باب نمبر ۱۰
یسوع مسیح بُرے فرشتوں سے زیادہ طاقتور ہیں
کیا آپ کو یاد ہے کہ ایک فرشتہ، شیطان کیسے بن گیا؟ ...... وہ غلط سوچ رکھنے لگا۔ وہ چاہتا تھا کہ لوگ اُس کی عبادت کریں۔ اِس لئے وہ خدا کے خلاف ہو گیا۔ کیا دوسرے فرشتوں نے بھی شیطان کا ساتھ دیا؟ ...... یاد ہے، ہم نے سیکھا تھا کہ شیطان کے علاوہ اَور بھی فرشتے بُرے بن گئے تھے۔ بائبل میں اُن کو ”شیطان کے فرشتے“ یا شیاطین کہا گیا ہے۔ (مکاشفہ ۱۲:۹) اور بائبل کی کچھ آیتوں میں اِن کو جِنّات اور بدروحیں بھی کہا گیا ہے۔—استثنا ۳۲:۱۷؛ مرقس ۱:۳۴۔
آپ کے خیال میں کیا بُرے فرشتے مانتے ہیں کہ خدا موجود ہے؟ ...... بائبل میں لکھا ہے کہ ”شیاطین بھی خدا پر ایمان رکھتے ہیں۔“ (یعقوب ۲:۱۹) لیکن وہ خدا سے خوفزدہ بھی ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اُنہوں نے بُرے کام کئے ہیں اور خدا اُن کو سزا دے گا۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ اُنہوں نے کون سے بُرے کام کئے ہیں؟ ...... آئیں، مَیں آپ کو بتاتا ہوں۔
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ یہ فرشتے آسمان پر رہتے تھے۔ اُنہوں نے دیکھا کہ زمین پر خوبصورت عورتیں رہتی ہیں۔ اور وہ اِن عورتوں کے ساتھ جنسی ملاپ کرنا چاہتے تھے۔ اِس لئے وہ آسمان کو چھوڑ کر زمین پر آ گئے اور انسانوں کے طور پر رہنے لگے۔ (پیدایش ۶:۱، ۲؛ یہوداہ ۶) آپ آدمی اور عورت کے جنسی ملاپ کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ ......
آدمی اور عورت ایک خاص طریقے سے جسمانی ملاپ کرتے ہیں۔ اکثر اِس کے نتیجے میں عورت کے پیٹ میں ایک بچہ پلنے لگتا ہے۔ خدا کا حکم ہے کہ صرف وہی مرد اور وہی عورت جنسی ملاپ کر سکتے ہیں جن کی آپس میں شادی ہوئی ہے۔ اِس طرح شوہر اور بیوی دونوں مل کر بچے کی پرورش کر سکتے ہیں۔ لیکن خدا نے فرشتوں کو عورتوں سے جنسی ملاپ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
کچھ فرشتوں نے انسانی جسم اپنا لئے۔ اور پھر اُنہوں نے عورتوں کے ساتھ جنسی ملاپ کِیا۔ اِس کے نتیجے میں اُن کے بچے پیدا ہوئے۔ جب یہ بچے بڑے ہوئے تو اِن کا قد بہت بڑا تھا اور وہ بہت طاقتور تھے۔ اِن کو جبار کہا جاتا تھا۔ وہ دوسرے لوگوں کو مارتےپیٹتے تھے اور تکلیف پہنچاتے تھے۔ خدا نے ایک طوفان کے ذریعے اِن جباروں اور سب بُرے لوگوں کو ختم کر دیا۔ اِس سے پہلے خدا نے اپنے نبی نوح کو ایک بڑی سی کشتی بنانے کا حکم دیا۔ اچھے لوگ اِس کشتی میں چلے گئے اور بچ گئے۔ عظیم اُستاد یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ہمیں اُس طوفان کو یاد رکھنا چاہئے جو نوح کے زمانے میں آیا تھا۔—پیدایش ۶:۳، ۴، ۱۳، ۱۴؛ لوقا ۱۷:۲۶، ۲۷۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ جب طوفان آیا تو بُرے فرشتوں نے کیا کِیا؟ ...... وہ انسانی جسم اُتار کر واپس آسمان پر چلے گئے۔ اب وہ خدا کے فرشتے نہیں رہے بلکہ شیطان کے فرشتے بن گئے۔ کیا آپ کو یاد ہے کہ طوفان میں اِن فرشتوں کے بچوں کے ساتھ کیا ہوا؟ ...... وہ طوفان میں مر گئے۔ اور وہ سب لوگ بھی طوفان میں مر گئے جنہوں نے خدا کا کہنا نہیں مانا تھا۔
