سبق نمبر 07
یہوواہ خدا کی ذات کیسی ہے؟
جب آپ یہوواہ خدا کے بارے میں سوچتے ہیں تو آپ کے ذہن میں کیا آتا ہے؟ کیا یہ بات کہ وہ ایک عظیم ہستی ہے لیکن ستاروں کی طرح ہم سے بہت دُور ہے؟ یا کیا یہ بات کہ وہ آسمانی بجلی کی طرح بس ایک طاقت ہے لیکن کوئی حقیقی ہستی نہیں ہے؟ بائبل میں یہوواہ خدا کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟ بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ اُس میں کون کون سی خوبیاں ہیں اور اُسے آپ کی کتنی فکر ہے۔
1. ہم خدا کو دیکھ کیوں نہیں سکتے؟
”خدا روح ہے۔“ (یوحنا 4:24) یہوواہ خدا ویسا جسم نہیں رکھتا جیسا اِنسانوں کا ہوتا ہے۔ وہ روح ہے اور آسمان پر رہتا ہے۔ ہم نہ تو روح کو دیکھ سکتے ہیں اور نہ ہی اُس جگہ کو جہاں خدا رہتا ہے۔
2. یہوواہ خدا کیسی ہستی ہے؟
یہ سچ ہے کہ ہم یہوواہ خدا کو دیکھ نہیں سکتے۔ لیکن وہ ایک حقیقی ہستی ہے جس میں بہت سی شاندار خوبیاں ہیں۔ جب ہم یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھتے ہیں تو ہم اُس سے محبت کرنے لگتے ہیں۔ بائبل میں لکھا ہے: ”[یہوواہ] اِنصاف کو پسند کرتا ہے اور اپنے مُقدسوں کو ترک نہیں کرتا۔“ (زبور 37:28) وہ ”بہت ہی شفیق اور رحیم ہے،“ خاص طور پر اُن لوگوں کے سلسلے میں جو کسی مصیبت سے گزر رہے ہوں۔ (یعقوب 5:11) یہوواہ خدا ”شکستہدلوں [یعنی غم سے چُور لوگوں] کے نزدیک ہے اور خستہ جانوں [یعنی مصیبت کے ماروں] کو بچاتا ہے۔“ (زبور 34:18) اور کیا آپ کو پتہ ہے کہ ہم جو کچھ کرتے ہیں، اُس سے یہوواہ یا تو خوش ہو سکتا ہے یا پھر دُکھی؟ جب کوئی شخص جان بُوجھ کر بُرے کام کرتا ہے تو یہوواہ دُکھی ہوتا ہے۔ (زبور 78:40، 41) لیکن جب کوئی شخص اچھے کام کرتا ہے تو یہوواہ خوش ہوتا ہے۔—امثال 27:11 کو پڑھیں۔
3. یہوواہ خدا یہ کیسے ظاہر کرتا ہے کہ وہ ہم سے پیار کرتا ہے؟
یہوواہ خدا کی سب سے خاص خوبی محبت ہے۔ بائبل میں لکھا ہے: ”خدا محبت ہے۔“ (1-یوحنا 4:8) اِس کا مطلب ہے کہ خدا کی ذات ہی محبت ہے۔ یہوواہ خدا بائبل کے ذریعے بھی ہمارے لیے محبت ظاہر کرتا ہے اور اُن چیزوں کے ذریعے بھی جو اُس نے بنائی ہیں۔ (اعمال 14:17 کو پڑھیں۔) مثال کے طور پر ذرا سوچیں کہ اُس نے ہمیں کس طرح سے بنایا ہے۔ ہم خوبصورت رنگ دیکھ سکتے ہیں، دلکش موسیقی سُن سکتے ہیں اور مزے مزے کے کھانے کھا سکتے ہیں۔ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ خدا چاہتا ہے کہ ہم زندگی کا مزہ لیں۔
موضوع کی گہرائی میں جائیں
جانیں کہ یہوواہ خدا حیرانکُن کام کیسے کرتا ہے۔ پھر دیکھیں کہ یہوواہ خدا دل کو چُھو لینے والی خوبیاں کیسے ظاہر کرتا ہے۔
4. پاک روح خدا کی قوت ہے
جیسے ہم کام کرنے کے لیے اپنے ہاتھوں کو اِستعمال کرتے ہیں ویسے ہی یہوواہ کام کرنے کے لیے اپنی پاک روح کو اِستعمال کرتا ہے۔ بائبل سے پتہ چلتا ہے کہ پاک روح کوئی ہستی نہیں ہے بلکہ یہ ایک قوت ہے جس کے ذریعے خدا فرق فرق کام کرتا ہے۔ لُوقا 11:13 اور اعمال 2:17 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
