قرض نہ ہو سوائے اِس کے کہ آپ ایک دوسرے سے محبت کریں۔ کیونکہ جو دوسروں سے محبت کرتا ہے، وہ شریعت کو پورا کرتا ہے۔ 9 کیونکہ شریعت کے یہ حکم کہ ”زِنا نہ کرو، قتل نہ کرو، چوری نہ کرو، لالچ نہ کرو“ اور اِن کے علاوہ بھی جتنے حکم ہیں، اُن سب کا خلاصہ یہ ہے کہ ”اپنے پڑوسی سے اُسی طرح محبت کرو جس طرح تُم اپنے آپ سے کرتے ہو۔“ 10 جو محبت کرتا ہے، وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ بُرائی نہیں کرتا اِس لیے محبت شریعت کو پورا کرتی ہے۔
11 یہ سب کچھ اِس لیے کریں کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کس زمانے میں رہ رہے ہیں یعنی وہ وقت آ گیا ہے کہ آپ نیند سے جاگیں۔ کیونکہ جب ہم ایمان لائے تھے تو ہماری نجات اِتنی نزدیک نہیں تھی جتنی کہ اب ہے۔ 12 رات کافی گزر چکی ہے اور دن ہونے والا ہے۔ اِس لیے آئیں، تاریکی کے کاموں کو اُتار پھینکیں اور روشنی کے ہتھیاروں کو پہن لیں۔ 13 آئیں، ہمیشہ شرافت سے زندگی گزاریں جیسے دن کے وقت گزارتے ہیں یعنی غیرمہذب دعوتیں، نشہبازی، لڑائی جھگڑا اور حسد نہ کریں اور ناجائز جنسی تعلقات نہ رکھیں اور ہٹدھرم چالچلن* سے باز رہیں۔ 14 اور آئیں، ہمارے مالک یسوع مسیح کی مثال پر عمل کریں اور جسم کی خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے منصوبے نہ باندھیں۔