طوفان کے بعد خدا نے بُرے فرشتوں کو انسانی جسم اپنانے کی اجازت نہیں دی۔ ہم اِن فرشتوں کو دیکھ تو نہیں سکتے لیکن پھر بھی وہ انسانوں کو بہت ہی بُرے کام کرنے پر اُکساتے ہیں۔ اب وہ زمین پر پہلے سے کہیں زیادہ بُرائی پھیلا رہے ہیں۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ اُنہیں آسمان سے نکال دیا گیا ہے اور زمین پر گِرا دیا گیا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ ہم شیاطین کو کیوں نہیں دیکھ سکتے ہیں؟ ...... شیاطین روحانی جسم رکھتے ہیں اِس لئے ہم اُن کو نہیں دیکھ سکتے۔ پھر بھی ہم جانتے ہیں کہ وہ موجود ہیں۔ بائبل میں لکھا ہے کہ شیطان اور اُس کے فرشتے ”پوری دُنیا میں لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔“ اِس کا مطلب ہے کہ وہ لوگوں کو بُرے کام کرنے پر اُکسا رہے ہیں۔—مکاشفہ ۱۲:۹، ۱۲۔
آپ کے خیال میں کیا شیطان اور اُس کے فرشتے ہمیں بھی گمراہ کر سکتے ہیں؟ ...... اگر ہم خبردار نہیں رہیں گے تو وہ ہمیں بھی گمراہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ہمیں اُن سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عظیم اُستاد یسوع مسیح نے کہا: ”شیطان کا مجھ پر کوئی اختیار نہیں۔“ اگر ہم خدا کے قریب رہیں گے تو وہ ہمیں شیطان اور شیاطین سے بچا کر رکھے گا۔—یوحنا ۱۴:۳۰۔
ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ شیاطین لوگوں کو کون سے بُرے کام کرنے پر اُکساتے ہیں۔ کیا آپ کو یاد ہے کہ جب شیاطین زمین پر آئے تھے تو اُنہوں نے کون سے بُرے کام کئے تھے؟ ...... طوفان سے پہلے شیاطین نے عورتوں سے جنسی ملاپ کِیا تھا۔ لیکن ایسا کرنا فرشتوں کے لئے غلط ہے۔ خدا نے مرد اور عورت کے جنسی ملاپ کے بارے میں کچھ حکم دئے ہیں۔ شیاطین چاہتے ہیں کہ انسان اِن حکموں پر عمل نہ کریں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ جنسی ملاپ کن لوگوں کے لئے جائز ہے؟ ...... خدا کا حکم ہے کہ صرف وہی مرد اور وہی عورت جنسی ملاپ کر سکتے ہیں جن کی آپس میں شادی ہوئی ہو۔
آجکل کچھ لڑکے اور لڑکیاں ایک دوسرے سے جنسی ملاپ کرتے ہیں۔ لیکن یہ غلط ہے۔ جن اعضا سے جنسی ملاپ کِیا جاتا ہے، اِن کو بائبل میں شرمگاہ کہا گیا ہے۔ (استثنا ۲۵:۱۱، ۱۲) لڑکوں کی شرمگاہ ہوتی ہے اور لڑکیوں کی بھی شرمگاہ ہوتی ہے۔ خدا نے اِن جنسی اعضا کو ایک خاص مقصد کے لئے بنایا ہے تاکہ شادیشُدہ لوگ جنسی ملاپ کر سکیں اور بچے پیدا کر سکیں۔ جب لوگ ایسے کام کرتے ہیں جن سے خدا نے منع کِیا ہے تو شیاطین خوش ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب ایک لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کے جنسی اعضا کو چھیڑتے ہیں تو شیاطین بہت خوش ہوتے ہیں۔ ہم تو شیاطین کو خوش نہیں کرنا چاہتے، ہے نا؟ ......