خدا اُن لوگوں پر پاک روح ”نازل“ کرتا ہے جو اُس سے پاک روح مانگتے ہیں۔ تو پھر کیا پاک روح ایک ہستی ہے یا خدا کی قوت؟ آپ نے جو جواب دیا ہے، اُس کی وجہ کیا ہے؟
یہوواہ خدا اپنی پاک روح کے ذریعے حیرانکُن کام کرتا ہے۔ زبور 104:30 اور 2-پطرس 1:20، 21 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا نے اپنی پاک روح کے ذریعے کون کون سے کام کیے ہیں؟
5. یہوواہ خدا میں ایسی خوبیاں ہیں جو ہمارے دل کو چُھو لیتی ہیں
موسیٰ خدا کے وفادار بندے تھے پھر بھی وہ اُس کے بارے میں اَور زیادہ جاننا چاہتے تھے۔ اِس لیے اُنہوں نے خدا سے کہا: ”مجھ کو اپنی راہ بتا جس سے مَیں تجھے پہچان لوں۔“ (خروج 33:13) اِس پر یہوواہ خدا نے موسیٰ کو اپنی کچھ خوبیوں کے بارے میں بتایا۔ خروج 34:4-6 کو پڑھیں اور پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
یہوواہ خدا نے موسیٰ کو اپنی کن خوبیوں کے بارے میں بتایا؟
یہوواہ خدا کی کون سی خوبیاں آپ کے دل کو چُھو لیتی ہیں؟
6. یہوواہ خدا کو اپنے بندوں کی فکر ہے
عبرانی لوگ ایک زمانے میں خدا کی خاص قوم تھے۔ وہ مصر میں غلام تھے اور اُن پر بہت ظلم ڈھایا جاتا تھا۔ اُن کی تکلیف کو دیکھ کر یہوواہ خدا کو کیسا لگا؟ آڈیو ریکارڈنگ چلائیں اور آیتوں کو ساتھ ساتھ دیکھیں یا خروج 3:1-10 کو پڑھیں۔ پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
اِن آیتوں کے مطابق اِنسانوں کو تکلیف میں دیکھ کر یہوواہ خدا کو کیسا لگتا ہے؟—7 اور 8 آیتوں کو دیکھیں۔
آپ کے خیال میں کیا یہوواہ خدا واقعی اِنسانوں کی مدد کرنا چاہتا ہے اور کیا اُس کے پاس ایسا کرنے کی طاقت ہے؟ اگر ہاں تو کیوں اور اگر نہیں تو کیوں نہیں؟
7. یہوواہ خدا کی بنائی ہوئی چیزوں سے اُس کی خوبیاں ظاہر ہوتی ہیں
جب ہم یہوواہ خدا کی بنائی ہوئی چیزوں پر غور کرتے ہیں تو ہمیں اُس کی خوبیوں کے بارے میں پتہ چلتا ہے۔ ویڈیو چلائیں۔ پھر رومیوں 1:20 کو پڑھیں اور اِس سوال پر باتچیت کریں:
آپ کو یہوواہ خدا کی بنائی ہوئی چیزوں میں اُس کی کون سی خوبیاں نظر آتی ہیں؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”خدا کوئی حقیقی ہستی نہیں ہے۔“
آپ کیا سوچتے ہیں؟
آپ ایسا کیوں سوچتے ہیں؟
خلاصہ
یہوواہ خدا ایک ایسی ہستی ہے جسے ہم دیکھ نہیں سکتے۔ اُس میں بہت سی شاندار خوبیاں ہیں اور اُس کی سب سے خاص خوبی محبت ہے۔
دُہرائی
ہم یہوواہ خدا کو کیوں نہیں دیکھ سکتے؟
پاک روح کیا ہے؟
یہوواہ خدا کی کچھ خوبیوں کے بارے میں بتائیں۔
مزید جانیں
یہوواہ خدا کی چار ایسی خوبیوں کے بارے میں پڑھیں جو سب سے خاص ہیں۔
”خدا کیسی ہستی کا مالک ہے؟“ (”مینارِنگہبانی“ کا مضمون)
اِس بات کے کچھ ثبوتوں پر غور کریں کہ خدا ہر جگہ موجود نہیں ہے۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بائبل میں پاک روح کو خدا کے ہاتھ کیوں کہا گیا ہے۔
ایک نابینا آدمی کو لگتا تھا کہ خدا کو اُس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اِس مضمون میں پڑھیں کہ اُس کی سوچ کیسے بدل گئی۔
”اب مَیں دوسروں کی مدد کر رہا ہوں“ (مینارِنگہبانی، نمبر 1 2016ء)