شیاطین اُس وقت بھی بہت خوش ہوتے ہیں جب لوگ ظلم کرتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ظلم کیا ہے؟ ...... جب لوگ دوسروں کو مارتےپیٹتے اور اُن کو تکلیف پہنچاتے ہیں تو اِسے ظلم کہتے ہیں۔ آپ کو یاد ہوگا کہ بُرے فرشتوں کے بچے بھی دوسروں پر ظلم کرتے تھے۔ یہوواہ خدا اُن لوگوں سے نفرت کرتا ہے جو ظلم کو پسند کرتے ہیں۔—زبور ۱۱:۵۔
شیاطین لوگوں کو ڈراتے بھی ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ یہ مانیں کہ مُردے زندہ ہیں۔ اِس لئے شیاطین کبھیکبھی مرے ہوئے لوگوں کے روپ میں دکھائی دیتے ہیں اور اُن کی آواز میں بات کرتے ہیں۔ یوں لوگ اِس دھوکے میں آ جاتے ہیں کہ مُردے زندہ ہیں۔ اِس لئے وہ جنبھوتوں اور چڑیلوں پر ایمان رکھتے ہیں۔
شیطان اور شیاطین ہمیں بھی دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں اِس لئے ہمیں خبردار رہنا چاہئے۔ بائبل میں بتایا گیا ہے: ”شیطان اپنے آپ کو اچھے فرشتے کے طور پر پیش کرتا ہے اور اُس کے خادم بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔“ (۲-کرنتھیوں ۱۱:۱۴، ۱۵) یاد رکھیں کہ شیاطین بہت بُرے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھی اُن کی طرح بُرے بن جائیں۔ آئیں، دیکھیں کہ وہ ہمیں بُرے کام کرنے پر کیسے اُکساتے ہیں۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ شیاطین کن چیزوں کے ذریعے لوگوں کو ظلم کرنے، جنبھوتوں پر ایمان رکھنے اور غلط قسم کا جنسی ملاپ کرنے پر اُکساتے ہیں؟ ...... وہ ٹیوی، فلموں، ویڈیو گیمز، انٹرنیٹ اور کامک کتابوں کے ذریعے لوگوں کو اُکساتے ہیں۔ اکثر اِن چیزوں میں ظلم، غلط قسم کا جنسی ملاپ اور جنبھوت دکھائے جاتے ہیں۔ اگر ہم ایسی باتیں دیکھتے ہیں تو کیا ہم خدا کے دوست ہوں گے یا شیطان اور اُس کے فرشتوں کے؟ ......
آپ کے خیال میں کون چاہتا ہے کہ ہم بُری باتیں سنیں، پڑھیں اور دیکھیں؟ ...... شیطان اور اُس کے فرشتے یہ چاہتے ہیں۔ تو پھر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ ...... ہمیں ایسی چیزیں دیکھنی، سننی اور پڑھنی چاہئیں جن سے ہم یہوواہ خدا کے قریب رہ سکتے ہیں۔ کیا آپ مجھے بتا سکتے ہیں کہ یہ کون سی چیزیں ہیں؟ ......
اگر ہم اچھے کام کریں گے تو ہمیں شیاطین سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یسوع مسیح، شیاطین سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔ شیاطین اُن سے ڈرتے ہیں۔ ایک بار شیاطین نے یسوع مسیح سے پوچھا: ”کیا تُو ہم کو ہلاک کرنے آیا ہے؟“ (مرقس ۱:۲۴) یسوع مسیح جلد ہی شیطان اور اُس کے فرشتوں کو ختم کر دیں گے۔ اُس وقت ہم بہت خوش ہوں گے، ہے نا؟ ...... یاد رکھیں کہ اگر ہم یہوواہ خدا اور یسوع مسیح کے قریب رہیں گے تو وہ ہمیں شیاطین سے بچا کر رکھیں گے۔
شیطان اور شیاطین سے بچنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟ آئیں، اِس سلسلے میں اِن آیتوں کو پڑھیں: ۱-پطرس ۵:۸، ۹ اور یعقوب ۴:۷، ۸۔